Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میں خستہ حال سڑک اور نکاسی کا نظام درست کرنے کا مطالبہ

Updated: May 22, 2025, 12:08 AM IST | Nanded

موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی رہنمائی میں مقامی باشندوں نے انتظامیہ کو تحریری شکایت اور انتباہ پیش کیا

Road in the `Gunj to Mansoor Khan`s Mansion` area
’گنج تا منصورخان کی حویلی‘ علاقے میں واقع سڑک( تصویر: انقلاب)

 ناندیڑ شہر کے قدیم اور گنجان آباد والے  علاقے ’گنج تا منصور خان کی حویلی‘ میں سنگین شہری مسائل نے مقامی بشندوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بدھ کے روز یہاں کے لوگوں نے ’موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس‘ (ایم پی جے) کی رہنمائی میں   ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کو ایک تحریری یادداشت پیش  کی ۔
 شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہیں، جگہ جگہ گہرے گڑھے موجود ہیں جو برسات کے موسم میں جان لیوا خطرہ بن جاتے ہیں۔ نکاسی کے  ناقص نظام   کے باعث گندہ پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے اور بعض مقامات پر پینے کے پانی میں شامل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے صحت عامہ کیلئے سنگین خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو علاقے میں ملیریا، ڈینگی اور دیگر متعدی امراض تیزی سے پھیل سکتے ہیں جو  شہر کیلئے ایک نئی مصیبت کھڑی کر سکتے ہیں۔ 
  مذکورہ مکتوب میں   شہریوں نے واضح کیا ہے کہ مسلسل شکایات کے باوجود بلدیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث وہ اب اجتماعی آواز بلند کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ایم پی جے ناندیڑ کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد الطاف حسین، ایس ایم صمیم، اظہر خان اور محمد حبیب الدین نے کہا کہ صاف پانی، محفوظ سڑکیں اور صحت مند ماحول شہریوں کا آئینی حق ہے، جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کی جائے، پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ ساتھ ہی صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
 ’ترقی کا حق ‘ مہم کے تحت ایم پی جے ان دنوں مختلف علاقوں میں عوامی بیداری کی ایک مہم چلا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کیا جا سکے۔ اگر بلدیہ نے جلد اقدامات نہ کئے تو شہریوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ایک پرامن احتجاجی تحریک شروع کریں گے ،  جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔شہریوں کو توقع ہے کہ میونسپل کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام اس سنگین مسئلے پر فوری اور سنجیدہ توجہ دیں گے تاکہ علاقے کے مکین سکھ کا سانس لے سکیں۔ 
  یاد رہے کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے اس علاقے میں بارش کا پانی جمع رہتا ہے جو کہ مچھروں کی بہتات کا سبب بن رہا ہے اور آتے جاتے گاڑیوں کی وجہ سے  راہ گیروں پر پانی کے جو چھینٹے اڑتے ہیں سو الگ۔ اس کی وجہ سے مقامی باشندوں میں بے چینی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار انتظامیہ سے اس کی شکایت کر چکے ہیں۔ اس مکتوب کے بعد بھی اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج ہی ایک راستہ رہ جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK