Inquilab Logo Happiest Places to Work

ای چالان کا جرمانہ ادا نہ کرنے پر گاڑی ضبط کرنےکا فیصلہ

Updated: December 21, 2024, 1:04 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹریفک پولیس کے جاری کردہ نئے ایس او پی کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کورٹ میں چارج شیٹ بھی داخل کی جائےگی۔

Mumbai traffic police officer making e-challan for violation of traffic law. Picture: INN
ممبئی ٹریفک پولیس کا اہلکارٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر ای چالان بناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہر اور مضافات میں ایک بڑی تعداد گاڑی چلاتے وقت نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے بلکہ جب ٹریفک پولیس قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ای چالان کے ذریعہ جرمانہ عائد کرتی ہے تو بیشتر شہری جرمانہ بھی ادا نہیں کرتے ۔ پولیس کے بقول شہری ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے علاوہ جرمانہ ادا نہ کرنے کا مجرمانہ عمل بھی کرتے ہیں ۔ اب ایسے لوگوں کی خیر نہیں ہے کیونکہ جرمانہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے مزید سخت قواعد اطلاق کیا ہے ۔ نئے قواعد کے تحت گاڑیاں ضبط کی جائیں گی ، مجرمانہ عمل میں ملوث ہونے کے تحت کیس درج کیا جائے گا اور ساتھ ہی عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
 پولیس نے جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف نیا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر ( ایس او پی )  ترتیب دیا ہے ۔ٹریفک پولیس کے بقول شہر اور مضافات میں لاکھوں شہری ایسے ہیں جنہوںنے ای چالان کے ذریعہ ۵؍ سے ۱۰؍ یا اس سے زائد مرتبہ جرمانہ عائد کرنے کے باوجود رقم ادا نہیں کی ہے ۔ یہی نہیں اس سلسلہ میں نوٹس جاری کرنے پر بھی رقم کی ادائیگی نہیں کی جاتی ہے، جرمانہ کی ادئیگی نہ کئے جانے کے ریکارڈ کے مطابق۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی چلانے والے خاطی ڈرائیوروںکے جرمانہ ادا نہ کرنے کے سبب موجودہ رقم ۷۰۰؍ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر انل کمبھارے نے جرمانہ کی رقم وصول کرنے اور بارہا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کرنے اور کروڑوں روپے جرمانہ کی رقم وصول کرنے کے لئے نئے ایس او پی کو نافذ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ جرمانہ کی رقم وصول کرنے کے لئے نہ صرف بارہا نوٹس جاری کیا گیا ہے بلکہ رقم ادا کرنے کے لئے صرف ٹریفک پولیس کا ایپ موجود نہیں ہے بلکہ پے ٹی ایم کے ذریعہ اور نزدیکی پولیس اسٹیشن میں جرمانہ کی رقم بھرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے اس کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹریفک پولیس نے سخت ایس او پی ترتیب دی ہے۔‘‘
  ٹریفک پولیس کی نئی ترتیب کردہ ایس او پی کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے والوں پر اب نہ صرف ٹریفک قوانین بلکہ مجرمانہ عمل کرنے کے تحت کیس درج کیا جائے گا ۔ یہی نہیںخاطی کےخلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی جائے گی اور ساتھ ہی جرمانہ ادا نہ کرنے پر گاڑی ضبط کر نے کا سلسلہ شروع بھی کیا جائے گا ۔ مذکورہ بالا معاملہ میں مقدمہ کے دوران اگر خاطی نے جرمانہ ادا کر دیا تو ٹھیک ہے لیکن اگر جرمانہ ادا نہیں کرتا ہے تو اسےجرمانہ کے ساتھ گاڑی سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔نئے ایس او پی میں ان کے خلاف فوری مجرمانہ عمل کے تحت کیس درج کرنے اور چارج شیٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جن کے پاس گاڑی کا پرمٹ ، رجسٹریشن اور ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو ۔ ایسے لوگوں کی گاڑی بھی ضبط کرنے کا فرمان جاری کیا گیا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ ہفتہ لوک عدالت کی مدد سے ۲؍ لاکھ ۳۰؍ ہزار ۱۷۵؍ گاڑی چلانے والوں سے ۱۷؍ کروڑ ۲۶؍ لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK