انٹیگریٹڈ اسمارٹ سیفٹی سیکوریٹی سسٹم بنانے والے ساتویں جماعت کے ہونہار طالب علم ایان غلام سرورکا ریاستی سطح پر انتخاب۔
ایان غلام سرور کو اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
یہاں ضلع پریشد اردو اسکول نرڈانہ کیلئے یہ ایک نہایت مسرت اور فخر کی بات ہے کہ اس کے ہونہار طالب علم ایان غلام سرور نے ضلعی سطح کی سائنسی نمائش میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوم نمبر حاصل کیا۔ ایان غلام سرور نے سائنسی نمائش میں آگ، گھریلو گیس کے اخراج اور چوری جیسے واقعات سے بچاؤ اور ان کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جان و مال کے بڑے نقصانات کو روکنے کے مقصد سے ایک انٹیگریٹڈ اسمارٹ سیفٹی سیکوریٹی سسٹم پیش کیا۔ اس سائنسی ماڈل کو نمائش میں موجود سینئر کالج کے پروفیسروں نے بطور جج باریک بینی سے جانچا اور کڑے مقابلے کے بعد ایان غلام سرور نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے دوم انعام حاصل کیا۔
ایان کا سائنسی ماڈل جس پر اسے دوم انعام ملا ہے۔
اس کامیابی کے نتیجے میں ایان غلام سرور کا انتخاب۲۸؍جنوری ۲۰۲۶ء سے ناگپور میں منعقد ہونے والی ریاستی سطح کی سائنسی نمائش کیلئے کیا گیا ہے جہاں وہ ضلع دھولیہ کی نمائندگی کریں گے۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس ضلعی سطح کی سائنسی نمائش میں ضلع دھولیہ کے پرائیویٹ، میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد کے مختلف میڈیم اور انتظامیہ سے وابستہ نامور اسکولوں کے چھٹی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ نے ابتدائی گروپ میں شرکت کی۔ ایسے سخت اور مسابقتی ماحول میں ضلع پریشد اردو اسکول ،نرڈانہ کے طالب علم کی یہ کامیابی اردو میڈیم، ضلع پریشد اور سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے تاریخی، باعث ِ فخر اور قابلِ تحسین مانی جا رہی ہے۔
اس بابت اسکول کے صدر مدرس وسیم سر نے انقلاب کو بتایا کہ اللّہ پاک نے ایان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ایان کا انتخاب گزشتہ دنوں بنگلور اسروکیلئے ہوا تھا۔ایان نے پانچویں جماعت کے اسکالر شپ امتحان میں دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ضلع پریشد کے اس وقت کے سی ای او شوبھم گپتا نے اسکول کا دورہ کیاتھا تب ایان نے انہیںانگریزی میں بات چیت کرکے بہت متاثر کیا تھا۔وسیم سر نے اس ہونہار طالب علم کی قابلیت کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایان سے افسران اور گاؤں کی اہم شخصیات بہت متاثر ہوئی ہیں ۔ وسیم سر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ راشٹریہ ابھیان مہم۲۶-۲۰۲۵ء کے تحت ایان غلام سرور (جماعت ہفتم ) کا ایکسپوزر اسٹڈی ٹور کیلئے بیرون ریاست اور عزیر اشفاق حلوائی (جماعت ششم ) کا بیرون ضلع کیلئے انتخاب ہوا ہے۔انہوںنے ایان غلام سرور کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طالب علم کی گھر کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔اس کے والد سیمنٹ ٹرک کے ڈرائیور ہے لیکن اپنے بیٹے کی تعلیم کیلئے بہت بیدار اور فکر مند ہیں ۔اس کی قابلیت اور سائنس سے دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس بچے میں مجھے مستقبل کا سائنسداں نظر آرہا ہے۔
اس شاندار کامیابی پر اسکول کے اساتذہ، انتظامیہ، والدین اورعلاقے کے افرادنے ایان غلام سرور کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔