Inquilab Logo Happiest Places to Work

دفاعی چمپئن کوکو گاف بھی فرینچ اوپن سے باہر ہوگئیں

Updated: June 01, 2026, 12:22 PM IST | Paris

امریکی ٹینس کھلاڑی کو اناستاسیا پوٹاپووا نے شکست دی، سبالینکا آخری ۱۶؍میں داخل۔

Marta Kostyuk showed great play to defeat Iga Swatik. Photo: INN
مارتا کوستیوک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایگا سواتیک کو شکست دے دی۔ تصویر: آئی این این

دفاعی چمپئن کوکو گاف کا فرینچ اوپن خطاب بچانے کا سفرتیسرے راؤنڈ میں ختم ہو گیا، جبکہ ٹاپ سیڈ آریانا سبالینکا اور ۴؍ بار کی فاتح ناؤمی اوساکا نے جیت حاصل کر کے راؤنڈ آف ۱۶؍ کے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے لئے جگہ پکی کر لی ہے، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔ 
۲۲؍ سالہ چوتھی سیڈ گاف کو ۲۸؍ویں سیڈ اناستاسیا پوٹاپووانے ۶۔ ۴، ۶۔ ۷، ۴۔ ۶؍سے شکست دی۔ گاف نے آخری سیٹ کا اہم ترین ۱۰؍واں گیم ایک ڈبل فالٹ اور ایک ان فورسڈ ایرر (غلطی) کی وجہ سے گنوا دیا اور انہیں ۶؍ سال قبل پیرس میں اپنے ڈیبیو کے بعد سب سے جلدی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تلخ سچائی کا سامنا کرنا پڑا۔ گاف نے اس شکست کے بعد کہا ’’وہ اہم پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور میں ایسا نہیں کر سکی۔ ‘‘ انہوں نے اس ہار اور روم اوپن میں اپنی حالیہ شکست کے درمیان یکسانیت بتاتے ہوئے کہا’’میں بس کچھ اچھے شاٹس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ ‘‘
دوسری طرف دنیا کی نمبر ون کھلاڑی آریانا سبالینکا نے آسٹریلیا کی ڈاریا کساٹکینا کو صرف ۷۶؍منٹ میں ۵۔ ۷، ۰۔ ۶؍ سے یکطرفہ شکست دے دی۔ اب اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ جاپان کی ۱۶؍ویں سیڈ ناؤمی اوساکا سے ہوگا، جنہوں نے تقریباً ۳؍ گھنٹے تک چلے طویل مقابلے میں ۱۸؍ سالہ امریکی کھلاڑی ایوا جووچ کو ہرایا۔ سبالینکا نے اوساکا کیخلاف ہونے والے اس بڑے مقابلے کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا’’میں اس میچ کیلئے اور اسے جیتنے کیلئے تیار ہوں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: فرینچ اوپن: نوواک جوکووچ کی شکست، نیا گرینڈ سلیم چمپئن ملنا طے

ایگا سواتیک کی شکت
یوکرین کی مارتا کوستیوک نے اتوار کو فریچ اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں ۴؍ بار کی چمپئن اور عالمی نمبر ۳؍ ایگا سواتیک کو۵۔ ۷، ۱۔ ۶؍ سے شکست دے کر ان کی سالگرہ کی خوشیوں کو پھیکا کر دیا۔ عالمی درجہ بندی میں ۱۵؍ویں نمبر پر موجود مارتا کوستیوک رواں سیزن میں کلے کورٹ پر شاندار فارم میں ہیں۔ وہ ڈبلیو ٹی اے ۱۰۰۰؍ میڈرڈ اوپن اور ڈبلیو ٹی اے ۲۵۰؍ اوپن ڈی روئن کے خطابات جیت چکی ہیں اور ۲۰۲۶ءمیں اب تک کلے کورٹ پر ناقابلِ شکست ہیں۔ اس فتح کے ساتھ ان کی مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ ۱۵؍ میچوں تک پہنچ گیا ہے۔ ۲۳؍ سالہ مارتا کوستیوک اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ رولاں گیروں کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا’’میں اب بھی حیران ہوں کہ میں نے ایسی غیر معمولی کھلاڑی کو شکست دی ہے جس نے یہاں ۴؍ مرتبہ خطاب جیتا ہے۔ اس سے پہلے میں ان سے ۴؍بار ہار چکی تھی اور کبھی ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکی تھی۔ ‘‘
پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور ساتویں گیم تک دونوں اپنی سروس برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔ اس مرحلے پر ایگا سواتیک نے کوستیوک کی سروس بریک کر کے برتری حاصل کی لیکن یوکرینی کھلاڑی نے فوری واپسی کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔ بعد ازاں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کی سروس بریک کی تاہم مارتا کوستیوک نے اہم مواقع پر اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی سروس برقرار رکھی اور سواتیک دباؤ بناکر سیٹ اور میچ جیت لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK