• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کف پریڈ : مکان میں بھیانک آتشزدگی ، ۱۵؍ سالہ لڑکا ہلاک ، ۳؍افرادزخمی

Updated: October 21, 2025, 3:56 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ورلی کی چال میں آگ لگنے سے گھرکا سامان خاکستر۔ بوریولی میں آتشزدگی سے۴؍دکانوں کوشدید نقصان۔ آگ پٹاخہ راکٹ سے لگی۔

A police officer inspects a damaged house. Photo: INN
ایک پولیس اہلکار تباہ شدہ گھر کا معائنہ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
سنیچر سے پیر  ان ۳؍دنوں میں شہر ومضافات  آگ لگنے کے  حادثات ہوئے جن میں ایک لڑکا ہلاک اور ۳؍ افراد زخمی ہوگئے جبکہ لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔   فائربریگیڈ  تینوں حادثات کی تفتیش کررہاہے۔آگ لگنےکی اطلاع ملنے پرفائربریگیڈ، پولیس اور بی ایم سی عملہ ایمبولنس  کے ساتھ جائے حادثے پرپہنچا اور آگ پر قابو پالیا۔
  آتشزدگی میں ۱۵؍سالہ لڑکے کی موت 
بی ایم سی ڈیزاسٹرمینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کےمطابق کف پریڈ کے مچھی مار نگر ، شیوشکتی نگر کے کیپٹن پرکاش پیٹھے مارگ پر واقع گرائونڈ پلس ایک منزلہ مکان میں پیر کی علی الصباح سوا ۴؍بجے   آگ لگ گئی جس سے گھر کا پورا سازوسامان تباہ ہوگیالیکن چال کے دیگر گھروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس حادثہ میں  ۱۵؍سالہ لڑکے کی موت ہوگئی   جبکہ ۳ ؍ دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔
متوفی کی شناخت یش کھوت کے طور پر کی گئی ۔ زخمیوں میں دیویندر چودھری (۳۰)، ویراج کھوت (۱۳) اور سنگرام کرنی ( ۲۵) شامل ہیں جنہیں سینٹ جارج اسپتال میںداخل کیا گیا ہے۔ چودھری انتہائی نگہداشت والے یونٹ میں زیر علاج ہے۔ 
ورلی کی چال میں آگ لگ گئی 
ورلی کے مہاکالی نگر میں اتوار کی رات ایک چال میں آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ نے ۲؍گھنٹے میں قابو پایا۔اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گھریلو سامان خاکستر ہوگیا۔
بی ایم سی کےمطابق  ورلی ڈپو کے سامنے ایک چال میں اتوار کی رات تقریباً پونے ۹؍ بجےلگنے والی آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر حکام کے مطابق آگ بجلی کی تاروں،  تنصیبات، گھریلو سامان، لکڑی کے فرنیچر اور ایک ٹیلی ویژن تک محدود تھی۔  ۵؍ فائر انجن، ۴؍ جمبو ٹینکر، ایک ایڈوانسڈ واٹر ٹینکر، ایک واٹر کوئک رسپانس وہیکل اور ایک ایمبولنس کو جائے وقوع پر آگ بجھانےکیلئے بھیجاگیا۔حادثہ کی وجہ سے کچھ مکینوں نے خوفزدہ ہوکر اپنے گھر خالی کر دیئے تھے۔  ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ آگ   شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہےلیکن  ا صل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جاری ہے۔
بوریولی میں پٹاخہ راکٹ سے آتشزدگی
بوریولی مغرب کے شمپولی روڈ پر سنیچر کی رات کودیوالی کے ایک پٹاخہ راکٹ کے حادثاتی طور پر شیشے کی دکان کی چھت کے ذریعےدکان کے اندر گرنےسے    بھیانک آگ لگ گئی جس سےلاکھوں روپے کا مال جل کر خاک ہوگیا  ساتھ ہی اس دکان سے متصل دیگر۳؍ دکانیں مکمل طور پر جل گئیں  ۔ ایک دکان کے اندر کھڑی ایک دو پہیہ گاڑی بھی جل کر تباہ ہوگئی۔  فائر بریگیڈ نے فوری طور پروہاں پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
فائر حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ پٹاخے پھوڑنے کے دوران احتیاط برتیں، خاص طور پر ہجوم یا تجارتی علاقوں میں تاکہ تہوار کے موقع  پر ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
  مذکورہ دکان کےمالک سلطان خان، جو گزشتہ ۵؍سال سے شیشے کی دکان چلا رہے ہیں، نے بتایا کہ’’ وہ اپنے ایک دوست کی کال پر اس سے ملاقات کرنے گئے تھے ۔ وہاں سے لوٹنے پر دکان کا پورا اسٹاک ڈیزائنر گلاس، ساؤنڈ پروف پینلز اور رنگین شیشہ تباہ ہو چکا تھا۔ تقریباً ۶؍لاکھ روپے کا شیشہ جل کر تباہ ہوگیا۔‘‘
  اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس اور فائر اہلکار اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ پٹاخہ راکٹ دکان کی چھت پر کیسے گرا جس سے آگ لگ گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK