Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی کے سی میں میٹرو کام کے دوران کرین گرنے سے خوف و ہراس

Updated: April 15, 2026, 2:18 PM IST | Mumbai

ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بدھ کی علی الصباح میٹرو لائن ۲؍ بی کے تعمیراتی کام کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب ایک بھاری بھرکم کرین اچانک گر گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔

BKC Crane.Photo:PTI
بی کے سی کرین۔ تصویر:پی ٹی آئی

ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں بدھ کی علی الصباح میٹرو لائن ۲؍ بی کے تعمیراتی کام کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب ایک بھاری بھرکم کرین اچانک گر گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ 
ہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے ۴؍ بجے ایشین ہارٹ اسپتال کے قریب اس وقت پیش آیا جب کنٹریکٹر جے کمار انفراپروجیکٹس لمیٹڈ کی جانب سے رات کے وقت تعمیراتی کام جاری تھا۔ حکام کے مطابق ۴۰۰؍ ٹن وزنی موبائل کرین ایک پری کاسٹ بیم اٹھانے کے دوران اچانک بے قابو ہو کر سڑک پر گر گئی۔ 
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ابتدائی بیان کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ کرین کے لفٹنگ بوم میں میکانکی یا گیئر کی خرابی بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث وزن اچانک ایک طرف منتقل ہوا اور کرین کا توازن بگڑ گیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق دو کرینوں کے درمیان وزن کی منتقلی کے دوران بھی عدم توازن پیدا ہوا ہو سکتا ہے۔ 
حکام نے بتایا کہ حادثہ کم ٹریفک کے وقت پیش آنے کی وجہ سے بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔ خبر فائل کیے جانے تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زخمیوں کے بارے میں معلومات کی تصدیق کی جا رہی تھی۔ واقعہ  کے فوراً بعد ایم ایم آر ڈی اے کے سینئر افسران، بشمول ڈائریکٹر بسواراج ایم بی، موقع پر پہنچ گئے۔ ملبہ ہٹانے اور گری ہوئی کرین کو ہٹانے کے لیے ۶۰۰؍ ٹن وزنی کرین تعینات کی گئی ہے، جبکہ علاقے کو صاف کرنے اور معمولات بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:۲۰۲۷ء میں ’’فورس ۳‘‘ریلیز ہوگی، جان کے ساتھ ہرش وردھن بھی ہو ں گے


ممبئی ٹریفک پولیس کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے بی کے سی جنکشن کے اطراف ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بی کے سی-ڈائمنڈ مارکیٹ روڈ سے گریز کریں اور متبادل راستے جیسے کرلا یا ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے استعمال کریں۔ 

یہ بھی پڑھئےْ:اسلام مخاچیف اٹلی کے سفر کے دوران لوٹ لیے گئے، نایاب تحفہ واپس کرنے کی اپیل


ایم ایم آر ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹیمیں عوام کو کم سے کم پریشانی پہنچانے اور مقام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں، جبکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ حادثہ ایک بار پھر ممبئی میں تیزی سے جاری میٹرو منصوبوں کے دوران حفاظتی چیلنجز کو اجاگر کرتا ہے، خاص طور پر بی کے سی جیسے گنجان علاقوں میں جہاں جگہ کی کمی اور بیک وقت جاری بڑے پروجیکٹس خطرات کو بڑھا دیتے ہیں۔ میٹرو لائن ۲؍بی، جو اندھیری ویسٹ سے منڈالے تک جاتی ہے، ایک اہم منصوبہ ہے اور بی کے سی کا حصہ اس کی تکمیل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK