Inquilab Logo

دھولیہ: لالا سردار نگر کے نوجوانوں نے پائپ لائن کامسئلہ خود حل کرلیا

Updated: June 06, 2020, 4:26 PM IST | Dhule

مقامی انتظامیہ سے مسلسل شکایتوں کے باوجود کام نہ ہونے سے ناراض نوجوانوں نے خود ہی پائپ لائن درست کرلی ۔

Young people in the area rehabilitate the pipeline. Photo: INN
علاقے کے نوجوان پائپ لائن کو بحال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہری انتظامیہ اوراقلیتی علاقوں کے عوامی نمائندوں کی عدم توجہی کا خمیازہ شہر کے اقلیتی علاقوں کے عوام کو بھگتنا پڑتا ہے اور یہ عام بات ہو گئی ہے لیکن شہر کے دیوپور علاقے کے لالا سردار نگر کے نوجوانوں نے انتظامیہ اورعوامی نمائندوں کی خوشامد کرنے کے بجائے اپنے مسائل کا حل خود ڈھونڈ نکالا ۔ یہاں پینے کے پانی کی پائپ لائن علاقے سے گزرنے والے نالے ہوکر بستی میں آئی ہے۔انتظامیہ سے بارہا شکایت اور مقامی کارپوریٹروں سے پائپ لائن کا مسئلہ حل کرنے کی گزارش کرنے کے بعد بھی کوئی اقدام نہ کئے جانے سے ناراض علاقے کے نوجوانوں نے خود ہی مسئلہ حل کرلیا ہے۔ حالانکہ یہ عارضی طور پر ہوا ہے لیکن اس سے انتظامیہ کو جواب ضرور مل گیا ہے۔
 اس ضمن میں علاقے کے نوجوان آصف شیخ نے انقلاب کے نمائندے کو تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اینٹ بھٹی علاقے سے ان کے علاقے میں پینے کے پانی کی پائپ لائن آئی ہے۔دونوں علاقوں کے درمیان سے سوسی نالا گزرتا ہے۔اسی نالے میں سے پینے کی پائپ لائن آئی ہے۔ اس لئے کئی بار علاقے میں آلودہ اور بدبو دار پینے کا پانی سپلائی ہوتا ہے۔ بارش میں نالے کی سطح آب بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے ہر سال پائپ لائن ٹوٹ جاتی ہے۔ علاقے کے نوجوان ادھر ادھر سے سیمنٹ کے پائپ جمع کرکے اس لائن کو بحال کرتے ہیں ۔اس مرتبہ بھی یہی کیا گیا ہے ۔ 
   ادھر اس بارے میں کارپوریٹر سعید بیگ مرزا نے بتایا کہ اس علاقے سے متصل دیوپور شمشان بھومی کے پاس سے بڑی پائپ لائن سے متاثرہ علاقے کے لئے آٹھ انچ پائپ لائن اور ایل ایم سردار اسکول کے پاس سے گزرنے والی نئی پائپ لائن سے بھی اسی علاقے کے دوسری بستیوں میں ۸؍انچ پائپ لائن لائی جائے ۔ اس تعلق سے کام شروع ہے اور امید ہے کہ اس برسات میں علاقے کے نوجوانوں کو ایسا کوئی کام نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہری انتظامیہ اس پریشانی کا علم رکھتا ہے اور وہ مسئلے کے حل کیلئے کام کررہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK