Inquilab Logo

مہاراشٹر جزوی طور پر بند، صرف ضروری خدمات جاری رہیں گی

Updated: March 21, 2020, 9:02 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

آج سے ممبئی، نوی ممبئی، پونے ، پمپری چنچوڑ اور ناگپور میں  دفاتر کے ساتھ دکانیں  بھی بند، سرکاری دفتروں میں  حاضری گھٹاکر ۲۵؍ فیصد کردی گئی، عوام سے گھروں  میں  رہنے کی اپیل ، لوکل ٹرین، بسیں  ، مالیاتی ادارے اوربینک بند نہیں  کئے جائیں گے، اُدھو ٹھاکرے کی وزیراعظم مودی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ ، کورونا سےمتاثرہ مہاراشٹر دوسرے اسٹیج پر پہنچ گیا، تیسرے پر نہ پہنچنے دینے کا عزم ۔

Uddhav Thackeray. Photo PTI
ادھو ٹھاکرے۔ تصویر: پی ٹی آئی

  کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مزید سخت قدم اٹھاتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے سنیچر سے ممبئی ، پونے پمپری ،چنچوڑ اور ناگپور میں ضروری اشیا ءکی دکانوں کو چھوڑ کر دیگر سبھی دکانیں ، ادارے اورنجی دفاتر ۳۱؍ مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری دفاتر میں  بھی حاضری گھٹا کر ۲۵؍ فیصد کر دی گئی ہے۔ سنیچر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ان سے گھر میں ہی رہنے کی درخواست کی۔ کورونا وائرس ’کووِڈ- ۱۹‘ سےمتاثرہ مہاراشٹر کے دوسرے اسٹیج پر پہنچ جانے سے فکر مند وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست کو تیسرے اسٹیج پرنہیں پہنچنے دیا جائےگا۔ 
پندرہ سے۲۰؍ دن احتیاط برتنا پڑیگا: اُدھو
 سنیچر کو عوام سے خطاب کرتے ہوئے اھو ٹھاکرے نے کہاکہ ’’عام طور پر شہری اپنی روز مرہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور زندہ رہنے کیلئے دوڑ بھاگ اور جدو جہد کرتےہیں لیکن بدقسمتی سے آج ایسے حالات آ گئے ہیں کہ زندہ رہنے کیلئے گھر وں میں رہنا ہی زیادہ محفوظ ہے۔‘‘ ہمیں ۱۵؍ تا ۲۰؍ دنوں تک مزید احتیاط برتنا ہے تاکہ کورونا وائرس سے جاری جنگ میں ہم اسے شکست دے سکیں ۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کمپنی مالکان اور آجروں  سے درخواست کی کہ بند کے دوران ملازمین کو کم از کم تنخواہ ضرور دی جائے تاکہ ان کی کفالت کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔
ذرائع آمدورفت اور بینک بند نہیں  ہوں گے
 ریاستی حکومت کے ذرائع سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیاہے ۳۱؍ مارچ تک شہروں میں جو دکانیں اور کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ان میں بینک اور مالیاتی اداروں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے ماتحت بینک اور مالیاتی ادارے حسب معمول کام کریں گے ۔ اسی طرح ضروری خدمات کو بھی اس سے مستثنیٰ  رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے اعلان کیا ہے کہ لوکل ٹرین بند کرنے کا فیصلہ انتہائی مجبوری کی صورت میں  کیا جائےگا۔ 
وزیراعظم سے جانچ مراکز بڑھانے کا مطالبہ
 وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے سنیچر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کی اور بتایا کہ مہاراشٹر فی الحال دوسرے مرحلے میں ہے اور تیسرے مرحلے میں نہ پہنچ جائے اس کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جارہاہے۔ انہوں  نے کہا کہ ان اقدامات میں تیزی لانے کیلئے روک تھام اور علاج کی سہولتیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔خصوصاً کورونا وائرس کی جانچ کے مراکز اور لیباریٹریزبڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ۲۲؍ مارچ سے بین الاقوامی ہوائی اڈے (ممبئی ، پونے اور ناگپور)کو بند کیا جائے گا۔تب تک ملک میں ۲۰؍ تا ۲۵؍ ہزار مزید مسافر مہاراشٹر اور ملک میں داخل ہوں گے۔انہیں انتہائی تنہائی والے کمرے(کوارنٹائن) میں رکھنا ہوگا اور متاثرین کا علاج بھی کرنا پڑے گا۔اسی اعتبار سے جانچ اور علاج کی سہولتیں بھی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال ریاست میں تمام طبی سہولیات میسر ہیں لیکن مستقبل میں اور بھی اضافی سہولیات دسیتاب ہوں گی۔ علاج کے لئے ادویات اور وینٹی لیٹرس کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کی بھی ضرورت ہوگی اس کیلئے وزیر اعلی نے درخواست کی ہے کہ ضرورت ہونے پر فوجی اسپتالوں کی مدد مہیا کرائی جائے ۔
 ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں متاثرین کی تعداد ۲۱؍ ہوگئی
 ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد جمعہ کو بڑھ کر ۲۱؍ ہوگئی ہے۔ جمعہ کو مہاراشٹر میں جن ۴؍ نئے مریضوں  کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے ۳؍ کا تعلق ممبئی میٹروپولیٹن ریجن سے ہے۔ ا ن میں سے ۲؍ کا تعلق ممبئی سے اور ایک کاتعلق کلیان سے ہے۔ بی ایم سی کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ہیلتھ دکشا سنگھ نے بتایا ہے کہ ممبئی میں  کورونا وائرس ’کووِڈ-۹‘ کے مریضوں  کی کل تعداد ۱۱؍ پہنچ گئی ہے جن میں  ۱۷؍ مارچ کو جاں  بحق ہونےوالا معمر شہری بھی شامل ہے۔ انہوں  نے متنبہ کیا ہے کہ ’’ہر روز ممبئی میں  ایک سے دو مریض کی تصدیق ہورہی ہے۔ اکثر بیرون ملک کا سفر کرچکےہیں مگر چار پانچ ایسے ہیں  جو متاثرہ افراد کے رابطے میں  آنے سے متاثر ہوئے ہیں اس لئے ہم کہہ رہے ہیں  کہ اہل خانہ اور قریبی دوستوں  کے متاثر ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔‘‘انہوں  نے بتایا کہ جمعہ کو جس ۶۲؍ سالہ شخص کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے وہ امریکہ سے لوٹا ہے۔اسے بلڈ پریشر، ذیابیطس اور کینسرہےاس لئے وہ خطرہ میں  ہے۔‘‘لال باغ ( ایف/نارتھ) میں رہنے والا ۳۸؍ سالہ شخص ۱۴؍ مارچ کو ترکی سے اور کلیان میں رہنے والا ۵۳؍ سالہ شخص دبئی سے آئے ہیں ۔کلیان کا مریض ۱۴؍ مارچ کو آیا تھا مگراس میں  کورونا کی علامتیں  ۱۹؍ مارچ کو ظاہر ہوئیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK