Inquilab Logo Happiest Places to Work

تاریخی ’ دکن کوئن‘ ٹرین کا سی ایس ایم ٹی پرشاندارجشن

Updated: March 28, 2026, 1:06 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۹۶؍سال ہونے پر ممبئی -پونے ایکسپریس کی نمائش میں دلکش جھلکیاں پیش کی گئیں۔ اپنی نوعیت کی یہ منفرد ٹرین اپنے اندر کئی خصوصیات کو سمیٹے ہوئے ہے۔ مسافروں اور عام شہریوں نے اسے کافی پسند کیا۔

Passengers on CSMT celebrate 96 years of the `Deccan Queen` train. Photo: INN
سی ایس ایم ٹی پر مسافر ’دکن کوئن‘ ٹرین کا ۹۶؍سالہ جشن منارہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی ) پر جمعہ کی سہ پہر تاریخی دکن کوئن ایکسپریس ( ٹرین نمبر ۱۲۱۲۴؍۱۲۱۲۳) کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل ۹۶؍ سالہ جشن منایا گیا۔ ممبئی اور پونے کوجوڑنے والی اپنی نوعیت کی یہ منفرد ٹرین ۱۹۳۰ء میں شروع کی گئی تھی۔ اس جشن میں مسافروں، ریلوے حکام اور عام شہریوں نے شرکت کی اور الگ الگ مناظرکیمروں میں قید کرنے کےساتھ اپنی یادداشت کاحصہ بھی بنایا۔ یہ ہندوستانی ریلوے کی مشہور اور تاریخی ٹرینوں میں سے ایک ہے۔ 
ٹرین کی روانگی کے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل جشن شروع ہوا۔ اس دوران دکن کوئن (دکن کی ملکہ ) کو پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ ٹرین کے آغاز سے اب تک اس کے شاندار سفر کی عکاسی کرنے والی ایک پرُکشش آڈیو ویژوئل پیشکش نے بھی سامعین کو مسحور کیا اور ہندوستانی ریلوے میں اس کی اہم شراکت کو اجاگر کیا۔ اسی کے ساتھ مسافروں کیلئے بہتر سہولیات، بہتر کھانے کا تجربہ، جدید فرنیچر اور بہتر اندرونی سجاوٹ کے ساتھ تجدید شدہ ڈائننگ کارونائل فرش، بیت الخلا، نئے سیٹ کور اور بہتر ڈور پینلز کے ساتھ اَپ گریڈ اے سی چیئر کار سیٹنگ، پرکشش تھیم والی چھت اور پینل بورڈز کے ساتھ ڈبے کے اندرونی حصے کو دوبارہ ڈیزائن کرکےہوائی جہاز جیسے طرز کو مزید خوشگوار بنانے کیلئے ایئر فریگرینس ڈسپنسروغیرہ کو دکھایا اور بتایاگیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کلیان: معذور طلبہ کے مقابلوں کا انعقاد گرمی میں کروانے پر اساتذہ و سرپرست برہم

آغاز کے وقت اس ٹرین کو ۷؍ڈبوں کے ۲؍ ریک کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک ریک پر گہرے سرخ رنگ کی دھاریوں کے ساتھ چاندی کا پینٹ کیا گیا تھا جبکہ دوسرے پر سونے کی دھاریوں کے ساتھ شاہی نیلے رنگ کا پینٹ کیا گیا تھا۔ اصل ریک کے کوچ کے فریم انگلینڈ میں بنائے گئے تھے جبکہ کوچز کی مین باڈی جی آئی پی ریلوے کے ماٹونگا ورکشاپ میں بنائی گئی تھی۔ اسی طرح ۱۹۶۶ء میں اصل ریک کے کوچز کوانٹیگرل کوچز سے بدل دیا گیا تھا۔ ڈبوں کی تعداد۷؍ سے بڑھا کر ۱۲؍ کر دی گئی۔ ۱۹۹۵ء میں پرانی ٹرین کو بدلنے کیلئےایئر بریک سہولیات کے ساتھ نئی ریک استعمال کی گئیں۔ ۱۵؍ اگست ۲۰۲۱ءسے ممبئی -پونے دکن کوئن ایکسپریس میں ایک ویسٹاڈوم کوچ شامل کیا گیا۔ اس سے مسافروں کو قدرتی اور دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا سنہری موقع ملا کیونکہ ٹرین مغربی گھاٹ سے گزرتی ہے۔ جون ۲۰۲۲ء میں دکن کوئن کے تمام پرانے طرز کے ڈبوں کو پروجیکٹ اتشکتی کے تحت ایل بی ایچ کوچز سے تبدیل کر دیا گیا۔ یہ کوچز جدید سہولیات سے آراستہ ہیں ۔ یہ ٹرین اب ۱۶؍ کوچز کی چلائی جاتی ہے۔ 
جشن کے موقع پرسینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر پرتیک گوسوامی، ڈویژنل ریلوے منیجر ہریش مینا اور دیگر افسران موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK