قومی راجدھانی کے حکومتی نظام کو آسان، تیزرفتار اور زیادہ عوام دوست بنانے کیلئے اس میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری، سب ڈیویژن دفاتر کی تعداد بھی بڑھےگی۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا۔ تصویر:آئی این این
دہلی حکومت قومی راجدھانی کے حکومتی نظام کو آسان، تیزرفتار اور زیادہ عوام دوست بنانے کیلئے اس میں بڑی تبدیلیاں کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت ، موجودہ۱۱؍ریوینیو اضلاع کو ۱۳؍ تک بڑھایا جائے گا۔ مزید برآں، سب ڈویژن دفاتر کی تعداد بھی۳۳؍ سے بڑھا کر ۳۹؍ کرنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ اس تبدیلی سےعوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کم کاٹنے پڑیں گے اور ان کے کام بھی تیز رفتاری سے ہوں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دہلی کابینہ نے اس تجویز کو اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ اب یہ تجویز لیفٹیننٹ گورنر(ایل جی) کے پاس بھیجی جائے گی۔ ایل جی کی طرف سے منظوری ملتے ہی دہلی میں نیا ضلع وارنظام نافذ ہو جائے گا۔ دہلی حکومت ہر ضلع میں ایک منی سیکریٹریٹ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جہاں امن و امان کے علاوہ تمام محکمہ جاتی کام ایک ہی کمپلیکس میں پورے ہوں ۔ اس دوران یہ بھی قیاس آرائی ہونے لگی ہےکہ بی جے پی حکومت دہلی کانام بدل کر اندرا پرستھ رکھنے کی بھی کارروائی کرسکتی ہے۔
کابینہ میں منظورکردہ تجویز کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے۱۱؍ زون کو بنیاد بناکر ضلع کی نئی حدود تجویز کی گئی ہیں۔ مجوزہ تبدیلیوں کے ایک حصے کے طور پر صدر زون کا نام تبدیل کرکے پرانی دہلی ضلع رکھا جائے گا۔ جمناپار علاقے میں مشرقی اور شمال مشرقی اضلاع کو ختم کر کے دو نئے اضلاع شاہدرہ شمالی اور شاہدرہ جنوبی بنائے جائیں گے۔ موجودہ شمالی ضلع کو دو حصوں سول لائنز اور پرانی دہلی میں تقسیم کیا جائے گا۔ جنوب مغربی ضلع کا ایک بڑا حصہ نئے نجف گڑھ ضلع میں شامل کیا جائے گا۔
دہلی حکومت کا دعویٰ ہے کہ راجدھانی کی ایک بڑی آبادی سرکاری کام کے لیے روزانہ مختلف سرکاری دفاتر کے چکر کاٹتی ہے۔ بسا اوقات ایک محکمہ سے دوسرے محکمے کے سفرمیں وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتا ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ اضلاع اور سب ڈویژنوں کی تعداد بڑھانے سے سرکاری خدمات عوام کے گھر کے قریب دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی فائل کا نپٹارا کرنے میں بھی تیزی آئے گی، دفتروں میں بھیڑ کم ہوگی اور انتظامی عمل میں شفافیت بڑھے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر دہلی کی تنظیم نو وقت کی ضرورت ہے۔ نئی ضلع بندی شہر کی انتظامیہ کو مزید جدید، موثر اور منظم بنائے گی۔
نئے اضلاع کی مجوزہ فہرست
پرانی دہلی - صدر بازار، چاندنی چوک
سینٹرل دہلی - ڈیفنس کالونی، کالکاجی
نئی دہلی - نئی دہلی، دہلی کینٹ
سول لائنس - علی پور، آدرش نگر،بادلی
قرول باغ - موتی نگر، قرول باغ
کیشو پورم - شالیمار باغ، شکور بستی، ماڈل ٹاؤن
نریلا - نریلا، منڈکا، بوانہ
نجف گڑھ - دوارکا، بجواسن-وسنت وہار، کاپس ہیڑا، نجف گڑھ
روہنی - روہنی، منگول پوری، کراڑی
شاہدرہ جنوبی - گاندھی نگر، وشواس نگر، کونڈلی
شاہدرہ شمالی - کراول نگر، سیما پوری، سیلم پور، شاہدرہ
جنوبی ضلع - مہرولی، مالویہ نگر، دیولی، آر کے پورم
مغربی ضلع - وکاس پوری، جنک پوری، مادی پور