ویبھو سوریہ ونشی، راسخ سلام، انگکرش رگھو ونشی، پرنس یادو اور ثاقب حسین جیسے نوجوان کھلاڑیوں نے موجودہ آئی پی ایل میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 12:23 PM IST | New Delhi
ویبھو سوریہ ونشی، راسخ سلام، انگکرش رگھو ونشی، پرنس یادو اور ثاقب حسین جیسے نوجوان کھلاڑیوں نے موجودہ آئی پی ایل میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔
آئی پی ایل ۲۰۲۶ءکا فائنل اتوار کو احمد آباد میں کھیلا گیا۔ اس پورے ٹورنامنٹ میں ہر بار کی طرح اس بار بھی کئی ایسے چہرے سامنے آئے جنہیں اس آئی پی ایل سے قبل کوئی جانتا نہیں تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے ثابت کر دیا کہ وہ ہندوستان کے مستقبل کے اسٹار کھلاڑوں میں شامل ہونے کی صلاحیت اور قابلیت رکھتے ہیں۔ اس سیزن میں کئی اَن کیپڈ کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے ٹیموں کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ویبھو سوریہ ونشی، پرنس یادو، پرفل ہنگے اور ثاقب حسین جیسے نوجوان کھلاڑی سرخیوں میں رہے۔ اس رپورٹ میں ایسےکئی اَن کیپڈ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے کئی سینئر اور بھاری قیمت کے عوض ٹیموں میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں سے زیادہ شہرت کمائی اور اپنی ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چند ایسے ہی کھلاڑیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں جو بہت جلد ہندوستان کےلئے اپنا پہلا میچ کھینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: وراٹ کوہلی کی نصف سنچری،رائل چیلنجرز بنگلورو دوسری بار آئی پی ایل چیمپئن بنا
ویبھو سوریہ ونشی (راجستھان رائلز): بہار کے ۱۵؍ سالہ لیفٹ ہینڈ بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نےاس آئی پی ایل میں ریکارڈز کی جھڑی لگا دی۔ ویبھو نے۱۶؍میچوں میں ۷۷۶؍ رن بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ۲۳۷ء۳۰؍ کا رہا جبکہ انہوں نے ایک سنچری اور ۵؍ نصف سنچریاں بنائیں۔ ویبھو نے ۲۰؍ یا اس سے کم گیندوں میں ۵؍ مرتبہ ہاف سنچری بنائیں۔ اس سیزن انہوں نے ۳۶؍ گیندوں میں سنچری بنائی۔ تاہم ان کی سب سے یادگار کارکردگی پلے آف کے الیمینیٹرمیچ میں آئی، جب انہوں نے حیدرآباد کے خلاف محض ۲۹؍گیندوں پر ۹۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے اس آئی پی ایل میں ۷۲؍چھکے بھی مارے۔
انگکرش رگھوونشی (کولکاتا نائٹ رائیڈرز): دہلی میں پیدا ہونے والے انگکرش رگھوونشی۱۱؍ سال کی عمر میں ممبئی آ گئے تھے۔ یہاں انہوں نے گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی مظاہرہ کیا۔ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کولکاتا نے آئی پی ایل ۲۰۲۴ء کے آکشن میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ انگکرش نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں ۱۳؍ میچوں میں ۴۲۲؍ رن بنائے جن میں ۵؍ نصف سنچریاں شامل تھی۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ۱۴۶ء۵۲؍ رہا۔
پرنس یادو (لکھنؤ سپر جائنٹس): دہلی کے ۲۴؍سالہ تیز گیند باز پرنس یادو نے اس سیزن یارکر گیندوں سے اپنی پہچان بنائی۔ پرنس کے لئے اس سیزن کا سب سے یادگار لمحہ تب آیا، جب انہوں نے اپنی تیز گیند پر وراٹ کوہلی کو کلین بولڈ کر دیا۔ آئی پی ایل ۲۰۲۶ءمیں پرنس نے ۱۴؍میچوں میں ۱۶؍ وکٹیں لیں۔ ان کی اکانومی ریٹ۸ء۸۲؍رہا جبکہ بہترین کارکردگی ۳۲؍ رن دے کر ۳؍وکٹ رہی۔ نئی گیند اور ڈیتھ اوورز دونوں میں انہوں نے گہرا اثر چھوڑا۔
یہ بھی پڑھئے: اسٹار ایتھلیٹ پوجا سنگھ نے ہائی جمپ کا قومی ریکارڈ توڑ کرگولڈ میڈل حاصل کیا
راسخ سلام (رائل چیلنجرز بنگلور)جموں و کشمیر کے ۲۵؍ سالہ تیز گیند باز راسخ سلام کا کرکٹ سفر جدوجہد، تنازعات اور شاندار واپسی کی کہانی رہا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے ۲۰۲۵ء میں انہیں میدان پر اتارے بغیر ہی ۶؍ کروڑ روپے میں ریٹین کیا تھا۔ فرینچائزی کے اس بھروسے کو راسخ سلام نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ءمیں شاندار کارکردگی سے سچ ثابت کیا۔ انہوں نے ۱۱؍میچوں میں ۱۶؍ وکٹیں لیں اور نئی گیند سے لے کر ڈیتھ اوورز تک مؤثر گیند بازی کی۔ اس سیزن میں لکھنؤ کے خلاف راسخ نے آئی پی ایل کریئر کا اپنا بہترین اسپیل ڈالا۔ انہوں نے ۲۴؍ رن دے کر ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔ راسخ سلام نے بنگلور ٹیم میں بھونیشور کمار اور جوش ہیزل ووڈ جیسے ورلڈ کلاس گیندبازوں کی موجودگی کے باوجود اپنا الگ مقام بنایا۔
ثاقب حسین (سن رائزرز حیدرآباد): بہار کے گوپال گنج کے رہنے والے ۲۱؍ سالہ تیز گیند باز ثاقب حسین نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے دم پر پہچان بنائی۔ کوسن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے آکشن میں ۳۰؍لاکھ روپے میں ان پر داؤ لگایا اور ثاقب نے اس بھروسے کو پوری طرح صحیح ثابت کیا۔ ثاقب نے اپنی سوئنگ، یارکر اور سلو گیندوں سے بلے بازوں کو مسلسل پریشان کیا۔ انہوں نے ۱۱؍ میچوں میں ۱۵؍وکٹیں حاصل کیں۔ ثاقب نے راجستھان کے خلاف اپنے آئی پی ایل ڈیبیو کو یادگار بنا دیا، جہاں انہوں نے ۲۴؍ رن دے کر ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز کے خلاف انہوں نے شیوم دوبے کو کلین بولڈ کر کے اپنی قابلیت دکھائی جبکہ سیزن کے آخر میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف وراٹ کوہلی کی وکٹ لے کر خوب سرخیاں بٹوریں۔
ان کھلاڑیوں کے علاوہ آیوش مہاترے، مکل چودھری، پرفل ہنگے، برجیش شرما اور یش راج پُنجہ نے بھی اس آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔