Inquilab Logo

چھٹی کے باوجود بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کیلئے’ ای ایل‘ کا مطالبہ

Updated: May 04, 2024, 8:44 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کووڈ کےدوران گرمی اور دیوالی کی چھٹیوں میں ڈیوٹی کرنےوالے اساتذہ کی طرح الیکشن ڈیوٹی کرنےوالے اساتذہ کو ’ای ایل‘ دینے کی مانگ۔

Teachers performing BLO duty at the polling booth.  Photo: INN
اساتذہ پولینگ بوتھ پر بی ایل او کی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ تصویر : آئی این این

 کووڈ ۱۹؍ کے دوران متواتر ۲؍ سال تک گرمی اور دیوالی کی چھٹیوں میں بھی اساتذہ نے بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایماء پر مختلف قسم کی ڈیوٹی مثلاً کووڈ سینٹروں اور اسپتالوں میں صحت عامہ کے رضا کاروں کے ساتھ کام کیا تھا۔ چھٹی ہونے کے باوجود کی جانے والی ڈیوٹی کے عوض انہیں ارن لییو (ای ایل) دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تعلیمی تنظیموں کی ۳؍ سال کی انتھک کوششوں سے محکمہ تعلیم نے ان اساتذہ کی’ ای ایل‘ منظور کرلی ہے ۔ اسی طرح پارلیمانی الیکشن کی وجہ سے امسال شہر و مضافات کے اسکولوں کے تقریباً ۴؍ ہزار ۲۰۰؍ ٹیچروں کو گرمی کی چھٹی نہیں دی گئی ہے ، وہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کی ڈیوٹی کر رہے ہیں۔ ان کیلئےبھی ’ای ایل‘ کی منطوری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی وباء کے دوران ۲۰۲۰ء میں اساتذہ نے گرمی اور دیوالی کی چھٹیو ں کے دوران بھی ڈیوٹی کی تھی۔ اسی طرح ۲۰۲۱ء میں دیوالی کی چھٹی کے دوران اساتذہ کی ڈیوٹی جاری تھی جس کی وجہ سے اساتذہ کو ۲۰۲۰ء میں گرمی اور دیوالی اور ۲۰۲۱ء میں گرمی کی چھٹی نہیں ملی تھی ۔ ان ۲؍ سال میں اساتذہ نے مجموعی طور پر ۸۹؍ چھٹی والے دن کام کیا تھا۔ تعلیمی تنظیموں کی ۳؍ سال کی مسلسل جدوجہد کے بعد محکمہ تعلیم نے ان چھٹی والے دن ڈیوٹی کرنے کے عوض اساتذہ کو  ’ای ایل‘ دینے کا مطالبہ منظور کرلیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ووٹ کی طاقت سے ہم اپنا اور دیش کا بھلا کرسکتے ہیں‘‘

اس تعلق سے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق ’’ ۲۰۲۰ء میں گرمی کی چھٹی ۲؍ مئی تا ۱۳؍ جون تک دی گئی تھی ۔ ۴۳؍ دنوںکی چھٹی میں ۶؍ اتوار کی چھٹیاں کم کرنے پر ۳۷؍ دنوں کی چھٹی کے عوض اساتذہ کو ۳۷؍ دنوں کا’ ای ایل‘ دیا جائے گا۔ اسی طرح دیوالی کی چھٹی ۱۱؍تا۲۸؍ نومبردی گئی تھی۔ ۱۸؍ دنوں کی چھٹی میں سے ۲؍ اتوار کی چھٹی کم کر کے ۱۶؍ دنوں کی ای ایل منظور کی گئی ہے ۔ ۲۰۲۱ء میں گرمی کی چھٹی ۳؍مئی تا ۱۶؍ جون دی گئی تھی ۔ ۴۲؍ دنوں کی چھٹی میں سے ۶؍ا توار کی چھٹیاں کم کرنے پر ۳۶؍ دنوں کی ’ای ایل‘ منظور کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ان تینوں چھٹیوں کے ۸۹؍ دنوں کی ای ایل محکمہ تعلیم نے منظور کرلی ہے۔ 
 دریں اثناء پارلیمانی الیکشن کی وجہ سے امسال شہر ومضافات کے اسکولوں کے تقریباً ۴؍ ہزار ۲۰۰؍ ٹیچروں کو گرمی کی چھٹی نہیں دی گئی ہے  وہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کی ڈیوٹی کر رہے ہیں ۔ تعلیمی تنظیموں نے ان کیلئے بھی ای ایل کی منطوری کا مطالبہ کیا ہے ۔ مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’کووڈ کے دوران اساتذہ نے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ورکروں کے ساتھ گرمی اور دیوالی کی چھٹیوں کے دوران بھی شانہ بشانہ مل کر کام کیا تھا لیکن انہیں چھٹیوں میں کام کرنے کے عوض ای ایل نہیں ملی تھی۔  ہماری تنظیم گزشتہ ۳؍ سال سے ان ٹیچروں کے ای ایل کیلئے کوشاں تھی ۔ جمعرات ۲؍ مئی کو محکمہ تعلیم نے اس تعلق سے ایک سرکیولر جاری کر کے ای ایل کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح کووڈ کے دوران گرمی اور دیوالی کی چھٹیوں میں کام کرنے والے اساتذہ کو ای ایل دی گئی ہے اسی طرح پارلیمانی الیکشن کیلئے جو اساتذہ گرمی کی چھٹیوں میں کام کر رہے ہیں ،انہیں بھی ای ایل دی جائے ۔‘‘ایک سوال کے جواب میں عابد شیخ نے بتایا کہ ’’ شہر ومضافات کے تقریباً ۴ ؍ ہزار ۲۰۰؍ ٹیچر گزشتہ ۲؍ مہینے سے بی ایل او وغیرہ کی ڈیوٹی کر رہے ہیں۔ اسکولوںمیں گرمی کی چھٹی ہونے کے باوجود ان اساتذہ کو چھٹی نہیں دی گئی ہے۔ پارلیمانی الیکشن کے نتائج بعدانہیں بی ایل او کی ڈیوٹی سے مستثنیٰ کیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK