• Tue, 11 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی کار دھماکہ: ہلاکتوں کی تعداد ۱۳، تحقیقات جاری، ملک بھر میں ہائی الرٹ

Updated: November 11, 2025, 3:28 PM IST | New Delhi

لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ہونے والے ایک کار دھماکے میں ۱۳؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دھماکے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ پولیس اور فورنسک ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، اور ممکنہ طور پر اس کا تعلق فرید آباد کے دہشت گردی ماڈیول سے جوڑا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد دہلی سمیت کئی ریاستوں میں سیکوریٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر حکومت سے جواب دہی کے مطالبات بھی تیز ہو گئے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ہونے والے کار دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد ۱۳؍ تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق پیر کی شام گیٹ نمبر ایک کے باہر چلتی ہوئی ایک ہنڈائی آئی ۲۰؍ کار میں اچانک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد بری طرح جھلس گئے اور کئی لاپتہ ہیں۔ دھماکہ سبھاش مارگ ٹریفک سگنل پر شام تقریباً ۷؍ بجے ہوا۔ فورسیز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر لال قلعہ میٹرو اسٹیشن اور لال قلعہ کو تین دن کیلئے کے لیے عوام کیلئے بند کر دیا ہے۔ فورنسک ٹیمیں، دہلی پولیس، این آئی اے اور ڈاگ اسکواڈ موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ حکام نے یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایکواڈورکی مشالا جیل میں پرتشدد جھڑپیں، ۲۷؍قیدیوں کی دَم گھٹنے سے موت


ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دھماکے میں ڈیٹونیٹر، امونیم نائٹریٹ اور ایندھن کا تیل استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات فرید آباد کے ایک دہشت گردی ماڈیول سے ممکنہ روابط پر مرکوز ہیں، جہاں سے حال ہی میں ۳۶۰؍ کلوگرام امونیم نائٹریٹ برآمد کیا گیا تھا۔ منگل کو دہلی پولیس نے بتایا کہ ۱۰۰؍ سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز کا تجزیہ کرنے کے بعد، اس کار کو پیر کی صبح ۸؍ بجکر ۱۳؍ منٹ پر بدر پور ٹول بوتھ سے دہلی میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دہلی سمیت کئی ریاستوں، کرناٹک، پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش اور جموں کشمیر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔


سی آئی ایس ایف نے دہلی میٹرو، لال قلعہ کمپلیکس، سرکاری عمارتوں اور اندرہ گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت تمام اہم تنصیبات پر سیکوریٹی سخت کر دی ہے۔ سی آئی ایس ایف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’دھماکے کے بعد دہلی میٹرو، لال قلعہ، سرکاری عمارتوں اور آئی جی آئی ہوائی اڈے سمیت تمام حساس مقامات کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اہلکار اسٹینڈ بائی پر ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہلدی رام گروپ کی نظر امریکی سینڈوچ برانڈ سے پارٹنرشپ پر مرکوز

برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے بھی سفر سے متعلق اپنی ایڈوائزری دہرائی ہے، جس میں ہندوستان پاکستان سرحد کے ۱۰؍ کلومیٹر کے اندر اور جموں کشمیر کے بیشتر علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کی صبح ایک اعلیٰ سطحی سیکوریٹی میٹنگ طلب کی تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ اقدامات پر مشاورت ہو۔ دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر سیاسی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔’’استعفیٰ امیت شاہ‘‘ ایکس پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ کانگریس کے لیڈروں نے بی جے پی حکومت کے دور میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی فہرستیں شیئر کیں جبکہ نانا پٹولے نے کہا کہ ’’۵۶؍ انچ کی حکومت کو لال قلعہ کے دھماکے کا جواب دینا ہوگا۔‘‘ ٹی ایم سی لیڈر ساکیت گوکھلے نے بھی سوال اٹھایا کہ ’’دہلی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کس کے ماتحت ہیں، اور وزیر داخلہ کا احتساب کب ہوگا؟‘‘ کانگریس کے گورو پاندھی نے امیت شاہ کو ’’ایک مکمل ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔

سازش رچنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: وزیر اعظم نریندر مودی


بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ راتوں رات ’’خوفناک واقعہ‘‘ کی تحقیقات کرنے والی تمام ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایجنسیاں اس سازش کی تہہ تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے پیچھے سازش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا، تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ خیال رہے کہ مودی کا یہ تبصرہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اسی طرح کے بیان کے بعد آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
دہلی ڈیفنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ تفتیشی ایجنسیاں اس واقعہ کی تیزی سے اور مکمل تحقیقات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے نتائج جلد ہی منظر عام پر لائے جائیں گے۔ سنگھ نے مزید کہاکہ ’’میں قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK