• Tue, 27 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈکشنری ڈاٹ کام نے ’’Maxxing‘‘ کو سال ۲۰۲۶ء کا ’’ورڈ آف دی ایئر‘‘ قرار دیا

Updated: October 27, 2026, 2:20 PM IST | London

ڈکشنری ڈاٹ کام نے ’’میکسنگ‘‘ (Maxxing) کو سال ۲۰۲۶ء کا ’’ورڈ آف دی ایئر‘‘قرار دیا ہے، جو زندگی کے مختلف شعبوں میں خود کو بہتر بنانے اور زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اصطلاح خصوصاً نوجوانوں میں مقبول ہے اور صحت، ورزش، نیند اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت کئی شعبوں میں رائج ہو رہی ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ڈکشنری ڈاٹ کام نے ’’میکسنگ‘‘ (Maxxing) کو سال۲۰۲۶ء کا’’ ورڈ آف دی ایئر‘‘قرار دیا ہے۔ گارجین کی پیر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، یہ انتخاب انٹرنیٹ سے متاثر ہونے والی اس بڑھتی ہوئی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے، جس میں زندگی کے مختلف پہلوؤں کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ آن لائن لغت کے مطابق، ’’میکسنگ‘‘، جسے بعض اوقات ’’-میکسنگ‘‘ بھی لکھا جاتا ہے، لفظ ’’میکسمائزنگ‘‘ (Maximizing) کا مختصر روپ ہے۔ اس سے مراد کسی کام کو پوری صلاحیت کے ساتھ انجام دینا یا اسے زیادہ سے زیادہ بہتر بنانا ہے۔ اس اصطلاح کو جنریشن زید (Gen Z) اور جنریشن الفا (Gen Alpha) کے نوجوانوں میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ اب یہ ایک ایسی لچک دار سلیگ اصطلاح بن چکی ہے جسے اسم، فعل، صفت یا متعلقِ فعل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
اس کی مثالوں میں ’’جم میکسنگ‘‘ (Gymmaxxing) شامل ہے، جس سے مراد ورزش کے معمولات کو بہتر بنانا ہے۔ اسی طرح ’’ہیلتھ میکسنگ‘‘ (Healthmaxxing) صحت اور تندرستی کے طریقوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے، ’’سلیپ میکسنگ‘‘ (Sleepmaxxing) نیند کے معیار کو بہتر بنانے اور ’’ٹوکن میکسنگ‘‘ (Tokenmaxxing) مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے استعمال کو دانستہ طور پر زیادہ سے زیادہ بڑھانے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: لندن: آکسفورڈ اسٹریٹ ٹریفک کیلئے بند، صرف راہگیروں کیلئے کھلی رہے گی

ڈکشنری میڈیا گروپ، جو ڈکشنری ڈاٹ کام کا انتظام کرتا ہے، کے شعبۂ لغت نویسی کے ڈائریکٹر اسٹیو جانسن نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ’’میکسنگ‘‘ اس سال نمایاں طور پر سامنے آیا، کیونکہ یہ نہ صرف مختلف اقسام کے مضامین میں جگہ بنا رہا تھا بلکہ زندگی کے کئی مختلف شعبوں میں بھی استعمال ہو رہا تھا۔ یہ اصطلاح سیاسی پیغام رسانی میں بھی استعمال ہوئی ہے، جس کی ایک مثال ’’ہوم لینڈ میکسنگ‘‘ (Homelandmaxxing) ہے۔ اسی طرح ’’کوزی میکسنگ‘‘ (Cozymaxxing) کو تفریح، آرام اور آسائش کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کی کوششوں کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق، سال کے لفظ کا انتخاب سرچ ڈیٹا، سوشل میڈیا کے رجحانات، خبروں کی کوریج اور اس لفظ کی ثقافتی اہمیت کے تجزیے کی بنیاد پر کیا گیا۔ انسن نے بتایا کہ لغت نویسوں کی ٹیم سال بھر زیرِ نگرانی رکھے جانے والے الفاظ کی ایک فہرست تیار کرتی ہے۔ اس دوران ان الفاظ کے استعمال کی تعداد اور اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ وہ وسیع تر ثقافتی تبدیلیوں کی کس طرح عکاسی کرتے ہیں۔ 
یہ انتخاب ڈکشنری ڈاٹ کام کے سال۲۰۲۵ء کے لفظ ’’67‘‘ سے مختلف ہے۔ یہ ایک وائرل اصطلاح تھی، جس کا مطلب اکثر استعمال کرنے والوں کیلئے بھی واضح نہیں تھا۔ ۲۰۲۶ء کے دیگر حتمی امیدوارڈکشنری ڈاٹ کام نے انٹرنیٹ کلچر، سیاست، ٹیکنالوجی اور ذرائع ابلاغ کے وسیع تر رجحانات سے متعلق الفاظ کو حتمی امیدواروں کے طور پر منتخب کیا۔ ان میں ’’افورڈیبلٹی‘‘ (Affordability) شامل ہے، جو رہائش، اشیائے خورونوش، بچوں کی نگہداشت اور دیگر ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق تشویش کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ’’ڈیٹا سینٹر‘‘ (Data Center) کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا، کیونکہ مصنوعی ذہانت کو سہارا دینے والے بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے توسیع ہو رہی ہے۔ ایک اور اصطلاح ’’اَنک‘‘ (Unc) ہے، جو جنریشن زی اور جنریشن الفا کی سلیگ زبان میں ایسے عمر رسیدہ شخص کیلئے استعمال ہوتی ہے جسے غیر فیشن ایبل، غیر مقبول یا بدلتے وقت سے ناواقف سمجھا جاتا ہو۔ فہرست میں ’’اوڈیسی‘‘ (Odyssey) بھی شامل ہے، جس سے مراد ایک طویل اور واقعات سے بھرپور سفر ہے۔ کرسٹوفر نولن کی ۲۰۲۶ءمیں ہومر کی رزمیہ نظم پر مبنی فلمی تشکیل کے بعد اس لفظ کو دوبارہ ثقافتی توجہ حاصل ہوئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK