• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں مبینہ ووٹ چوری کے خلاف دھرو راٹھی کا لندن میں احتجاج کا اعلان

Updated: October 17, 2026, 1:03 PM IST | London

یوٹیوبر دھرو راٹھی نے ہندوستانی جمہوریت کو لاحق خطرات اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر میں احتجاج کی اپیل کی ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب راٹھی کو دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج سے قبل حراست میں لیا گیا تھا، جسے انہوں نے اغوا قرار دیا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یوٹیوبر دھرو راٹھی نے سنیچر، ۱۷؍ اکتوبر کو لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر میں مبینہ ’ووٹ چوری‘ اور ہندوستانی جمہوریت کو لاحق خطرات کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ دھرو راٹھی کو حال ہی میں ۱۰؍ اکتوبر کو دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ہونے والے احتجاج سے چند گھنٹے قبل گروگرام میں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم، یوٹیوبر نے الزام لگایا تھا کہ انہیں ’’اغوا‘‘ کیا گیا ہے۔

لندن میں احتجاج کی اپیل

دھرو راٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’میں ابھی لندن پہنچا ہوں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے حامیوں سے دوپہر ۱۲؍ بجے مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے جمع ہونے کی اپیل کی۔ ایک سخت الفاظ پر مشتمل پوسٹ میں راٹھی نے لکھا، ’’اب وقت آگیا ہے کہ دنیا ’ووٹ چور‘ اور جمہوریت کے قاتل کی حقیقت دیکھے۔ بین الاقوامی سطح پر ڈنکا بجانے کا وقت آگیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اگر آپ یہاں موجود ہیں تو کل دوپہر ۱۲؍ بجے پارلیمنٹ اسکوائر میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے ہونے والے احتجاج میں شامل ہوں۔ جے ہند۔‘‘

مجھے حراست میں نہیں لیا گیا، اغوا کیا گیا

حراست سے رہائی کے بعد دھرو راٹھی نے دعویٰ کیا کہ تقریباً ۲۰؍ افراد صبح ۷؍ بجے کے قریب ان کے گھر پہنچے اور انہیں وہاں سے لے گئے۔ ان کے مطابق، وہ افراد انہیں کئی پولیس اسٹیشنوں میں لے کر گئے۔ راٹھی نے دعویٰ کیا کہ وہ ان افراد کی شناخت کی تصدیق کرنے یا یہ پوچھنے سے پہلے کہ وہ کیوں آئے ہیں، انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’مجھے حراست میں نہیں لیا گیا تھا، بلکہ اغوا کیا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے لے جانے کے طریقۂ کار پر بھی سوالات اٹھائے۔ قیاس آرائیوں کے درمیان اپنی ہندوستانی شہریت کی تصدیق کیلئے راٹھی نے ایک ویڈیو میں اپنا ہندوستانی پاسپورٹ بھی دکھایا۔ انہوں نے ان الزامات کی بھی تردید کی کہ ان کا احتجاج میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

دھرو راٹھی نے لندن میں احتجاج کی اپیل کیوں کی؟

لندن میں بین الاقوامی احتجاج کی یہ اپیل نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے درمیان سامنے آئی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اور شہری حقوق کی تنظیمیں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ حال ہی میں اس احتجاج میں شدت آئی، جہاں مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران مظاہرین اور دہلی پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بعد ازاں جنتر منتر کو احتجاج کیلئے مقررہ مقام کی فہرست سے خارج کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK