ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کرنے اور ان کی تکمیل پر سیاسی کریڈٹ لینے کی دوڑ تو اکثر دیکھنے میں آتی ہے لیکن جب انہی کاموں کا معیار چند ماہ میں جواب دینے لگے تو ذمہ داری قبول کرنے کے لیے کوئی آگے نہیں آتا۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 12:03 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Shahad
ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کرنے اور ان کی تکمیل پر سیاسی کریڈٹ لینے کی دوڑ تو اکثر دیکھنے میں آتی ہے لیکن جب انہی کاموں کا معیار چند ماہ میں جواب دینے لگے تو ذمہ داری قبول کرنے کے لیے کوئی آگے نہیں آتا۔
ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کرنے اور ان کی تکمیل پر سیاسی کریڈٹ لینے کی دوڑ تو اکثر دیکھنے میں آتی ہے لیکن جب انہی کاموں کا معیار چند ماہ میں جواب دینے لگے تو ذمہ داری قبول کرنے کے لیے کوئی آگے نہیں آتا۔ کلیان۔احمد نگر ہائی وے پر واقع شہاڈ ریلوے فلائی اوور کی موجودہ حالت بھی کچھ ایسی ہی کہانی بیان کررہی ہے۔ تقریباً ۱۲ کروڑ روپے کی لاگت سے مرمت اور مضبوطی کا کام مکمل ہونے کےمحض ایک سال کے اندر ہی پل پر دو مرتبہ بڑے گڑھے پڑجانے سے تعمیراتی کام کے معیار پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: شانتی نگر میں غیر قانونی جم کومیونسپل کارپوریشن نے سیٖل کردیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد اس کا کریڈٹ لینے کے لیے سیاسی حلقوں میں ۳؍ مرتبہ افتتاح کیا گیا تھا لیکن اب جب پل کی حالت خستہ ہوچکی ہے تو اس وقت کریڈٹ لینے کے لئے پیش پیش رہنے والے سیاسی لیڈر اب مکمل طور پر خاموش ہیں۔
کلیان، شہاڈ، الہاس نگر اور اطراف کے علاقوں کو جوڑنے والا ریلوے فلائی اوور ٹریفک کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس راستے سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں دو پہیہ، چار پہیہ اور بھاری گاڑیاں گزرتی ہیں۔ایسے اہم اور مصروف راستے پر بڑا سا گڑھا پڑجانے سے گاڑی سواروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔خصوصاً دو پہیہ گاڑی سواروں کے لئے اس پل سے گزرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔رات کے وقت روشنی کی کمی اور گڑھے کا صحیح اندازہ نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خطرناک ہوگئی ہے۔
مرمتی کام کی تکمیل پر سیاسی کریڈٹ لینے کے لیے سرگرم رہنے والے لیڈران سے شہری اب یہ سوال کررہے ہیں کہ اگر ۱۲ کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود محض ایک سال میں سڑک پر دو مرتبہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ کیا مرمتی کام کے معیار کی مناسب جانچ کی گئی تھی؟ کیامتعلقہ ٹھیکیدار نے مقررہ معیار کے مطابق کام انجام دیا تھا؟ کیا معیار کی نگرانی کے ذمہ دار افسران نے موقع پر پہنچ کر کام کا معائنہ کیا تھا؟ ان سوالات نے پورے مرمتی کام کی شفافیت اور معیار کو مشکوک بنا دیا ہے۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شہاڈ فلائی اوور پر پڑے گڑھے کو فوری طور پر بھرا جائے۔ واضح رہے کہ ۲۰۲۵ فلائی اوور کو درستگی کے لئے ۲ ؍مہینے تک ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا تھا۔کام مکمل ہونے کے بعد سیاسی لیڈران کے درمیان اس کا کریڈٹ لینے کی ایسی دوڑ شروع ہوئی کہ تین مرتبہ افتتاحی تقریبات منعقد کرنے کی کوشش کی گئی۔اس وقت کام کی کامیابی کا سہرا اپنے سر باندھنے کیلئے بے تاب سیاسی شخصیات اب پل پر دوبارہ گڑھے پڑنے کے بعد جوابدہی کیلئے آگے آئیں گی یا نہیں یہ دیکھنا اہم ہوگا۔