Inquilab Logo Happiest Places to Work

جون میں ملک کی نجی کمپنیوں نے ترقی کی

Updated: June 24, 2025, 11:22 AM IST | Agency | New Delhi

ایچ ایس بی سی - ایس اینڈ پی گلوبل کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ۱۴؍ ماہ کی بلند ترین نمو، نئے آرڈرس اور بین الاقوامی مانگ نے رفتار دی۔

The manufacturing sector continued to thrive. Image: INN
مینوفیکچرنگ شعبے میں ترقی نما یاں رہی۔ تصویر: آئی این این

جون۲۰۲۵ء میں، ہندوستان کے نجی شعبے (یعنی نجی کمپنیوں) نے گزشتہ ۱۴؍ مہینوں میں سب سے تیزی سے ترقی کی ہے۔ اس کی وجہ نئے ملکی اور بین الاقوامی آرڈرس میں تیزی سے اضافہ تھا۔ یہ معلومات ایچ ایس بی سی اور ایس اینڈ پی گلوبل کے ذریعہ کئے گئے سروے (فلیش انڈیا کمپوزٹ پی ایم آئی) میں سامنے آئی ہے۔
پی ایم آئی بڑھ کر۶۱؍ ہو گیا 
 انڈیا کمپوزٹ پی ایم آئی  جون میں بڑھ کر۶۱؍ ہو گیا، جو مئی میں۵۹ء۳؍ تھا۔ یہ انڈیکس مینوفیکچرنگ اور سروس سیکٹر کی کل سرگرمیوں کی پیمائش کرتا ہے۔ اگر یہ تعداد۵۰؍ سے اوپر ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کاروبار میں ترقی ہوئی ہے۔ یہ مسلسل۴۷؍ واں مہینہ ہے جب یہ انڈیکس ۵۰؍ سے اوپر رہا ہے۔خیال رہے کہ ایچ ایس بی سی فلیش انڈیا مینوفیکچرنگ پی ایم آئی  جون میں بڑھ کر۴ء۵۸؍ ہو گیا جو مئی میں۶ء۵۷؍ تھا۔  اپریل ۲۰۲۴ء کے بعد سے یہ بہترین کارکردگی ہے۔ نئے آرڈرس، پیداوار، روزگار اور انوینٹری جیسے عوامل میں بہتری دیکھی گئی ہے۔امید کی جارہی ہے کہ ترقی ایسے ہی جاری رہے۔ 
 سروس سیکٹر بھی اپنی رفتار پکڑ رہا ہے 
 سروے میں کہا گیا ہے کہ سروس سیکٹر کی ترقی مینوفیکچرنگ کے مقابلے میں قدرے کم تھی لیکن وہاں بھی بہتری آئی ہے۔ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، کارکردگی اور مانگ نے پیداوار میں اچھی چھلانگ لگائی ہے۔ ایچ ایس بی سی کے چیف انڈیا اکنامسٹ  پرنجول بھنڈاری نے کہا کہ ہندوستان کے نجی شعبے نے جون میں خاص طور پر مینوفیکچرنگ میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ اس کے پیچھے بین الاقوامی مانگ اور آرڈرس میں اضافہ ایک بڑی وجہ ہے۔ سروے میں کہا گیا کہ آرڈر بیک لاگ اور ڈیمانڈ میں اضافے کی وجہ سے کمپنیوں نے جون میں نئی ​​بھرتی کی۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں کل وقتی اور جز وقتی ملازمتوں میں اضافہ ہوا، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ سروس سیکٹر میں ملازمتیں تھوڑی کمزور رہیں لیکن مثبت رجحان جاری ہے۔
قیمتیں اب بھی بڑھ رہی ہیں 
 مینوفیکچرنگ اور سروس کے شعبوں میں ان پٹ اور آؤٹ پٹ دونوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، لیکن ان میں اضافے کی رفتار کچھ کم ہو گئی ہے۔ اس سے مہنگائی کے محاذ پر کچھ  راحت  ملنے کی امید ہے۔ فلیش پی ایم آئی  رپورٹ کل۸۰۰؍ کمپنیوں سے موصول ہونے والے۸۵۔۷۵؍ فیصد جوابات پر مبنی ہے۔ حتمی مینوفیکچرنگ پی ایم آئی رپورٹ یکم  جولائی کو آئے گی، جبکہ سروس اور کمپوزٹ رپورٹ۳؍ جولائی کو جاری کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK