• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نندوربار: غلطی سے زہریلا بیج کھاکر ۸؍بچے بیمار، ایک بچی ہلاک

Updated: November 13, 2026, 3:52 PM IST | Agency | Nandurbar

موڈل گاؤں میںیہ معاملہ پیش آیا ہے، ارنڈی کا بیج کھانے والے ایک بچے کی حالت نازک ہے۔

Children undergoing treatment can be seen at the Dhargaon government hospital. Photo: INN
دھڑگاؤں سرکاری اسپتال میں زیرعلاج بچے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ضلع کے دھڑگاؤں تعلقہ کے موڈل گاؤں میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں  کھیت کی منڈیر پر موجود ارنڈی کے درخت کے بیج کھیل کھیل میں کھانے سے ایک ہی خاندان کے۸؍ معصوم بچے غذائی سمیت کا شکار ہوگئے۔ اس افسوسناک واقعے میں علاج کے دوران ایک بچی کی موت ہوگئی، جبکہ ایک بچے کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر طرف افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، موڈل گاؤں کے اس قبائلی خاندان کے ماں باپ روزگار اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے دوسرے ضلع میں مزدوری کرنے گئے ہوئے ہیں۔ اس وجہ سے ان چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کی پوری ذمہ داری ان کے ضعیف دادا دادی پر تھی۔واقعے کے روز دادا دادی معمول کے مطابق مویشی چرانے کیلئے کھیت میں گئے ہوئے تھے۔ گھر میں کوئی بڑا موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچے کھیت کی منڈیر پر کھیل رہے تھے۔ اسی دوران تجسس کے باعث ان بچوں نے منڈیر پر موجود ارنڈی کے درخت سے بیج توڑ کر کھالیے۔

یہ بھی پڑھئے: پونے: سینہہ گڑھ ایجوکیشن سوسائٹی کی بے ضابطگیوں کی جانچ کا حکم

کچھ ہی دیر بعد تمام بچوں کو الٹیاں، متلی اور پیٹ میں درد کی شکایت ہونے لگی۔ ان بیجوں میں موجود زہریلے اجزا کے باعث بچوں کی طبیعت تیزی سے بگڑنے لگی۔تشویشناک معاملے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگوں اور رشتہ داروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تمام متاثرہ بچوں کو علاج کے لیے دھڑگاؤں کے دیہی اسپتال میں داخل کرایا۔ متاثرہ بچوں میں ۵؍ لڑکے اور ۳؍ لڑکیاں شامل ہیں۔ دھڑگاؤں کے دیہی اسپتال میں ڈاکٹروں نے فوری طور پر علاج شروع کردیا، لیکن افسوس کہ ان میں سے ایک معصوم بچی زندگی کی جنگ ہار گئی۔

خبررساں پورٹل کی رپورٹ کے مطابق باقی سات بچوں کا علاج جاری تھا، اسی دوران ایک بچے کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی۔ اسے بہتر اور انتہائی نگہداشت والے علاج کے لیے فوری طور پر نندوربار کے ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق، دیگر چھ بچوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔

معلوم ہوکہ پنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لئے نندوربار اور ساتپوڑا کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے کئی خاندان ہر سال گنے کی کٹائی یا دیگر مزدوری کیلئے دوسرے اضلاع میں نقل مکانی کرتے ہیں۔ ایسے میں پیچھے رہ جانے والے چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بزرگ دادا دادی پر آجاتی ہے۔اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کے پیچھے رہ جانے والے معصوم بچوں کی حفاظت، دیکھ بھال اور نگرانی کے حوالے سے ایک سنگین سوال کھڑا کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK