Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی ہائی کورٹ کا ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ایکس اکاؤنٹ فوری بحال کرنے سے انکار

Updated: May 29, 2026, 10:04 PM IST | New Delhi

دہلی ہائی کورٹ نے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ایکس اکاؤنٹ فوری بحال کرنے سے انکار کر دیا، عدالت نے مہم کے بانی ابھیجیت دِپکے کو کہا کہ وہ جائزہ کمیٹی کے سامنے اپنی شکایت پیش کر سکتے ہیں۔

Abhijeet Deepke, founder of the political movement called cockroch Janata Party`. Photo: INN
’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نامی سیاسی مہم کے بانی ابھیجیت دپکے۔ تصویر: آئی این این

 دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نامی سیاسی مہم کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اکاؤنٹ فوری بحال کرنے سے انکار کر دیا، عدالت نے مہم کے بانی ابھیجیت دِپکے کو کہا کہ وہ جائزہ کمیٹی کے سامنے اپنی شکایت پیش کر سکتے ہیں۔ جسٹس پُرشیندر کمار کورو نے مرکزی حکومت اور ایکس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاملے پر فریقین کو سننے کے بعد غور کیا جائے گا۔ساتھ ہی انہیں چار ہفتوں میں جواب دینے کی ہدایت کی گئی۔عدالت نے کہا کہ درخواست پر ’جامع غور‘ کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے ’دور رس اثرات‘ ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اکاؤنٹ۲۱؍ مئی کو ’قانونی مطالبے پر‘ بلاک کیا گیا تھا۔ درخواست میں حکومت کے بلاکنگ آرڈر کو چیلنج کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر ’قومی سلامتی‘ کا حوالہ دیا گیا تھا۔عدالت نے آئی ٹی رولز کے تحت تشکیل کردہ جائزہ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت (۶؍ جولائی) سے پہلے درخواست گزار کی شکایت کا جائزہ لے۔تاہم امریکہ میں مقیم دِپکے کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کمیٹی میں پیش ہونے کی اجازت دی گئی۔ بعد ازاں دِپکے کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹ ’خالص طنز‘ پر مبنی ہے، پورا اکاؤنٹ بلاک کرنے کی بجائے صرف اعتراض کردہ پوسٹس روکی جا سکتی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اس سے متعلق قانون ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور یہ معاملہ مختلف نوعیت کاہے کیونکہ ’پوری سرگرمی اپنے آپ میں قدرے جارحانہ ہے‘۔
یاد رہے کہ یہ مہم۱۶؍ مئی کو شروع ہوئی تھی۔ دراصل چیف جسٹس سوریہ کانت نے۱۵؍ مئی کو اپنے تبصرے میں کچھ بیروزگار نوجوانوں کا موازنہ ’کاکروچ‘ سے کیا تھا۔ جس کے ردعمل کے طور پر سوشل میڈیا پر ملک کے نوجوانوں نےبڑے پیمانے پر دپکےکی مہم میں شامل ہوکر اسے ایک آن لائن سیاسی پارٹی کی شکل دے دی، جس کا نام، ’’ کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ رکھ دیا۔ حالانکہ اپنے تبصرے پر اس قدر شدید تنقید دیکھ کر چیف جسٹس نے بعد میں صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دئے گئے حوالے  کو غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ تاہم حکومت نے قومی سلامتی کا حوسالہ دیتے ہوئےاس پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ ہی بند کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK