۵؍ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک جام کا مسئلہ دور کرنے کی حکومت کی کوشش۔
EPAPER
Updated: February 23, 2026, 10:32 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
۵؍ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک جام کا مسئلہ دور کرنے کی حکومت کی کوشش۔
کلیان لوک سبھا حلقے میں برسوں سے جاری ٹریفک کے سنگین مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور علاقے کی ترقی کو نئی جہت دینے کے لئے ریاستی حکومت نے کمر کس لی ہے۔ اس وقت پورے علاقے میں ہزاروں کروڑ روپے کی لاگت سے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں میٹرو، فری وے اور ڈبل ڈیکر فلائی اوور جیسے میگا پروجیکٹس کا تعمیراتی کام جاری ہے جن کی تکمیل سے کلیان اور اطراف کے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملنے کی امید ہے۔
گزشتہ روز ڈاکٹر شری کانت شندے نے کلیان اور ڈومبیولی میں زیر تعمیر منصوبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ تقریباً ۵ ؍ہزار کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹس کو منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف کلیان ڈومبیولی بلکہ پورے انتخابی حلقے کی تصویر بدل جائے گی اور عوام کو سفری سہولیات کا ایک عالمی معیار کا نظام میسر ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبرا: روزہ داروں کیلئے جتیندر اوہاڑ کی طرف ممبرا اسٹیشن سےشیل پھاٹا فری بس سروس
ایرولی تا کٹائی ناکہ فری وے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ اس منصوبے کا ممبرا تک کا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ بقیہ کام کے لئے۹۰۰؍ کروڑ روپے کی اضافی رقم منظور کی گئی ہے۔ اس شاہراہ کے مکمل ہوتے ہی ایرولی سے کٹائی ناکہ کا طویل سفر جو گھنٹوں پر محیط ہوتا تھا سمٹ کر صرف ۱۵ ؍منٹ رہ جائے گا۔ مزید برآں، شیل پھاٹا پر زیر تعمیر انڈر پاس سے اس جنکشن پر ہونے والے ٹریفک کے پیچیدہ مسائل کا مستقل حل نکل آئے گا۔
میٹرو لائن ۱۲؍کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ حکومت نے میٹرو ۱۲؍ کی الائنمنٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے اب شیل پھاٹا سے تلوجہ تک لے جانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے ممبرا کوسہ، دیوا اور ۲۷ ؍گاؤں کے مکینوں کو میٹرو کی براہ راست سہولت میسر آئے گی۔ دوسری جانب درگاڑی چوک سے الہاس نگر اور امبرناتھ تک میٹرو لائن ۵؍ کو بھی منظوری مل گئی ہے۔
شہر کو ٹریفک سے پاک بنانے کیلئے ناگپور کے کامیاب ماڈل کی طرز پر مہاپے سے بھیونڈی کے راجنولی ناکہ کے درمیان ایک ایکسیس کنٹرول ڈبل ڈیکر فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اہم منصوبے کیلئے ۲۸۰۰ ؍کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔