Inquilab Logo

دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں نقلی دوائیں،وجیلنس ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ

Updated: December 24, 2023, 8:31 AM IST | Agency | New Delhi

لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سیکریٹری کوتحقیقات کی ہدایت دی،سی بی آئی سے چانچ کرانےکا حکم، منوج تیواری کی کیجریوال پر تنقید۔

Lieutenant Governor of Delhi VK Saxena. Photo: INN
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ۔ تصویر : آئی این این

وجیلنس ڈپارٹمنٹ نے ایک رپورٹ میں کہا ہےکہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں جعلی دوائیں ہیں۔ اس پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سیکریٹری نریش کمار کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرائی جائے۔اس معاملے پر بی جے پی کی جانب سے منوج تیواری اور وریندر سچدیوا نے پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جعلی ادویات کے تاجر ہیں۔ان کی ہر چیز جعلی ہے۔ ساتھ ہی وریندر سچدیوا نے کہا کہ  آپ  لیڈروں کی بدعنوانی کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں۔ یہ پارٹی پیسے کی بھوکی ہے۔
وی کے سکسینہ کا چیف سیکریٹری کو خط
 لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سیکریٹری کو لکھے خط میں کہاہےکہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں لاکھوں مریضوں کو یہ جعلی ادویات دی جارہی ہیں اور شاید محلہ کلینک میں بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔انہوں نے ادویات کی خریداری میں ہونے والے اخراجات پر تشویش کا اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ دیگر ریاستوں کے سپلائرز اور مینوفیکچررز بھی اس دھاندلی میں ملوث ہیں۔
 سکسینہ نے وجیلنس ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری لیبارٹری کو بھیجے گئے۴۳؍ نمونوں میں سے۳؍ نمونےکوالٹی ٹیسٹ میں ناکام رہے ہیں، جبکہ۱۲؍کی رپورٹ آنا باقی ہے۔اس کے علاوہ نجی لیب کو دیے گئے ۴۳؍نمونوں میں سے۵؍ نمونے معیار پر پورا نہیں اترے۔ وجیلنس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چونکہ۱۰؍فیصد نمونے کوالیٹی ٹیسٹ میں ناکام ہوئے ہیں، اس لیے نمونے لینے کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
’ آپ کی حکومت آنے سے دہلی کے لوگوں کی متوقع عمر کم ہو گئی ہے‘
 پریس کانفرنس میں منوج تیواری نے کہا کہ کیجریوال سب سے کم وقت میں کرپشن میں نام کمانے والے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ دہلی کےلوگوں کی عمر۱۲؍سال کم ہوگئی ہے۔کیجریوال نے۲۴؍نومبر ۲۰۱۲ءکو ٹویٹ کیا تھا کہ جب کوئی لیڈرای ڈی، سی بی آئی کے سمن کا احترام نہیں کرتا تو میرا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔یہاں ای ڈی نے کیجریوال کو تیسرا سمن دیا ہے، لیکن وہ پیش نہیں ہو رہے ہیں۔ وہ جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ جعلی، جعلی شخصیت، جعلی ادویات ہیں۔ اصل چیز صرف کرپشن اور دہلی کی آلودگی ہے۔منوج نے کہا کہ وہ کسی بھی طرح سے عوام سے صحت کی خدمات بندکرناچاہتےہیں۔ دہلی میں آیوشمان اسکیم نہیں ہے۔ یہ لوگ عوام کے دشمن بنےہوئےہیں۔ ہم دہلی میں انتظامات کے سلسلے میں چھٹھ کمیٹیوں، مندر کمیٹیوں، رام لیلا کمیٹیوں کے پاس جائیں گے۔ ہمیں دہلی کو بچانا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK