۱۷؍سیٹوں میں سے ۱۱؍ پر بی جے پی، ۴؍ پر شندے سینا اور ۲؍ پر این سی پی اجیت پوار اپنے امیدوار اتارے گی، باقاعدہ اعلان جلد ہوگا۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 11:16 AM IST | Mumbai
۱۷؍سیٹوں میں سے ۱۱؍ پر بی جے پی، ۴؍ پر شندے سینا اور ۲؍ پر این سی پی اجیت پوار اپنے امیدوار اتارے گی، باقاعدہ اعلان جلد ہوگا۔
مہاراشٹر لیجسلیٹیو کاؤنسل (ودھان پریشد) انتخابات کے پیش نظر مہاراشٹر کے حکمراں اتحاد ’مہایوتی ‘ میں بھی نشستوں کی تقسیم کا حتمی فارمولا بالآخر طے ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹوں کا مجوزہ فارمولے کے تحت بی جے پی نے اپنے حصے میں ۱۱؍ سیٹیں رکھی ہیں جبکہ اس کی اتحادی پارٹیوں شیوسینا (شندے) ۴؍ اور این سی پی (اجیت پوار) کو ۲؍ نشستیں دی گئی ہیں۔ دھیان رہے کہ ودھان پریشد کی ۱۷؍ سیٹوں کیلئے ۱۸؍جون ۲۰۲۶ء کو انتخابات ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، نشستوں کی تقسیم کے دوران چند اہم حلقوں پر جاری اختلافات بھی حل کر لیے گئے ہیں۔ ناسک کی سیٹ پر شیوسینا(شندے) اپنا امیدوار اتارے گی۔ اورنگ آباد (چھترپتی سمبھاجی نگر ) کی نشست بی جے پی کے حصے میں آئی ہے۔ جبکہ رائے گڑھ کی نشست این سی پی (اجیت پوار) کو دی گئی ہے۔ مقامی خود مختار اداروں کے حلقوں سے ہونے والے ودھان پریشد انتخابات کیلئے مہایوتی میں نشستوں کی تقسیم پر طویل رسہ کشی اور مختلف نشستوں پر دعوؤں کے بعد۱۷؍ نشستوں کے لیے تینوں پارٹیوں کے درمیان اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ حتمی فارمولے کے مطابق این سی پی ایک اضافی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ سات نشستوں کا مطالبہ کرنے والی شیوسینا کو چار نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ بی جے پی کے حصے میں شولاپور، جلگاؤں، گوندیا بھنڈارا، گڈچرولی چندرپور وردھا، امراوتی، بیڑ لاتور عثمان آباد، ناگپور، جالنہ چھترپتی سمبھاجی نگر، اہلیہ نگر، ستارا، سانگلی آئی ہیں۔
شیوسینا (شندے گروپ) کے حصے میں تھانے، ناسک، پربھنی اور ایوت محل سیٹیں آئی ہیں۔ جبکہ این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے حصے میں کوکن اور پونے کی سیٹیں آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کرلا: ٹیکسی مینس کالونی اسکائی واک جون میں عوام کیلئے شروع ہوگا
انتخابات کیوں ہو رہے ہیں ؟
ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات نہ ہونے کے باعث ان حلقوں سے منتخب ہونے والے اراکین قانون ساز کونسل کی مدت ختم ہو چکی تھی، لیکن نئے انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔ نتیجتاً گزشتہ تقریباً ڈھائی برس سے یہ نشستیں خالی تھیں۔
دھیان رہے کہ اس الیکشن کیلئے مہا وکاس اگھاڑی ( ایم وی اے ) کی تین اہم پارٹیوں کانگریس، شیو سینا ( ادھو) اور این سی پی (شرد) کے اہم لیڈروں کی میٹنگ جمعہ کو منعقد کی گئی تھی جس میں ان سیٹوں کی تقسیم پر تبادلۂ خیال ہوا تھا اور ۱۵؍ سیٹوں پر اتفاق رائےقائم ہوچکا ہے۔ کہا گیا تھا کہ باقی ۲؍سیٹوں پر جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ان ۱۷؍ سیٹوں میں سے ۸؍ پر کانگریس، ۴؍ سیٹوں پر شیو سینا ( ادھو) اور ۳؍ سیٹوں پر این سی پی(شرد) پوار اپنا امیدوار اتارے گی۔ اس کی تصدیق مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کی تھی۔ کانگریس کے ریاستی صدر کے بقول کانگریس پارٹی چندر پور، ایوت محل، بھنڈارا، امراوتی، احمد نگر(اہلیانگر)، شولاپور، عثمان آباد (دھارا شیو)، لاتور، بیڑ اور ناگپور (ضمنی الیکشن) سیٹوں پر امیدوارکھڑا کرے گی جبکہ این سی پی (شرد) پونے، تھانے اور سانگلی-ستارا اِن ۳؍سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اور شیو سینا (اُدھو ) ۴؍ سیٹوں (رائے گڑھ، جلگاؤں، پربھنی-ہنگولی اور اورنگ آباد(چھترپتی سمبھاجی نگر))پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ انہو ں نے مزید بتایاتھا کہ ناندیڑ اور ناسک کی سیٹ پر بات چیت جاری ہے۔