• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلفسٹن بریج کے تعمیراتی کام سے قریب کی عمارتوںمیں دراڑیں

Updated: November 16, 2025, 11:42 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مقامی افراد نے کام رکوا دیا تھا، ایم ایم آر ڈی اے نے ان عمارتوں پر پڑنے والے اثرات معلوم کرنے کیلئے وی جے ٹی آئی کے ماہرین کی مددلی

Officers listening to complaints from locals. Photo: Inqilab
افسران مقامی افراد کی شکایت سنتے ہوئے۔ تصویر:انقلاب
 از سر نو تعمیر کیلئے ایلفسٹن روڈ بریج کی انہدامی کارروائی جاری ہے اور جمعہ کو بریج کے قریب رہنے والے تقریباً ۵۰؍ افراد نے آکر یہ کام رکوا دیا تھا۔ انہوں نے شکایت کی کہ ان کی عمارتیں ۱۰۰؍ سال سے زیادہ پرانی ہیں اور اس کام کی وجہ سے ان میں دراڑیں پڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں عمارتوں کے اچانک گر  جانے کا خوف ہے۔ اس شکایت پر اس کام کو کرنے والی ٹھیکیدار کمپنی نے وی جے ٹی آئی کے پروفیسر اور ماہرین کی مدد لی ہے جنہوں نے ان عمارتوں پر کھدائی کے اثرات معلوم کرنے کیلئے مخصوص آلات نصب کروائے ہیں۔ 
ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ایک افسر نے بتایا کہ ۱۳؍ نومبر تک ۷؍ ستونوں کیلئے کھدائی کی جاچکی تھی لیکن اسی روز تقریباً ۵۰؍ مقامی افراد نے آکر ستونوں کیلئے جاری کھدائی کا کام رکوا دیا تھا۔
انہوں نے شکایت کی تھی کہ اس کام کی وجہ سے ان کی عمارتوں میں دراڑیں پڑرہی ہیں اور انہیں عمارتوں کے منہدم ہوجانے کا خدشہ ہے۔
اس پر ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعہ اس کام کیلئے منتخب کی گئی ٹھیکیدار کمپنی نے ’ویرماتا جیجابائی ٹیکنالوجیکل انسٹی ٹیوٹ‘ (وی جے ٹی آئی) کے پروفیسر اور ماہرین سے رابطہ قائم کرکے انہیں یہ ان عمارتوں پر بریج کے تعمیراتی کام کے اثرات معلوم کرنے کی ذمہ داری سونپی تاکہ ان عمارتوں کے تحفظ کیلئے اقدام کئے جاسکیں۔
اس پر متذکرہ ماہرین نے جس جگہ کام جاری ہے اس سے قریب واقع عمارتوں پر خصوصی جدید آلات نصب کئے ہیں جن سے کھدائی کے کام سے ان بلڈنگوں پر پڑنے والے اثرات معلوم ہوسکیں گے۔ یہاں ’ایکسیلیرو میٹر‘ نصب کئے گئے ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ عمارتیں ہل رہی ہیں یا نہیں یا کتنی ہل رہی ہیں۔ دیگر آلات سے عمارتوں پر موجود دراڑوں کی چوڑائی کی بھی پیمائش معلوم کی جارہی ہے اور دیکھا جائے گا کہ ان میں اضافہ ہورہا ہے یا نہیں۔ ان تمام کارروائیوں سے مقامی افراد کو آگاہ کیا گیا ہے۔
مقامی افراد کی درخواست پر ایم ایم آر ڈی اے کے افسران اور وی جے ٹی آئی کے پروفیسر اور ماہرین کی ایک ٹیم نے جمعہ کو خود جاکر ان عمارتوں کا جائزہ لیا اور اس کی تفصیلات یہاں کے مکینوںکو بتائیں۔احتیاطی تدابیر کے طور پر ماہرین نے ٹھیکیدار کمپنی کو صلاح دی ہے کہ وہ کھدائی کرنے والی ’رِگ مشین‘ کی قوت کو کم رکھیں اور آواز کی سطح کو بھی کم کردیں۔ 
یاد رہے کہ برٹش زمانے کے تقریباً ۱۲۵؍ برس پرانے ایلفسٹن بریج کو کمزور ہوجانے اور ’سیوڑی۔ورلی ایلیویٹڈ‘ روڈ پروجیکٹ کے تحت منہدم کیا جارہا ہے۔ تاکہ اس کی جگہ ایک ۱۳۲؍ میٹر طویل ’ڈبل ڈیکر‘ بریج تعمیر کیاجاسکے۔ یہ بریج ’ممبئی ٹرانس ہاربر لنک‘ (اٹل سیتو) اور ’باندرہ ورلی سی لنک‘ کے درمیان مشرقی اور مغربی راستے کو جوڑنے میں اہم کردار اداکرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK