• Wed, 29 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آدتیہ ٹھاکرے پروزیراعلیٰ اور ادھوٹھاکرے پرنائب وزیراعلیٰ کا جوابی حملہ

Updated: October 29, 2025, 10:52 AM IST | Agency | Mumbai

دیویندرفرنویس نے کہا :آدتیہ کو ’مہاراشٹر کا پپو‘ بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ ایکناتھ شندے نے شیوسینا سربراہ کو’ایناکونڈا‘ کہا

Eknath Shinde. Photo: INN
ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این
وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے منگل کو شیو سینا (ادھوٹھاکرے) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے کا اپنے اسمبلی حلقہ کی ووٹرلسٹ میں مبینہ تضادات پر ان کے پرزنٹیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’مہاراشٹر کا پپو‘ بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ’’ میں آدتیہ کو جانتا ہوں اور مجھے امید نہیں تھی کہ وہ ’’پپوگیری‘‘ کریں گے۔ ان کا کل کا پرزنٹیشن اُس کی نقل تھی جو (کانگریس رکن پارلیمان) راہل گاندھی پہلے کر چکے ہیں۔انہیں (آدتیہ)  ’مہاراشٹر کا پپو‘ بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ اپوزیشن جو کچھ کر رہا ہے، وہ اپنے دفاع کیلئے کررہا ہے۔‘‘
وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ  ’’وہ جانتے ہیں کہ شکست قریب ہے اور لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ ان کا طرز عمل جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔‘‘
واضح رہے کہ  رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے پیر کو  اپنے ورلی اسمبلی حلقہ میں ووٹرلسٹ میں تضادات  اور گڑبڑی کا الزام لگایا  جس میں نام، تصاویر، پتے اور یہاں تک کہ جنس بھی شامل ہے۔ انہوں نے اپنے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’یہ کوئی غلطی نہیں بلکہ دھوکہ دہی ہے۔جب پارٹیوں کو انتخابی فہرستوں کا مسودہ مل جائے گا تو ’جنگ‘ شروع ہو جائے گی۔‘‘ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے انتخابات سے قبل ہر وارڈ میں ووٹر لسٹ کا اچھی طرح سے مطالعہ کریں۔
یاد رہے کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات جنوری۲۰۲۶ ء تک   ہونے والے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ لوک سبھا میں   حزب اختلاف  کے لیڈر راہل گاندھی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے خلاف ’ووٹ چوری‘  کے الزامات لگائے ہیں ۔
دریں اثناء نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےبھی  منگل کو ادھو ٹھاکرے پر سخت تنقید کی اور انہیں ممبئی کے خزانے کے گرد کنڈلی مارے بیٹھا ’ایناکونڈا‘ کہا ۔ایکناتھ شندے کا یہ تبصرہ  ادھو ٹھاکرے کے اس بیان پر آیا ہے جس میں شیوسینا (یوبی ٹی) کے سربراہ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ’ایناکونڈا‘ قرار دیا تھا جو ممبئی کو نگلنا چاہتا ہے۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ شندے نے کہاکہ ’’جو لوگ (دوسروں کو) ایناکونڈا کہتے ہیں،  وہ خود ’ایناکونڈا ‘ہیں جو ممبئی کے خزانے کے گردکنڈلی مارے بیٹھے ہیں ۔ اس ’ایناکونڈا‘ کی خاصیت یہ ہے کہ اس کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا  ۔ انہوں نے ممبئی، اس کے خزانے، بہت سے پلاٹ، یہاں تک کہ مریضوں کیلئے ’کھچڑی‘ (کووڈ- ۱۹؍ وباء کے دوران) نگل لی۔ انہوں نے باڈی بیگ میں بدعنوانی کی یہاں تک کہ  میٹھی ندی کے کیچڑ میں بھی۔ اس ’ایناکونڈا ‘کی بھوک کبھی مٹ نہیں سکتی  ۔ انہوں نے مخالف پارٹی کے مبینہ گھپلوں میں ملوث ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ سب کہا۔
یاد رہے کہ پیر کوامیت شاہ کے بارے میں ادھو ٹھاکرے کے بیان پر بی جے پی کی طرف سے بھی سخت تنقید کی گئی۔ ریاستی  وزیر چندر شیکھر باونکلے نے کہا کہ ٹھاکرے ریاستی اسمبلی انتخابات میں اپنی شکست کی وجہ سے افسردہ ہیں۔  انہوں نے کہاکہ ’’ادھو جی کو اپنے آپ کو آئینے میں دیکھنا چاہئے کیونکہ وہ ایک اژدہا ہے جو بے کار جھوٹ بولتا ہے اور دوسروں کی سخت محنت پر پھنکارتا ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK