بی جے پی نے لیڈر نے الزام لگایا کہ ٹھاکرے برادران کو ووٹر لسٹ میں ہندوئوں کے جعلی نام دکھائی دے رہے ہیں مسلمانوں کے نہیں؟ ادھو نے پوچھا یعنی جعلی نام ہیں؟
EPAPER
Updated: November 04, 2025, 9:06 AM IST | Mumbai
بی جے پی نے لیڈر نے الزام لگایا کہ ٹھاکرے برادران کو ووٹر لسٹ میں ہندوئوں کے جعلی نام دکھائی دے رہے ہیں مسلمانوں کے نہیں؟ ادھو نے پوچھا یعنی جعلی نام ہیں؟
                                بی جےپی لیڈر آشیش شیلار نے  ووٹرلسٹ میں دھاندلی کے معاملے میں آواز اٹھانے پر راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کو نشانہ بنانےکی کوشش کی مگر، ان کے موقف کی حمایت کر بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہا کہ ٹھاکرے بردران ووٹر لسٹ میں ہندوئوں کے جعلی ناموں پر شور مچا رہے ہیں لیکن مسلمانوںکے جعلی ناموں پر خاموش ہیں۔ آشیش شیلار کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نےکہاکہ آشیش شیلار کی تعریف کرنی چاہئے کہ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ووٹر لسٹ میں دھاندلی ہے ۔ اپنے بیان سے شیلار نے دیویندر فرنویس کو ’پپو‘ ثابت کر دیا۔ 
  یاد رہے کہ یکم نومبر کو مہا وکاس اگھاڑی سمیت پوری اپوزیشن نے ممبئی میں ایک مورچہ نکالا تھا اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ووٹرلسٹ سے جعلی ناموں کو حذف کرے۔ راج ٹھاکرے نے جعلی ناموںکے ثبوت بھی پیش کئے تھے۔ ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسی کو نشانہ بناتے ہوئے ممبئی بی جے پی کے صدر آشیش شیلار نے کہا کہ ’’ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹروں کو اعتراضات جمع کروانے اور معلومات حاصل کرنے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آپ (راج ٹھاکرے) سوئے ہوئے تھے ، آپ نے ان سہولیات کا فائدہ نہیں اٹھایا۔ اس کے علاوہ دھاندلیوں کو روکنے کیلئے الیکشن کمیشن نے بوتھ لیول ایجنٹ ( بی ایل اے) اور پولنگ ایجنٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ ‘‘ آشیش شیلار نے الزام لگایا ’’ راج ٹھاکرے نے ان رائج طریقوں کا استعمال نہیں کیا اور اب مسلمانوں کو خوش اور کچھ مخصوص طبقات کو خوش کرنے کیلئے وہ الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ ٹھاکرے براداران صرف ہندو اور دلت ووٹروں کے نام ہی جعلی ووٹروں کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کے جو جعلی نام ووٹر لسٹ میں ہیں ان پر وہ خاموش ہیں۔ ہندو اور دلت جعلی ووٹ ہوں تو’پھٹکا دو‘ اور اگر مسلم جعلی ووٹ ہوں تو پٹاخے بجائو کیا آپ کی پالیسی یہی ہے؟ ‘‘
   شیلار نے اس موقع پر روہت پوار کے اسمبلی حلقے کرجت۔ جام کھیڈ کی ووٹر لسٹ پیش کی اور کئی مسلم نام بتائے جو جعلی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیڑ، ساکولی اور ممبئی کے دھاراوی اسمبلی حلقے کی فہرست میں شامل کچھ مبینہ جعلی مسلم نام پیش کئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن قریب ہیں ا س لئے الیکشن کمیشن پر دبائو ڈالنے کی خاطر مہاوکاس اگھاڑی اور ایم این ایس  اس طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا ’’ اگر ووٹر لسٹ درست کرنا ہی ہے تو جس طرح بی جے پی الیکشن کمیشن کے ایس آئی آر پروگرام کی حمایت کی ہے اس طرح مہاوکاس اگھاڑی بھی اس کی حمایت کرے۔ 
ادھو ٹھاکرے کا جوابی حملہ
 آشیش شیلار کے ان الزامات کا جواب دینے کیلئے شیوسینا (ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے خود میدان میں آئے۔انہوں نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے کہا کہ آشیش شیلار کی تعریف کرنی چاہئے کہ انہوں نے ایک تیر سے دو نشانے لگائے۔ ایک تو اس بات کو تسلیم کر لیا کہ ووٹر لسٹ میں جعلی نام شامل ہیں اور دوسرے دیویندر فرنویس کو ’پپو‘ ثابت کر دیا۔‘‘ یاد رہے کہ حال ہی میں ادھو ٹھاکرے کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے نے راہل گاندھی کی طرز پر ایک پریس کانفرنس میں ووٹر لسٹ کی خامیاں اجاگر کی تھیں۔ اس پر دیویندر فرنویس نے کہا تھا کہ ’’ آدتیہ ٹھاکرے ایسے کام نہ کریں کہ لوگ انہیں مہاراشٹر کا پپو کہیں۔‘‘ اب جبکہ آشیش شیلار نے خود ووٹر لسٹ میں جعلی ناموں کا تذکرہ کیا ہے تو ادھو ٹھاکرے نے ’پپو‘ والے طنز کو فرنویس کی طرف پھیر دیا۔ 
  سابق وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ آشیش شیلار نے ثابت کیا کہ ووٹر لسٹ میں خامی ہے۔ چونکہ ان کا اٹھنا بیٹھنا ان لوگوں (مسلمانوں) میں زیادہ ہے اس لئے انہیں ان کے (جعلی ) نام ملے۔ ہم  ان لوگوں (ہندوئوں) کے ساتھ اٹھتے بیٹھے ہیں اس لئے ہمیں ان کے نام ملے۔ لیکن میں آشیش شیلار کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے کہ ہمت دکھائی اور مودی اور امیت شاہ سے لے کر دیویندر فرنویس تک سبھی کو جھوٹا قرار دیدیا۔ ‘‘  یاد رہے کہ ٹھاکرے برداران اور مہاوکاس اگھاڑی کے علاوہ کمیونسٹ پارٹیوں نے بھی ووٹر لسٹ میں گڑبڑے ہونے کا الزام لگایا ہے اور اسے درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔