Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھولیہ: مالی دشواریوں کو ہراکر درزی کا بیٹا محمد کاشف سی اے امتحان میں کامیاب

Updated: July 09, 2025, 5:47 PM IST | Malegaon

محمد کاشف غلام ربانی نے اپنی اس حصولیابی کے ذریعہ دھولیہ شہر کے پہلے مسلم سی اے بننے کا شرف بھی حاصل کیا ہے۔

Muhammad Kashif. Photo: INN
محمد کاشف۔ تصویر: آئی این این

محمد کاشف غلام ربانی نامی ہونہار نوجوان نے سی اےفائنل امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ثابت کردیا کہ مصمم ارادہ، کچھ کر دکھانے کا جذبہ اور اپنی منزل کو پانے کا عزم ہو تو سب کچھ ممکن ہے۔ مشکل سمجھے جانیوالے امتحان میں کامیابی کےساتھ کاشف نے  دھولیہ شہر کے پہلے مسلم سی اے بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ اس نمایاں کامیابی پر ایڈو کیٹ شیخ زبیر نے انقلاب کو بتایا کہ ’’نامساعد حالات کے باوجود محمد کاشف کے والد غلام ربانی جو پیشے سے درزی ہیں نے بیٹے کی تعلیم کی راہ میں مالی دشواریوں کو حائل ہونے نہیں دیا۔انہوں نے خوب محنت کی ۔ کاشف نے چارٹرڈ اکاونٹنٹ بننے کے عزم کیساتھ پونے کا رخ کیا۔یہاں کی ’اسو سی ایشن آف انڈین چارٹرڈ اکاونٹنٹ فرم‘ میں آرٹیکل شپ کی اور بعد ازیں دھولیہ میں عاصم خان اسٹڈی سینٹر میں  سی اے فائنل کی تیاری کی۔‘‘
محمد کاشف نے بتایا کہ انہوں نے دھولیہ شہر کی محمدیہ بوائز اردو اسکول میں دہم تک تعلیم حاصل کی،  بارہویں  سائنس کی پڑھائی ایس ایس وی پی ایس کالج دھولیہ میں کی۔جے ہند کالج دھولیہ میں ایک سال بی کام کیا۔پھر آگے کی پڑھائی ترک کرکے پونے میں انعم اینڈ اسو سی ایٹ میں سی اے اعجاز سر کی رہنمائی میں سی اے کی تیاری کی۔پہلی کوشش میں انہوں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔سی اے بننے کے متعلق استفسار پر محمد کاشف نے کہا کہ’’ زیادہ تر بچے انجینئرنگ،  ٹیچر، وکالت  جیسے شعبوں میں جاتے ہیں، میں نے اس سے ہٹ کر اور سماج کا جائزہ لینے کے بعد سماج میں سی اے کی ضرورت کو محسوس کیا اور سی اے بننے کا فیصلہ کیا۔‘‘ معلوم ہوکہ محمد کاشف نے نامساعد حالات کے باوجود اس مشکل ترین امتحان کیلئے خوب محنت کی اور کامیابی حاصل کرکے ہی دَم لیا۔معلوم ہوکہ محمد کاشف نے سی اے امتحان میں کامیابی حاصل کرکے شہر دھولیہ میں پہلے مسلم سی اے بننے کا شرف حاصل ہوا ہے۔محمد کاشف قوم کے ان نوجوانوں کیلئے ایک مثال  ہیں جو غریبی یا تعصب کا شکوہ کرکے تعلیم چھوڑ دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK