’آپ‘ کےلیڈر سوربھ بھاردواج کی پریس کانفرنس، دیویندر یادو کے انٹرویو کا حوالہ دیکرکانگریس پر تنقید کی۔
EPAPER
Updated: September 03, 2025, 1:13 PM IST | Farzan Qureshi | New Delhi
’آپ‘ کےلیڈر سوربھ بھاردواج کی پریس کانفرنس، دیویندر یادو کے انٹرویو کا حوالہ دیکرکانگریس پر تنقید کی۔
عام آدمی پارٹی دہلی کے صدر سوربھ بھاردواج نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کرکے کانگریس پارٹی پر ۲۰۲۵ء کے دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو جتانے اور عام آدمی پارٹی کو ہرانے کیلئے سازش رچنے کا الزام لگایا ہے۔بھاردواج نے کہاکہ ’’کانگریس کا مقصد خود کو جیتنا نہیں تھا بلکہ’آپ‘کو ہرانا تھا، جس نے ایک بڑی سیاسی سازش کا پردہ فاش کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شاید سیاسی تاریخ میں پہلی بار یہ ثابت ہوگا کہ کانگریس پارٹی کی دہلی اکائی نے۲۰۲۵ء کے دہلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو جیت دلانے کیلئے کس طرح کام کیا ۔
کانگریس دہلی کے ریاستی صدر دیویندر یادو کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بھاردواج نے کہاکہ اس انٹرویو میں یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح دیویندر یادو بتا رہے ہیں کہ اس بار کانگریس پارٹی نے دہلی میں فیصلہ کیا تھا کہ چاہے بی جے پی جیت جائے لیکن عام آدمی پارٹی کو ہر حال میں ہرانا ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک بہت بڑی بات ہے کہ کانگریس بھارتیہ جنتا پارٹی کو دہلی میں الیکشن جیتنے دینے کیلئے تیار تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس پورے واقعہ میں جو بڑا سوال پیدا ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ کانگریس کی دہلی یونٹ نے راہل گاندھی، کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے کو اس کیلئے کیسے راضی کیا ۔ بھاردواج نے کہا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پارٹی کی ریاستی اکائی اس طرح کے کام کرتی ہے ، لیکن یہ حیرت کی بات ہے کہ اس معاملے میں کانگریس کی دہلی اکائی نے کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت، راہل گاندھی، ملکا رجن کھرگے اور دیگر بڑےلیڈران سے بات چیت کی اور دہلی اکائی کو بھی اعلیٰ قیادت کی طرف سے فری ہینڈ دیا گیا کہ چاہے کچھ بھی کرنا پڑے ، دہلی میں عام آدمی پارٹی کو جیتنے نہیں دینا ہے۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دیویندر یادو اپنے بیان میں بتا رہے ہیں کہ کس طرح عام آدمی پارٹی کے ہرلیڈر کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف حکمت عملی بنائی گئی ، انہیں کیسے شکست دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ دیویندر یادو کے منہ سے یہ بات نہیں نکلی کہ پرویش ورما کو کیسے شکست دی جائے، ریکھا گپتا کو کیسے شکست دی جائے، دیویندر یادو کے قریبی ایم پی کو گالی دینے والے رمیش بدھوڑی کو کیسے شکست دی جائے۔ کانگریس نے اس کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔ بھاردواج نے کہا کہ کانگریس کا ایسا گھناؤنا چہرہ ۱۹۸۴ء کے فسادات میں بھی نہیں دیکھا گیا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ اسلئے کہہ رہا ہوں کہ آج جب ایک غریب کی کچی آبادی ٹوٹ رہی ہے ، ایک غریب کا روزگار تباہ ہو رہا ہے ، وہ سوچتے ہیں کہ اگرکجریوال دہلی میں ہوتے تو میری کچی آبادی نہ ٹوٹی ہوتی ، میرا روزگار تباہ نہ ہوتا ۔۲۰۲۵ء کے دہلی انتخابات میں ہونے والے اخراجات کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ۲۰۲۵ء کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے تقریباً۱۴؍ کروڑ روپے خرچ کیے ، بھارتیہ جنتا پارٹی ، جس کی ملک میں سب سے زیادہ ریاستوں میں حکومتیں ہیں، نے تقریباً ۵۷؍کروڑ روپے خرچ کیے اور کانگریس پارٹی نے تقریباً۴۶؍ کروڑ روپے خرچ کیے ۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کا قاعدہ ہے کہ انتخابات میں جو بھی خرچ کیا جائے گا اس کی مکمل تفصیلات پیش کرنی ہوں گی ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ۴۴؍ کروڑ روپے کا نقد عطیہ اکٹھا کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے آپ میں حیران کن ہے کہ کانگریس نے نقد عطیات کے طور پر۴۴؍ کروڑ روپے اکٹھے کیے ۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق ۲۰۰۰ ؍ روپے سے زیادہ کا نقد عطیہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔