اودھ کے روایتی کھانوں کی نمائندگی شیبا اقبال کریں گی، جبکہ بنگال کے ذائقے سمرن ہُدیٰ پیش کریں گی؛ ۱۳؍ سے ۱۵؍ نومبر تک ٹراونکور پیلس میں منعقدہ میلے میں لداخ، ناگالینڈ، میگھالیہ، جھارکھنڈ، کیرالہ، گوا اور دیگر علاقوں کے پکوان بھی دستیاب ہوں گے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 6:11 PM IST | New Delhi
اودھ کے روایتی کھانوں کی نمائندگی شیبا اقبال کریں گی، جبکہ بنگال کے ذائقے سمرن ہُدیٰ پیش کریں گی؛ ۱۳؍ سے ۱۵؍ نومبر تک ٹراونکور پیلس میں منعقدہ میلے میں لداخ، ناگالینڈ، میگھالیہ، جھارکھنڈ، کیرالہ، گوا اور دیگر علاقوں کے پکوان بھی دستیاب ہوں گے۔
ہندوستان کے مختلف علاقوں کے روایتی اور کم معروف پکوانوں کو ایک ہی مقام پر متعارف کرانے کے لیے تین روزہ ’کہانی: فوڈز آف انڈیا‘ فیسٹیول آج ۱۳؍ نومبر سے نئی دہلی میں شروع ہوگیا ہے۔ ۱۵؍ نومبر تک جاری رہنے والے اس میلے میں ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے ۱۲؍ شیف اپنی علاقائی کھانوں کی روایت، مقامی اجزا اور نسل در نسل منتقل ہونے والی ترکیبیں پیش کررہے ہیں۔ اس میں اودھ کے شاہی باورچی خانوں کی نمائندگی شیبا اقبال اور بنگال کے روایتی ذائقوں کی نمائندگی سمرن ہُدیٰ کریں گی۔ انڈیوفائل (Indophile) کے زیر اہتمام یہ میلہ وسطی دہلی کے ٹراونکور پیلس، کستوربا گاندھی مارگ میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس کا مقصد ہندوستانی کھانوں کو صرف مشہور ڈشوں اور بڑے ریستورانوں کے محدود تصور سے باہر نکال کر ان علاقائی اور گھریلو روایات سے متعارف کرانا ہے جو عموماً اپنے مخصوص علاقوں اور برادریوں تک محدود رہتی ہیں۔ منتظمین کے مطابق ہندوستان کے کھانوں کی اصل کہانی اس کی زمین، مقامی اجزا، برادریوں، نقل مکانی اور نسلوں سے منتقل ہونے والی گھریلو ترکیبوں میں پوشیدہ ہے۔
12 chefs. 12 distinct perspectives. A whole new way to savour India`s regional food heritage. At Kahaani: Foods of India, some of the country`s finest chefs will bring their own creative interpretations to hyperlocal dishes, celebrating the country`s unique flavours, ingredients and culinary traditions. Firstpost Flaunt, as Culture Partner, brings you closer to the action with @JoshBarnesnews and @GrihaAtul. Presented by Indophile as part of Incredible India at Travancore Palace, New Delhi, from 13th–15th November 2026. Get your tickets on https://t.co/ojJ5BABHmU now #FirstpostFlaunt
— Firstpost (@firstpost) November 12, 2026
اودھ کی نمائندگی کرنے والی شیبا اقبال لکھنؤ اور اس کے اطراف کے روایتی کھانوں اور شاہی باورچی خانوں سے جڑی پکوانوں کی روایت کو سامنے لائیں گی۔ اودھ کا کھانا اپنی دھیمی آنچ پر پکانے کی تکنیک، خوشبودار مصالحوں، گوشت کی مخصوص تیاری اور نفاست کے لیے معروف ہے۔ دوسری جانب سمرن ہُدیٰ بنگال کے کھانوں کی نمائندگی کریں گی، جہاں مچھلی، سرسوں، مقامی سبزیوں اور مخصوص مصالحوں کا استعمال علاقائی ذائقوں کو منفرد بناتا ہے۔ دونوں شیف اپنے اپنے خطے کی ایسی غذائی روایتوں کو دہلی کے کھانے کے شوقین افراد تک پہنچائیں گی جن سے بہت سے شہری صارفین عموماً واقف نہیں ہوتے۔ فیسٹیول میں لداخ کے شیف جگمت منگ یور مقامی جڑی بوٹیوں اور پہاڑی اجزا سے تیار ہونے والے کھانے پیش کریں گے۔ ناگالینڈ کے یمشن نارو جامیر ناگا آنگامی برادری کے پکوانوں سے متعارف کرائیں گے، جبکہ میگھالیہ کے اڈونیاہ لیونگڈوہ خاسی کھانوں کی نمائندگی کریں گے۔ جھارکھنڈ سے ڈاکٹر منیشا اوراؤں اپنی ’اوپن فارم‘ کے ذریعے آدیواسی کھانوں کی روایت پیش کریں گی۔ کیرالہ کی ٹریسا فرانسس وہاں کی قدیم شامی مسیحی برادری کے کھانوں کو متعارف کرائیں گی، جبکہ گوا کی شبھرا شنکھوالکر گوڑ سار سوت برہمن برادری کے گھریلو پکوان پیش کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے: نندوربار: غلطی سے زہریلا بیج کھاکر ۸؍بچے بیمار، ایک بچی ہلاک
گجرات کی نمائندگی کرنے والی شیف دیویا، پنیتا اور سندھیا اپنے علاقے کے سورت، کاٹھیاواڑ اور نڈیاڈ کے ذائقے پیش کریں گی۔ اتراکھنڈ کی یوجنا کھنڈوری ہمالیائی کھانوں اور مقامی جڑی بوٹیوں سے تیار ہونے والی روایتی غذاؤں کو سامنے لائیں گی، جبکہ کرناٹک کے علاقے کورگ کی نمائندگی سورج کاریپا کریں گے۔ ہندوستانی باربی کیو کے لیے بھی ایک خصوصی مینو رکھا گیا ہے۔ اس طرح میلے میں پہاڑی، قبائلی، ساحلی، گھریلو اور شاہی باورچی خانوں کی مختلف روایتیں ایک ساتھ دیکھنے اور چکھنے کا موقع ملے گا۔ اس تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ اسے محض کھانے پینے کے میلے تک محدود نہیں رکھا گیا۔ یہاں علاقائی دستکاری، مقامی طرزِ تعمیر اور روایتی فنون سے متاثر اسٹال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ایک خصوصی بازار میں ملک کے مختلف علاقوں کے غذائی اجزا اور مقامی مصنوعات دستیاب ہوں گی۔ لوک موسیقی اور رقص کی پرفارمنس بھی پروگرام کا حصہ ہیں، جبکہ کھانا پکانے کے عملی مظاہروں اور مباحثوں کے ذریعے ہندوستانی پکوانوں کی تاریخ، سائنسی پہلوؤں اور روایتی طریقوں پر گفتگو کی جائے گی۔
معروف شیف منیش مہروترا اور ریتو ڈالمیا بھی خصوصی لائیو کوکنگ ڈیمونسٹریشن پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ اے ڈی سنگھ، شیف سوویر سارن، مریم ریشی اور روچیرا ہون سمیت کھانے اور فوڈ کلچر سے وابستہ شخصیات مباحثوں میں شریک ہوں گی۔ اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (IGNCA) کی معاونت سے روزمرہ ہندوستانی باورچی خانوں میں استعمال ہونے والے قدیم برتنوں اور اوزاروں کی خصوصی نمائش بھی لگائی گئی ہے۔ اس میں روایتی دھاتی برتن، کھانا پکانے کے آلات، ذخیرہ کرنے کے ظروف اور گھریلو باورچی خانے سے وابستہ دیگر اشیا شامل ہیں۔ یہ ’کہانی‘ فیسٹیول کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ اس کا پہلا ایڈیشن فروری ۲۰۲۶ء میں منعقد ہوا تھا، جس میں دہلی کے مختلف علاقوں اور برادریوں کے کھانوں پر توجہ دی گئی تھی۔ اس مرتبہ دائرہ پورے ہندوستان تک وسیع کیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق فیسٹیول کو انکریڈیبل انڈیا پروگرام اور میگھالیہ، کرناٹک، کیرالہ اور جموں و کشمیر سمیت مختلف ریاستوں کی حمایت حاصل ہے۔ انڈیوفائل کی شریک بانی ایشوریہ جھا کے مطابق ہندوستان کا غذائی ورثہ زمین، لوگوں، ان کے سفر اور نسلوں کے تجربات سے تشکیل پانے والی کہانیوں کا ایک وسیع ذخیرہ ہے، اور اس فیسٹیول کے ذریعے ان کہانیوں کو ان شیفوں کی مدد سے سامنے لانے کی کوشش کی جارہی ہے جو اپنی برادریوں کی روایات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ۱۳؍ سے ۱۵؍ نومبر تک جاری رہنے والے اس میلے میں روزانہ دوپہر ۱۲؍ بجے سے سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ ٹکٹ بک مائی شو کے ذریعے دستیاب ہیں اور ان کی ابتدائی قیمت ۸۹۹؍ روپے ہے۔