Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی بچاؤ آندولن کی میٹنگ میں۵؍ اہم نکات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ

Updated: August 03, 2026, 12:00 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۱۵؍ اگست کو ترنگا یاترا نکالی جائے گی۔ اس کے ذریعے ایس آر اے اور اڈانی کمپنی کی من مانی،۸۵؍سو درختوں کو کاٹنے کے فیصلے کے علاوہ دیگر مسائل پر آواز بلند کی جائےگی ۔

Dharavi Meeting.Photo:INN
دھاراوی میں میٹنگ۔ تصویر:آئی این این
’ دھاراوی بچاؤ آندولن‘ کے کوآرڈینیٹروں کی میٹنگ بلائی گئی۔ بابا صاحب امبیڈکر اسکول کے قریب این سی پی (شرد پوار)  کے دفتر میں ہونے والی اس میٹنگ میں ۵؍اہم نکات پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اول۱۵؍ اگست۲۰۲۶ءکو دھاراوی بچاؤ ترنگا یاترا سہ پہر 3 بجے نکالی جائے گی۔ دھاراوی بچاؤ ترنگا یاترا سنویدھان چوک، مکند نگر، سیون باندرہ لنک روڈ سے شروع ہوگی اور دھاراوی مین روڈ، دھاراوی کولی واڑہ، دھاراوی پوسٹ آفس، لیدر مارکیٹ، بڑی مسجد، ایرانی ہوٹل، کراس روڈ، اور آکاش واڑی گیٹ سے ہوتے ہوئے این ایس سی پی کے دفتر پر اختتام پزیر ہوگی۔دھاراوی بچاؤ آندولن، ایم پی انل دیسائی، ایم پی ورشا گائیکواڑ، ایم ایل اے جیوتی گائیکواڑ، ایم ایل اے مہیش ساونت اور شیو سینا یو ٹی بی اور کانگریس کارپوریٹروں کو اس میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس یاترا میں دھاراوی بچاؤ آندولن کے تمام کوآرڈینیٹر، ہزاروں کارکنان دھاراوی کے باشندوں کے ساتھ شرکت کریں گے۔اسی دن شام ۵؍ بجے  دھاراوی بچاؤ آندولن کے دفتر کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔
 
 
ترنگا یاترا کے بنیادی مقاصد 
دھاراوی بچاؤ ترنگا یاترا کا بنیادی مطالبہ یہ ہوگا کہ دھاراوی کے تمام باشندوں کو دھاراوی میں ہی گھر اور دکانیں دی جائیں۔ ایس اے آر کو دھاراوی کے رہائشیوں کو نوٹس جاری کرکے ڈرانا اور دستاویزات جمع کروانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ دھاراوی کے تمام باشندوں کو۵۰۰؍ مربع فٹ کا مکان دیا جائے اور گھر کے بدلے گھر، دکان کے بدلے دکان، گودام کے بدلے گودام۔اسی طرح دھاراوی کے اندر کمہارواڑہ اور کولی واڑا کو برقرار رکھا جائے۔ دھاراوی کا ایک بھی باشندہ دیونار ، ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ یا دھاراوی سے باہر نہیں جائے گا۔ اس کے علاوہ سائن ریلوے پل کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ عوام کی مشکلات دور ہوں۔
  اسی طرح دوران میٹنگ اس پر بھی سخت ناراضگی ظاہر کی گئی کہ ایس آر اے کی طرف سے جاری کردہ  نوٹس میں دھمکی دے کر دھاراوی کے مکینوں پر اپنے مکان کے دستاویزات جمع کرانے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ اس تعلق سے دھاراوی بچاؤ آندولن دھاراوی کے باشندوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کوئی نوٹس قبول نہ کریں، کوئی دستاویز جمع نہ کرائیں اور ایس آر اے یا اڈانی گروپ کے کسی کاغذات یا خط پر دستخط نہ کریں۔ بائیو میٹرک سروے میں بھی حصہ نہ لیں۔ اس کے خلاف دھاراوی بچاؤ آندولن جلد ہی وکلاء کی ایک ٹیم کو قانونی مدد فراہم کرنے کے لئے مہیا کرائے گا۔ اس کے علاوہ ’ڈور ٹو ڈور‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر، دھاراوی بچاؤ آندولن دھاراوی کے باشندوں سے ملاقات کرے گا، وکلاء کی ٹیم ان کے مسائل سنے گی۔
ساتھ ہی دھاروی بچاؤ آندولن کا ایک وفد جلد ہی وزیر اعلی دیویندر فرنویس سے بھی ملاقات کرے گا۔دھاراوی بچاؤ تحریک کو مزید تیز کرنے اور دھاراوی بچاؤ آندولن کی حمایت کرنے کے لئے ایک وفد  ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے سے بھی ملاقات کرے گا۔دھاراوی بچاؤ آندولن دھاراوی میں رہنے والوں کے مکانات اور دکانوں کے مطالبات اڈانی کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہے۔ اس ضمن میں شیو سینا یو ٹی بی کے سربراہ ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔
 
 
ماحولیات کے لئے خطرناک ہے
اس میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بی ایم سی اور اڈانی کمپنی نے دھاراوی میں۸۵؍سوسے زیادہ درخت کاٹنے کا فیصلہ کیا ہے جو ماحولیات کے لئے انتہائی نقصان دہ بلکہ حددرجہ خطرناک ہے۔ اس پر شدت سے احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ واپس لیا جائے اور کسی قیمت پر درختوں کو نہ کاٹا جائے ۔یہ تفصیلات میٹنگ میں موجود کامریڈ نصیرالحق نے نمائندہ انقلاب کو بتائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK