ارریہ میں پریس کانفرنس کی، بی جےپی اور الیکشن کمیشن میں ’’پاٹنر شپ‘‘ کا الزام لگایا، تیجسوی نے کہا: چناؤ آیوگ مودی آیوگ بن گیاہے۔
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 9:28 AM IST | Muhammad Tauseef Alam / Agency | Purnia
ارریہ میں پریس کانفرنس کی، بی جےپی اور الیکشن کمیشن میں ’’پاٹنر شپ‘‘ کا الزام لگایا، تیجسوی نے کہا: چناؤ آیوگ مودی آیوگ بن گیاہے۔
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ اتوار کو پورنیہ سے ہوتے ہوئے ارریہ پہنچی جہاں ’’انڈیا‘‘اتحاد نے سرکٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کی اور ووٹ چوری نہ ہونے دینے کے عزم کو دہرایا ۔ پریس کانفرنس میں راہل گاندھی نے چبھتا ہوا سوال کیا کہ بی جے پی کو ایس آئی آر سےکوئی شکایت کیوں نہیں ہے؟ کیا ان کے ووٹروں کے نام حذف نہیں کئے گئے؟ خود ہی اس کا جواب دیتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جےپی اور الیکشن کمیشن کے درمیان پارٹنر شپ ہے، جس کے ذریعہ وہ اپوزیشن کے ووٹ چوری کر رہے ہیں۔ اس موقع پر تیجسوی یادو نے بھی کمیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’چناؤآیوگ اب مودی آیوگ بن چکاہے۔‘‘
عوام خود یاترا کا حصہ بن رہے ہیں: راہل
راہل گاندھی نے نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی کام درست ووٹرلسٹ بنانا ہے لیکن مہاراشٹر، ہریانہ اورکرناٹک میں اس نے صحیح طریقے سے کام نہیں کیا مگر اس مرتبہ ہم بہار میں ووٹ چوری نہیں ہونے دیںگے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ ’’ووٹر ادھیکار یاترا کامیاب ہے، ہم اس میں عوام کو نہیں بلارہے ہیں بلکہ لوگ خود ہی اس میں شامل ہورہے ہیں۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ بہار کے لاکھوںنہیں بلکہ کروڑوں لوگ مانتے ہیں کہ ووٹوں کی چوری ہوئی ہے۔‘‘
کمزور طبقات کے ووٹ خطرے میں
راہل گاندھی نے کہا کہ اب تک کی یاترا میں ایسے ہزاروں لوگوں سے ملاقات ہوئی جن کے نام ایس آئی آر میں ووٹر لسٹ سے حذف کر دیئے گئے۔ ان میں زیادہ تر غریب، دلت، پسماندہ، اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے، کسان اور مزدورہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ الیکشن کمیشن اور بی جےپی مل کر اپوزیشن کے ووٹوں کوکاٹ رہے ہیں۔
یہ ’’مودی آیوگ ‘‘ ہے: تیجسوی یادو
تیجسوی یادو نےچنا ؤ آیوگ ’’مودی آیوگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مرضی کے مطابق ہی الیکشن کمیشن کام کر رہا ہے، جس سے جمہوریت اور عوامی حقوق پر کاری ضرب پڑ رہی ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ ووٹروں کے حق رائے دہی کے تحفظ اور ووٹ چوری کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے مہاگٹھ بندھن نے ووٹر ادھیکار یاترا شروع کی ہے۔ اب گاؤں گاؤں کے لوگ بھی ووٹ چوری کے معاملے سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔
راہل گاندھی سے ملنے کیلئے جنونی کیفیت
ووٹر ادھیکار یاترا اتوار کو آٹھویں دن پورنیہ کے بیلوری سے شروع ہوئی۔ ہزاروں افراد پارٹی کا جھنڈا تھامے راہل گاندھی کے استقبال کیلئے موجود تھے وہ ان کی ایک جھلک پانے کیلئے بے تاب نظر آئے۔ کٹیہار موڑ سے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو دو الگ الگ بلٹ موٹرسائیکل پر سوار ہوئے اور کپتان پل، لائن بازار چوک، پنچ مکھی مندر، رام باغ، قصبہ کے راستے جلال گڑھ ہوتے ہوئے ارریہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ دیپانکر بھٹاچاریہ، مکیش سہنی اور پپو یادو، شکیل احمد خاں سمیت درجنوں دیگر یاترا میں راہل گاندھی اور تیجسوی کے ساتھ تھے۔