شہر کے پرانے ناگپور، سورت ہائی وے پر بڑا حادثہ ٹل گیا،زیر تعمیر پل کے کام کے معیار اور حفاظت پر سوالیہ نشان۔
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 5:20 PM IST | Ismail Shad | Mumbai
شہر کے پرانے ناگپور، سورت ہائی وے پر بڑا حادثہ ٹل گیا،زیر تعمیر پل کے کام کے معیار اور حفاظت پر سوالیہ نشان۔
دھولیہ شہر کے پرانے ناگپور ، سورت ہائی وے پر مغلائی علاقے میں واقع موتی نالے پر زیر تعمیر نئے متوازی پل کا ایک بڑا حصہ بدھ کی دوپہر اچانک منہدم ہو گیا۔ جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ خوش قسمتی سے درپیش حادثے کے وقت تعمیراتی جگہ پر کوئی مزدور موجود نہیں تھا۔ جس کی وجہ سے ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے ٹل گیا۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کچھ دیر کی بھی تاخیر ہوتی تو ایک ہولناک حادثہ پیش آسکتا تھا۔
معلوم ہوکہ پرانے ناگپور سورت ہائی وے دھولیہ شہر سے ساکری، نواپور اور گجرات کی طرف جانے والا ایک انتہائی اہم راستہ ہے۔ شہر کی توسیع کے بعد اس سڑک پر ٹریفک بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور موتی نالے پر موجود قدیم تنگ پل اکثر ٹریفک جام کا سبب بنتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ میں پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کی ہنگامی میٹنگ
صبح و شام گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا، معمولی حادثات اور ٹریفک نظام درہم برہم ہونا یہاں کا معمول بن چکا تھا اسی مسلے کے پیش نظر اس نئے پل کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا گیا تھا۔ پل کا سلیب منہدم ہونے کے بعد کام کے معیار اور حفاظت پر سنگین سوال اٹھ رہے ہیں۔ واقعے کے بعد موقع پر شہریوں کا ہجوم جمع ہوگیا تھا ۔ بہوجن سماج پارٹی کے ضلع صدر بھیا پارے وار اور شہر صدر سندیش اہیرے نے کام کے معیار پر سخت سوال اٹھاتے ہوئے میونسپل کارپوریشن اور تعمیراتی محکمے کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ واقعے کی تکنیکی جانچ اور اس کے اصل اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی میونسپل میئر مایا دیوی پردیسی نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی)، متعلقہ ٹھیکیدار اور کام کرنے والوں سے بازپرس کی۔ میئر نے کارپوریشن کے انجینئر آر آر پاٹل کو حکم دیا کہ اس کام کا فوری آڈٹ کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔ نیز اس کی مکمل جانچ کر کے جو بھی قصوروار پایا جائے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔حادثے کے بعد فی الحال اس مقام پر تعمیراتی کام روک دیا گیا ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔