دہلی پولیس نے سب انسپکٹر ایس آئی منوج کمار کو دہلی کے اندر لوک میں سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے والے افراد کو مبینہ طور پر زدوکوب کرنے کیلئے فوری طورپر معطل کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ سڑک کے کنارے نماز ادا کررہے ہیں اور ایک پولیس اہلکار آتے ہی انہیں مارنے لگتا ہے۔
دہلی پولیس کا ایک اہلکار نمازیوں کو مارتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
دہلی پولیس کے سب انسپکٹر ایس آئی منوج کمارکو مبینہ طورپر دہلی کے ایک علاقے میں نماز ادا کرنے والے افراد کو زدوکوب کرنے کیلئے فوری طورپر معطل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں نماز پڑھنے کی اجازت تھی اس کے باوجود پولیس اہلکار نے ایسا غیر اخلاقی فعل انجام دیا۔ دہلی پولیس نے سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے والے افراد کو زدوکوب کرنے والے وائرل ویڈیو پر تحقیقات شروع کی ہے۔ یہ واقعہ اندرلوک علاقے کے قریب پیش آیا۔ شمالی دہلی کے ڈی سی پی منوج کمار مینا نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور ایس آئی منوج کمار کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگوں کا ایک گروپ سڑک کے کنارے نماز ادا کر رہا ہے۔ پولیس اہلکار وہاں پہنچتا ہے اور انہیں اٹھنے کا حکم دیتے ہوئے ان پر لاتیں اور گھونسے برسانا شروع کر دیتا ہے۔ پھر لوگ مداخلت کرتے ہیں اور پولیس اہلکار کے اقدامات پر تنقید کرتے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد کانسٹیبل اور بھیڑ کے درمیان گرما گرم بحث شروع ہوگئی۔