Updated: November 22, 2026, 9:06 PM IST
| Antalya
فلسطینی فلمساز دارین جے سلام نے خبردار کیا ہے کہ جنگوں کی تباہ کاریاں صرف انسانی جانوں اور آبادیوں تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ماحول، قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثے کو بھی طویل عرصے تک متاثر کرتی ہیں۔ ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31 کے موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطین اور لبنان میں جنگی کارروائیوں کے ماحولیاتی اثرات آنے والی نسلوں کے لیے بھی سنگین مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ فلم ’’فرحہ‘‘ کی ہدایتکار نے سنیما کو ان انسانی اور ماحولیاتی المیوں کی حقیقت دنیا تک پہنچانے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
دارین جے سلام۔ تصویر: ایکس
فلسطینی فلمساز دارین جے سلام نے خبردار کیا ہے کہ جنگیں صرف انسانی جانوں اور آبادیوں کو ہی نقصان نہیں پہنچاتیں بلکہ ان کے اثرات ماحول، قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثے پر بھی طویل عرصے تک باقی رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تباہی کو انسانی مصائب سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا، کیونکہ دونوں ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ’’فرحہ‘‘ (Farha) کی ہدایتکار دارین جے سلام نے ترکی کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگوں میں استعمال ہونے والے ہتھیار پانی، زمین اور فضا کو طویل مدتی نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس کے اثرات نہ صرف متاثرہ علاقوں میں رہنے والی آبادی بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے بعد برطانیہ میں بھی انتھروپک کے خلاف احتجاج
دارین جے سلام کو ۱۴؍ نومبر کو منعقد ہونے والے کلائمٹ شارٹ فلم مقابلے میں ’’اسپرٹ آف سولیڈیریٹی ایوارڈ‘‘ (Spirit of Solidarity Award) سے نوازا گیا۔ ’’ہماری دنیا، ہمارا مشترکہ گھر‘‘ (Our World, Our Common Home) کے عنوان سے منعقدہ اس مقابلے میں دنیا بھر سے ۲۷۹؍ فلمیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے ۱۰؍ فلموں کو آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا۔ دارین جے سلام نے اس مقابلے میں ترکی کے فلم سازوں اور فنکاروں کے ساتھ جیوری کی رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سنیما جنگوں کے انسانی اور ماحولیاتی اثرات کو دنیا کے سامنے لانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ فلمسازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی کہانیاں بیان کریں تاکہ ان کی تاریخ، شناخت اور ثقافتی ورثے کو مٹانے کی کوششوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور نوجوانوں کی آمدورفت پر تاریخی معاہدہ
فلمساز کے مطابق اسرائیلی قبضے اور فوجی کارروائیوں کے ماحولیاتی اثرات صرف غزہ اور فلسطین تک محدود نہیں بلکہ جنوبی لبنان میں بھی زرعی زمینوں، مٹی اور مقامی آبادیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی علاقے میں تیل، کیمیائی مادوں اور دیگر آلودہ عناصر کے ذریعے ماحول تباہ ہوتا ہے تو اس کا اثر وہاں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں پر بھی پڑتا ہے۔ ان کے بقول انسانی تکالیف اور ماحولیاتی تباہی ایک دوسرے سے الگ نہیں ہیں۔ دارین جے سلام نے فلسطین میں جاری تباہی کی تاریخی حقیقت کی جانب بھی توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں آج جو تباہی دکھائی دے رہی ہے، اس کا آغاز حالیہ برسوں میں نہیں ہوا بلکہ فلسطینی عوام ۱۹۴۸ء سے مسلسل اس صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم ’’فرحہ‘‘ کے ذریعے عالمی ناظرین کو فلسطینی مصائب کا تاریخی پس منظر سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے فلمی صنعت سے یہ اپیل بھی کی کہ فلموں کی تیاری میں ماحول دوست طریقے اپنائے جائیں۔ ان کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کا شعور صرف فلموں کی کہانیوں میں ہی نہیں بلکہ فلم سازی کے عملی مراحل میں بھی نظر آنا چاہیے۔