Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملہ کے متاثرین کو بزدل قراردینے والےبی جے پی لیڈر پر شدید برہمی

Updated: May 26, 2025, 10:31 AM IST | New Delhi

کانگریس نے رکن پارلیمان رام چندر جانگڑا کی برطرفی کا مطالبہ کیا، بیان پر وزیراعظم کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ، کہا کہ کیا اسے خاموش تائید سمجھا جائے۔

BJP leader Ramchandra Jangra. Photo: INN
بی جےپی لیڈر رام چندر جانگڑا۔ تصویر: آئی این این

پہلگام حملوں میں اپنے چہیتوں کو اپنی  آنکھوں کے سامنے دہشت گردوں  کے ہاتھوں قتل ہوتے ہوئے دیکھنےوالی خواتین کو بزدل قرار دینے پر بی جےپی کے رکن پارلیمان  رام چندر جانگڑا  کے خلاف شدید برہمی پھیل گئی ہے۔کانگریس نے جہاں   راجیہ سبھا سے جانگڑاکی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے وہیں وزیراعظم مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے لیڈروں کے غیر ذمہ دارانہ اور بے حسی پر مبنی  بیانات کیلئے معافی مانگیں۔ کانگریس نے   وزیراعظم کی خاموشی کو مذکورہ بیانوں کی خاموش تائید سے تعبیر کیا ہے۔  واضح رہے کہ جانگڑا نے کہا  ہےکہ جن خواتین نے اس حملے میں اپنے شوہروں کو کھویا، ان میں ’’ویرانگنا‘‘  (بہادر خواتین) جیسا جذبہ اور جوش نہیں تھااس  لئے ۲۶؍ افراد دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ’’ سیاح ہاتھ جوڑ کر مارے گئے۔ اگر وہ وزیر اعظم کی اسکیم کے تحت  ٹریننگ لیتے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے تو اتنی ہلاکتیں نہ ہوتیں۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نےکہا ہے کہ بی جےپی کے اراکین پارلیمان پہلگام حملوں کے متاثرین اورفوج کی توہین میں  ایک دوسرے پر  سبقت لے جانےکیلئے کوشاں نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کرنل صوفیہ کی توہین کرنےوالے  وزیر  وجے شاہ اور پوری فوج کی توہین کرنےوالے نائب وزیراعلیٰ  جگدیش دیوڑا کے خلاف کوئی کارروائی  نہیں ہوئی۔  نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کھرگے نے کہا ہے کہ ’’نریندر مودی جی ، آپ کہتے ہیں کہ آپ کی رگوں میں سیندور بہہ رہاہے، اگر ایسا ہے تو آپ کو خواتین کے عزت واحترام کیلئے اپنی پارٹی کے ان بدزبان لیڈروں کو نکال دینا چاہئے۔‘‘
کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا ہے کہ ’’ہماراصاف طور پر مطالبہ ہے کہ اس کیلئے وزیراعظم مودی معافی مانگیں اور رکن پارلیمان کو نکال باہر کریں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جےپی لیڈر مسلسل  فوج اور شہیدوں کی توہین کررہے ہیں جس سے ان کی اوچھی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ ترنمول کانگریس نے بھی جانگڑا کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ ان  کے ریمارکس کو’’بے حس  پرمبنی ، گھٹیا اور غیر انسانی‘‘ قرار دیا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ’’بی جے پی نے خواتین کی توہین کو ایک فن بنا لیا ہے۔ خواتین دشمنی ان کے نظریے کی کوئی خامی نہیں، بلکہ اس کا مرکزی حصہ ہے۔‘‘  اس بیچ جانگڑا نے اپنے بیان پر اٹھنےوالے سوالات کے بیچ صفائی دی ہے کہ ان کا مقصد پہلگام حملوں کے متاثرین کی توہین کرنانہیں تھا بلکہ وہ تو اہلیہ بائی ہولکر کی بہادری پر بات کررہے تھے۔ بہرحال ان کی تقریر کا ویڈیو سوشل میڈیا پر دستیاب ہے اور تیزی سے شیئرکیا جارہاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK