Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئے سال کا استقبال و جشن : رائے گڑھ ضلع میں سیاحوں کی آمد، تفریحی مقامات و ہوٹل ہاؤس فل

Updated: December 29, 2025, 2:13 PM IST | Siraj Sheikh | Raigad

۶؍لاکھ سیاح ضلع میں پہنچ چکے۔ ممبئی گوا شاہراہ کے علاوہ ریاستی سڑکیں بھی جام،ساحلوں پر پولیس کی کڑی نظر، موج مستی کرنے اور شراب پی کر گاڑیاں چلانے والوں کی خیر نہیں۔

This is how busy Kashid Beach is these days due to the influx of tourists. Picture: INN
سیاحوں کی بھیڑ کے سبب کاشید بیچ پر اِن دنوں اس طرح کاماحول ہے۔ تصویر: آئی این این
رائے گڑھ ضلع سیاحوں کی پہلی پسند بنتا جا رہا ہے۔ اس بار بھی نئے سال کا جشن منانے کے لئے بڑی تعداد میں سیاح یہاں پہنچ چکے ہیں ۔ضلع کے تمام اہم سیاحتی مقامات’ہاؤس فل‘ہو گئے ہیں۔ تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاح ساحلوں کے ساتھ ساتھ تاریخی اور مذہبی مقامات پر بھی پہنچ گئے ہیں۔ ضلع کے سیاحتی مراکز بشمول علی باغ، مروڈ جنجیرہ، کاشد، کہیم، ہری ہریشور، ماتھیران، کرنالا سینکچری سیاحوں سے بھر گئے ہیں۔ اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق صرف ۵؍ دنوں میں تقریباً ایک لاکھ سیاحوں نے علی باغ اور مروڈ کے علاقوں کا دورہ کیا۔
دیوالی سے شروع ہونے والا سیاحتی سیزن اب سرد موسم اور لگاتار تعطیلات کی وجہ سے اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ اس سے مقامی لوگوں کیلئے اچھے دن آئے ہیں۔ ، گھوڑا گاڑیاں، واٹراسپورٹس وغیرہ جیسے کاروبار عروج پر ہیں۔ لاج اور ریزورٹس نے بھی بڑی تعداد میں بکنگ حاصل کی ہے۔ ساحلوں کے ساتھ ساتھ، رائے گڑھ قلعہ، مہاڈ، پالی کے اشٹ ونائک مندر، سالو میں برلا گنیش مندر میں بھی بڑی تعداد میں عقیدت مند اور سیاح آنے لگے ہیں۔یہاں بڑھتی ہوئی بھیڑ نے سیاحت کے کاروبار کو اچھا فروغ دیا ہے۔ ان دنوں ساحلوں پر زیادہ بھیڑ ہے۔یہاں پر ٹہلنے کے بعد سیاح خوشی سے پانی میں غوطہ لگا رہے ہیں اور اے ٹی وی رائیڈز سمیت مختلف واٹر اسپورٹس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔بنانا رائیڈ، جیٹ سکی، اور پیرا سیلنگ کی خاص مانگ ہے۔ اونٹوں کی سواری اور گھوڑے کی گاڑیاں چھوٹے بچوں کو بھی خوش کرتی نظر آتی ہیں۔ بچوں کی بڑی تعداد ریت پر گھروندے بناتے اور مختلف کھیل میں مشغول نظر آرہی ہے۔ جمعہ ، سنیچر اور اتوار کو مروڈ جنجیرہ قلعہ کو دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی بھیڑ تھی۔ سیاحوں کی آمد نے ساحلوں کو کھچا کھچ بھر دیا ہے اور مقامی تاجروں کو بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ کشتی رانی کے کاروبار کرنے والوں، اسٹال ہولڈرز، ناریل پانی بیچنے والوں وغیرہ کے کاروبار اس وقت عروج پر ہیں۔
کرسمس گزر چکا ہے اور نئے سال کی آمد آمدہےاور ان تعطیلات کے درمیان ممبئی گوا ہائی وے پر سیاحوں کا بہت زیادہ رش دیکھنے میں آیا ہے۔رائے گڑھ ضلع کے سیاحتی مقامات، ممبئی، پونے، بنگلورو، دہلی اور ملک اور بیرون ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں سے بھر گئے ہیں، جس سے سیاحت کی صنعت کو بڑا فروغ ملا ہے۔
ضلع میں ہونیوالی سرگرمیاں اورپولیس کے اقدامات 
رائے گڑھ ضلع میں تھرٹی فرسٹ کی تقریبات کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد ضلع میں پہنچ چکی ہے۔ ہوٹل اور ریزارٹس نے پرکشش پیکجز، ثقافتی پروگرام، ڈسکوز اور تفریحی سہولیات فراہم کی ہیں۔
ضلعی پولیس نے سیاحوں کی حفاظت کیلئے  تمام ساحلوں اور دیگر تفریحی مقامات پر سیکوریٹی بڑھا دی ہے اور ہر ساحل پر پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں۔ پولیس حد سے زیادہ جوشیلے اور نشے میں دھت سیاحوں پر کڑی نظر رکھے گی اور کھلے عام شراب نوشی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
اہم چوکیوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں کہ وہ اپنی تفریح اورجشن سے دوسروں کی پریشانی کا باعث نہ بنیں۔ چونکہ سیاح اوسطاً پانچ دن ضلع میں قیام کریں گے، اس لیے ٹریفک کے مسائل سے بچنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
 سال۲۰۲۵ء کو الوداع کہنے اور سال نو کے استقبال  کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ ہوٹلوں کو بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اسلئے آ ئندہ دو ہفتوں تک سیاح ضلع کے ہوٹلوں کے ساتھ ساحل سمندر اور سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
آنچل دلال، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ  ساحلوں پر پولیس کی کڑی نظر رہے گی۔وہاں دھینگا مشتی کرنے والوں اورشرابیوں پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ضلع کے مختلف اہم ناکوں پر ناکہ بندی کر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ضلع کے مذہبی مقامات پر درشن کیلئے آنے والے عقیدتمندوں کیلئے پولیس نے وسیع انتظامات کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK