• Sun, 23 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’نشہ کی لعنت سے فرد ہی نہیں خاندان تباہ ہوجاتا ہے‘‘

Updated: November 23, 2025, 11:51 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Govandi

گوونڈی میںجاری دعوتِ اسلامی کے اجتماع میں پہلے دن علماء اورمبلغین نے مختلف عناوین پر خطاب کیا اور حاضرین کو دعوتِ عمل دی۔ آج شب میںدعا پردوروزہ اجتماع ختم ہوگا

Participants are seen engaged in prayer on the first day of the ongoing gathering at Deonar Ground. Picture: Inquilab
دیونار گراؤنڈ پر جاری اجتماع کے پہلے دن شرکاء دعا میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ تصویر:انقلاب
 دعوتِ اسلامی کے دو روزہ اجتماع کے پہلے دن سنیچر کو بڑی تعداد میں شرکاء نے علماء اور مبلغین کے بیانات سے استفادہ کیا۔
دیونار گراؤنڈ پر جاری اجتماع کے پہلے دن علماء اور مبلغین نے الگ الگ عناوین توبہ کی فضیلت، فرمان ِمصطفےٰکی روشنی میں وہ ہم میں سے نہیں، نیکی کی دعوت ترک کرنے کے نقصانات،  تلاوتِ قرآن اورروزوں کی برکتیں، نشہ کی لعنت اوراس کے نقصانات اورمسجد کے آداب اور نماز باجماعت کی ادائیگی کےفضائل وغیرہ بیان کئے۔
ترتیب کے مطابق تہجد سے ہی اجتماع کا آغاز ہوا ، بڑی تعداد میں شرکاء شب ہی میں  اجتماع گاہ پہنچ گئے تھے۔دن بھر اور رات میں عشاء کی نماز تک بیانات کا سلسلہ جاری رہا اورشرکاء کی دینی اعتبار سے ذہن سازی کی جاتی رہی کہ وہ قرآن وسنت کی روشنی میںاپنی زندگی کو ڈھالیں، اسی میں دنیا اورآخرت کےمسائل کا حل ہے اور اسی کے ذریعے سکون میسرآسکتا ہے۔ 
  حاجی وقار عطاری نےتوبہ کی فضیلت کے تعلق سے حاضرین کوبتایاکہ ’’ گناہوں کی معافی کے لئے توبہ ایک ایسا پاکیزہ عمل ہے جس سے بندۂ مومن گناہوں سے پاک صاف ہوجاتا ہے اور رب کائنات کو اپنے اُس بندے پر پیار آتا ہے جو اپنے گناہوں پر ندامت کے آنسو بہاکر معافی کا طلب گار ہوتا ہے۔‘‘
مبلغ دعوت اسلامی الطاف عطاری نے نیکی کی دعوت ترک کرنےکے نقصانات کے عنوان پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ’’ امتِ محمدیہ کی ذمہ داری ہےکہ ہم امر بالمعروف یعنی نیکی کی دعوت دیں اور نہی عن المنکر یعنی برائی سے روکیں۔اسی کوباری تعالیٰ نے اپنے مقدس کلا م میں واضح فرماتے ہوئے ’خیرامت‘ کہا ہے ۔ نیک عمل کی دعوت دینے کاسب سے اہم فائدہ یہ ہوتا ہے کہ خداوند قدوس کی جانب سے نیکی اور بھلائی کی توفیق ملتی رہتی ہے لیکن جب یہ عمل چھوڑ دیا جاتاہے یا تساہل برتا جاتا ہے تواس کے نقصانات بھی واضح ہونے لگتے ہیں۔‘‘
حاجی ابوبکر عطاری نے تلاوت قرآن اور روزوں کی برکتیں کے عنوان پر اپنے خطاب میں کہاکہ’’ قرآن پاک سمجھ کر پڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمیں یہ معلوم ہوسکے کی رب کائنات کیا فرمارہا ہے۔ قرآن کریم میں کیا احکامات ہیں ،کن چیزوں کوکرنے کا حکم دیا گیا اورکن چیزوں سے روکا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے رجب، شعبان اور رمضان کے روزوں کی فضیلت پربھی روشنی ڈالی اورحاضرین کو متوجہ کیا کہ وہ اس کا اہتمام کریں ۔‘‘
عارف علی عطاری نےنشہ کی لعنت اوراس کے نقصانات پرروشنی ڈالی اوربتایا کہ’’ نشہ ،ایسی لعنت ہے جس سے فرد، خاندان اور معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے ۔ آج یہ انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے اورنوجوان اس کا شکار ہورہے ہیں۔ہمیںاس لعنت سے خود بھی بچناہے اور دوسروں کوبچانے کی بھی فکر کرنی ہے۔ ‘‘
انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ بازار میںطرح طرح کے نشہ دستیاب ہیںاورنئی نسل تیزی سے اس جانب راغب ہورہی ہے، ہم سب کو اس کےسدِباب کی فکر کرنی ہے تاکہ نسلِ نو کی حفاظت ہوسکے اور وہ اس لعنت سے بچ سکے۔‘‘
مبلغجنید برکاتی نے مغرب کی نماز کے بعد ’مسجد کے آداب اور نماز باجماعت کی ادائیگی کے فضائل‘ بیان کئے۔
انہوں نے بتایاکہ’’ نمازانتہائی اہم عبادت ہے اور باجماعت نماز کی ادائیگی سے ثواب میںکئی درجات کااضافہ ہوجاتا ہے۔ آقائے دوعالم نے ہمیشہ اس کا اہتمام فرمایا۔ اس لئے ہم سب باجماعت نماز کی ادائیگی کی عادت ڈالیں اور کوشش کریں کہ ایک وقت کی بھی نمازچھوٹنے نہ پائے ۔ ‘‘ 
منتظمین کے مطابق شرکاء اجتماع کی تمام سہولتوں کا خیال رکھتے ہوئے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ آج شب میں دعا پراجتماع ختم ہوگا اس لئے شرکاء کی کثرت کے پیش نظرمزید انتظامات کئےگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK