Inquilab Logo

دہیسر فائرنگ: یو بی ٹی لیڈر ابھیشیک گھوساڑکر کا گولی مار کر قتل

Updated: February 08, 2024, 10:04 PM IST | Mumbai

آج فیس بک لائیو کے دوران یو بی ٹی کے سابق ایم ایل اے کے بیٹے اور سابق کارپوریٹر ابھیشیک گھوساڑکر کو مورس نورونہا نے کسی ذاتی تنازع کے سبب گولی مار دی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم، دورانِ علاج ان کی موت واقع ہوگئی۔ دوسری جانب، مورس نورونہا نے بھی اپنے آپ کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔ ممبئی پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔

Abhishek Ghosalkar can be seen in the picture. Photo: INN
تصویر میں ابھیشیک گھوساڑکر کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دہیسر (ممبئی) میں جمعرات کو کسی تنازع کے بعد ادھو بالا صاحب ٹھاکرے شیوسینا (یو بی ٹی) کے سابق ایم ایل اے ونود گھوساڑکر کے بیٹے ابھیشیک گھوساڑکر کو بدنام زمانہ مورس نورونہا نے گولی ماردی جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ خبروں کے مطابق فائرنگ کے وقت گھوساڑکر علاقے میں مقامی لوگوں سے ملاقات کررہے تھے۔ انہیں دو سے تین گولی لگی جس کے بعد انہیں دہیسر کے کرونا اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں دورانِ علاج ان کی موت واقع ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق حملہ مورس نورونہا (مورس بھائی کے نام سے مشہور ) کے دفتر میں ہوا جن سے ابھیشیک کی ذاتی دشمنی تھی۔ تاہم، دونوں نے حال ہی میں معاہدہ کیا اور ابھیشیک کو مبینہ طور پر ایک تقریب کیلئے مورس نورونہا کے دفتر میں مدعو کیا گیا تھا۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، مورس بھائی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مارنے سے پہلے ابھیشیک کو گولی مار دی اور یہ پورا منظر فیس بک پر لائیو اسٹریم ہوا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا جب کچھ دنوں قبل ہی بی جے پی ایم ایل اے نے ایکناتھ شندے گروپ کے لیڈر کو الہاس نگر پولیس چوکی کے اندر کیمرے کے سامنے ہی گولی مار دی تھی۔ اس قسم کے واقعات مہاراشٹر میں نظم و نسق کی صورتحال پر سوال کھڑاکر رہے ہیں۔ 
اس واردات کے بعد مختلف لیڈروں نے بیانات جاری کرکے مہاراشٹر حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ یو بی ٹی کے ترجمان آنند دوبے نے کہا کہ بی جے پی کے ذریعے مہا راشٹر میں انارکی پیدا کی جا رہی ہے۔ ایکناتھ شندے کی شیو سینا اور اجیت پوار کی این سی پی مکمل طو ر پر ناکام ہو گئی ہے۔ ہر کوئی اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ جب عوامی نمائندے ہی محفوظ نہیں تو عام شہریوں کے بارے میں کیا کہہ سکتے ہیں۔ سنجے رائوت نے کہا کہ حکومت جرائم پیشہ عناصر کی پر ورش کر رہی ہے۔ اس کا زندہ ثبوت آج ممبئی میں نظر آیا۔ اس کیلئے کون جوابدہ ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK