Inquilab Logo Happiest Places to Work

حکومت کے اعلان کے باوجود سمردھی ہائی وے پر الیکٹرک گاڑیوں کا ٹول ٹیکس معاف نہیں

Updated: June 27, 2025, 1:17 PM IST | Agency | Mumbai

مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے چلن کوفروغ دینے کیلئے ۲۳؍ مئی ۲۰۲۵ء کو ایک حکم نامہ جاری کرکے سمردھی ہائی وے، اٹل سیتو اور ممبئی۔ پونے ایکسپریس وے جیسے اہم راستوں پر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹول ٹیکس معاف کر دیا تھا۔

A toll plaza on the Samriddhi Highway. Photo: INN
سمردھی ہائی وے کا ایک ٹول ناکہ۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے چلن کوفروغ دینے کیلئے ۲۳؍ مئی ۲۰۲۵ء کو ایک حکم نامہ جاری کرکے سمردھی ہائی وے، اٹل سیتو اور ممبئی۔ پونے ایکسپریس وے جیسے اہم راستوں پر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹول ٹیکس معاف کر دیا تھا۔ حکم نامے میں ہدایت دی گئی تھی کہ ۳۰؍ دنوں کے اندر اس تعلق سے قواعد تیار کئے جائیں اور انہیں نافذ کر دیا جائے۔ اس حکم کو جاری ہوئے ۳۰؍ دنوں سے اوپر ہو چکے ہیں لیکن اب تک سمردھی ہائی وے پر الیکٹرک گاڑیوں کا ٹول ٹیکس معاف نہیں کیا گیا ہے۔ 
 سرکاری حکم نامہ جاری ہونے کے بعد گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں نے راحت کا سانس لیا تھا اور الیکٹرک گاڑی والے ان راستوں پر سفر کرنے کو ترجیح دے رہے تھے لیکن ان راستوں پر افسران نے اب تک سرکاری حکم نامے کو عملی جامہ نہیں پہنایا ہے بلکہ یہاں الیکٹرک گاڑیوں سے پہلے کی طرح ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ بعض مرتبہ مسافروں کی ٹول ناکے پر حجت بھی ہو جاتی ہے اور تنازع بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ مسافر، اہلکاروں پر بے ایمانی کا الزام لگاتے ہیں تو اہلکار انہیں سخت سست کہتے ہیں۔ 
  عام مسافر یہی سمجھ رہے ہیں کہ حکومت نے سمردھی ہائی وے پر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹول ٹیکس معاف کر دیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی اسکا نفاذ عمل میں  نہیں آیا ہے۔  ان راستوں سے گزرنے والے گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ افسران کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد حکومت کے فرمان کو عمل میں لائیں ورنہ یہ سمجھا جائے گاکہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹول معافی کا اعلان صرف کاغذ پر کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK