• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میں پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کی ہنگامی میٹنگ

Updated: November 05, 2026, 5:17 PM IST | ZA Khan | Nanded

اگست۲۰۲۷ء تک پانی کی فراہمی کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت، پانی ضائع کرنےپر سخت ایکشن۔

Mayor Kavita Santosh, the Municipal Commissioner, the Deputy Mayor, and other officials can be seen. Photo: INN
میئر کویتا سنتوش ،میونسپل کمشنر، ڈپٹی میئر اوردیگر افسر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

عالمی سطح پر ال نینو کے اثرات کے باعث اس سال مہاراشٹر سمیت ناندیڑ ضلع میں اوسط سے انتہائی کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں آبی ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ خشک سالی کی اس سنگین صورتحال کے پیش نظر ناندیڑ شہر میں دستیاب پانی کے محدود ذخیرے کو احتیاط اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے اگست۲۰۲۷ء تک بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

اسی صورتحال کے پیش نظر۴؍ نومبر۲۰۲۶ء  کو ناندیڑ واگھالہ سٹی میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں میئر کویتا سنتوش مولے کی صدارت میں ایک ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی فوڈے، ڈپٹی میئر دیپک سنگھ راوت،اور تمام جونیئر انجینئرز موجود تھے۔اجلاس کے آغاز میں سٹی انجینئر نے محکمہ آب رسانی کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات پیش کیں۔

بتایا گیا کہ شہر میں پانی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے ۱۰۹؍ غیر مجاز نل کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے۲۳۱؍ مقامات پر پائپ لائن کی لیکیج کی مرمت کی گئی، جبکہ عوامی مقامات اور دیگر جگہوں پر پانی کے غیر ضروری بہاؤ کو روکنے کے لئے ۸۰؍ نئے نل نصب کیے گئے۔ اسی طرح۱۲۱؍ غیر مجاز نل کنکشن بھی منقطع کیے گئے ہیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈنکین کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے روزانہ۲؍ ایم ایل ڈی گندے پانی کو صاف کرکے دوبارہ استعمال میں لانے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے۲۱؍ ریچارج پٹ تعمیر کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: تلجاپور میں معاشقے پر تنازع، ۱۸؍سالہ نوجوان کا بہیمانہ قتل

میئر کویتا سنتوش مولے نے کہا کہ رواں سال انتہائی کم بارش کے باعث آبی ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں شہر کو مسلسل پانی فراہم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لئے  آنے والے موسم گرما اور اگلے مانسون تک، یعنی اگست۲۰۲۷ء تک، دستیاب پانی کے ذخیرے کا منظم منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے۔انہوں نے شہر میں پیدا ہونے والے گندے پانی کو صاف کرکے باغبانی، تعمیراتی کاموں اور دیگر غیر گھریلو ضروریات کے لیے دوبارہ استعمال کرنے سے متعلق فوری طور پر عملی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔میئر نے حکام کو ہدایت دی کہ شہر میں کہیں بھی پانی کا رساؤ نہ ہونے پائے اور غیر قانونی نل کنکشن کے ساتھ ساتھ موٹر پمپ کے ذریعے غیر مجاز طور پر پانی کھینچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ آئندہ پانی کی قلت والے علاقوں میں ضرورت کے مطابق عارضی طور پر بورویل اور کنوؤں کو تحویل میں لینے اور ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرنے کے انتظامات ابھی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK