۱۰۸؍نمبر اور پرائیویٹ ایمبولنس سروسیز کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانےکی تجویز ۔ایمبولنس میں کیمروں اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ۔
EPAPER
Updated: September 24, 2026, 10:46 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
۱۰۸؍نمبر اور پرائیویٹ ایمبولنس سروسیز کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانےکی تجویز ۔ایمبولنس میں کیمروں اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ۔
سڑک حادثات کی وجہ سے ہونے والی اموات کی بڑھتی شرح پر قابو کیلئے ریاستی حکومت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر غور کررہی ہے جس کیلئے ۱۰۸؍نمبر اور پرائیویٹ ایمبولنس سروسیز کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانےکی تجویز تیار کی جارہی ہے تاکہ قریب ترین دستیاب ایمبولنس جائے حادثہ پر فوراً پہنچ سکے۔ ایمبولنس میں کیمروں اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ریاست میں سڑک حادثات سے ہونےوالی اموات کی بڑھتی تعداد کےپیش نظر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنےکی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ حادثے کے بعد قیمتی لمحے یعنی ’گولڈن آور‘ کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے فنڈز کا ۱۰؍ فیصد روڈ سیفٹی آڈٹ کیلئے مختص کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی نے ہمیشہ کی طرح نہایت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کا کھل کر دفاع کیا
پرتاپ سرنائک کی صدارت میں منترالیہ میں منعقدہ ۱۳۲؍ویں اسٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل کی میٹنگ میں سڑک حادثات کو روکنے اور ز خمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
پرتاپ سرنائک نے مشورہ دیا ہےکہ پولیس، صحت اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو ایک مشترکہ ورکنگ میکانزم تیار کرنا چاہئےتاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسپتال میں دا خل ہونے کے بعد علاج شروع کرنے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔
اسکیم کو موثر طریقے سے نافذ کرنے پر زور
میٹنگ میں صحت عامہ کے وزیر پرکاش ابیتکر اور تعمیرات عامہ کے وزیر شیویندرراجے بھوسلے بھی موجود تھے۔ان وزراء نے حادثے میں متاثرہونے والے افراد کے فوری علاج کو یقینی بنانے کیلئےپردھان منتری ماندت اسکیم کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔ اس اسکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ روپے فی شخص اور زیادہ سے زیادہ ۷؍ دن تک کیش لیس علاج کی سہولت دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھئے:۲؍اکتوبرکوممبئی میں تاجروں کا ’نویوپی آئی ڈے‘ منانے کا اعلان
قریب ترین دستیاب ایمبولنس فوراً پہنچ سکے
۱۰۸؍نمبراور پرائیویٹ ایمبولنس کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کی تجویز تیار کی جا رہی ہے تاکہ قریب ترین دستیاب ایمبولنس جائے حادثہ پر فوراً پہنچ سکے۔ ایمبولنس میں کیمروں اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم ہونی چاہئے تاکہ اسپتال کے ڈاکٹر حادثے کا شکار ہونے والے کی حالت دیکھ سکیں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اسپتال پہنچنے تک ایمبولنس میں موجود ڈاکٹرکی رہنمائی کی جاسکے۔ یہ خیال اس اجلاس میں پیش کیا گیا۔