Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا بڑھتی عمر کے اثرات کو روکنے والی دوائیں شیفالی زری والا کی موت کا سبب بنیں؟

Updated: June 30, 2025, 4:50 PM IST | Madhulika Ramkottur | Mumbai

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ پر اسپتال نے اپنی رائے ’محفوظ‘ رکھی ہے لیکن ذرائع کے مطابق ان کا اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ جاری تھا جس کے تحت وہ ہر ماہ انجکشن لے رہی تھیں۔

Shefali Jariwala. Picture: INN
اداکارہ شیفالی زری والا۔ تصویر: آئی این این

’کانٹا لگا‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ شیفالی زری والا (۴۲) کی جمعہ کی رات کو اچانک موت نے فلم انڈسٹری کو صدمے سے دوچارکردیا ہے۔ اب ان کی موت کی جو وجہ ذرائع سے سامنے آرہی ہیں ، وہ بھی چونکادینے والی ہیں۔ 
  ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔ تاہم پولیس کی طرف سے ریکارڈ کئے گئے ان کے شوہر کے ابتدائی بیانات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کچھ عرصے سے ان کا ’اینٹی ایجنگ‘ ( بڑھتی عمر کےا ثرات روکنےکا) علاج چل رہا تھا اورذرائع کے مطابق وہ ہرماہ انجکشن لے رہی تھیں۔ لاش کے ساتھ پوسٹ مارٹم سینٹر بھیجے گئے پولیس پنچنامے اور دیگر کاغذات کے ساتھ یہ بیان منسلک تھا۔ 
 سنیچر کی سہ پہر آر این کوپر پوسٹ مارٹم سینٹر اور ایچ بی ٹی میڈیکل کالج کے فورینسک سرجنوں کی ایک ۵؍ رکنی ٹیم اور ایک فورینسک پیتھالوجسٹ نے شیفالی زری والا کی لاش کا دو گھنٹے طویل پوسٹ مارٹم کیا۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ’’ہم نے موت کی صحیح وجہ معلوم کرنے کیلئے فورینسک تجزیہ کیلئے ویسرا کے نمونے محفوظ کر لئے ہیں۔ تاہم ابتدائی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں `موت کی وجہ تعلق سے اپنی رائے ’محفوظ‘ رکھنے کا ذکر ہے۔ ‘‘
 شیفالی زری والا کی موت کے معاملے میں تازہ ترین پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان کی غیر متوقع موت کی وجہ مشکوک حالات نہیں بلکہ طبی وجوہات ہے۔ تفتیشی افسران اورفورینسک ماہرین نے ممکنہ وجہ کے طور پر صحت سے متعلق عوامل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اہم تفصیلات اکٹھی کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیفالی کئی برسوں سے اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ سے گزر رہی تھیں۔ ۲۷؍ جون کو رہائش گاہ پر مذہبی رسم (ستیہ نارائن پوجا)کیلئے اُپاس رکھنے کے باوجود انہوں نے مبینہ طور پر اپنا معمول کا انجکشن لگایا جس کی وجہ سے انہیں دل کا دورہ پڑا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق شیفالی نے۲۷؍جون کو گھر میں مذہبی تقریب کی وجہ سے اپاس ہونے کے باوجود اپنا ماہانہ اینٹی ایجنگ انجکشن لگایا تھا۔ ایک ذریعہ نے بتایا کہ رات ۱۰؍ اور۱۱؍ بجے کے درمیان مبینہ طور پر ان کی صحت تیزی سے گری، ان کا جسم کانپنے لگا اور وہ بے ہوش ہوگئیں۔ 
 پولیس نےاس تعلق سے حادثاتی موت کا کیس درج کیا ہے۔ تاہم پولیس ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ۲۰۲۰ء میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے نتیجہ کے پیش نظر وہ کسی بھی تنازع کی روک تھام کیلئے تمام طریقہ کار پر عمل کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK