یہ کہاوت عام ہے کہ کسی بھی کام کی شروعات اپنے گھر سے کرنی چاہیے اور اس کی عملی مثال کلیان کے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی حالیہ کارروائی میں دیکھنے کو ملی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اہلکارغیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
یہ کہاوت عام ہے کہ کسی بھی کام کی شروعات اپنے گھر سے کرنی چاہیے اور اس کی عملی مثال کلیان کے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی حالیہ کارروائی میں دیکھنے کو ملی ہے۔ عموماً یہ سوال ہمیشہ اٹھایا جاتا ہے کہ کیا پولیس والوں کے لئے کوئی اصول نہیں ہوتے؟ اور اصول توڑنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ لیکن اب کلیان کے محکمہ ٹریفک نے’ نو پارکنگ زون‘ میں کھڑی پولیس اہلکاروں کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کر کے نظم و ضبط کی جانب ایک مثالی قدم اٹھایا ہے۔
کلیان ریلوے اسٹیشن کے اطراف ٹریفک جام کا مسئلہ ہمیشہ سے ہی بہت پریشان کن رہا ہے جس سے گاڑیوں کے مالکان شدید اذیت میں رہتے ہیں۔اس علاقے میں ٹریفک جام کی بڑی وجوہات بے لگام رکشے، بڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ہیں جنہیں لوگ بے ترتیبی سے پارک کرتے ہیں اور پورا علاقہ ٹریفک جام میں پھنسا رہتا ہے۔اس صورت حال میں مزید اضافہ اس وقت ہوتا ہے جب اسی علاقے میں پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکلیں بھی بڑی تعداد میں لاپروائی سے کھڑی کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوتی ہے۔
اس مسئلے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ٹریفک نے ایک مؤثر قدم اٹھایا اور خود پولیس اہلکاروں کی پارک کی گئی موٹر سائیکلوں پر کارروائی کرتے ہوئے چالان جاری کئے ہیں۔اسٹیشن کے علاقے میں’ نو پارکنگ‘ میں کھڑی پولیس کی گاڑیوں پر بڑے پیمانے پر جرمانے کی کارروائی کی گئی ہے۔ اب جن پولیس اہلکاروں کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوا ہے انہیں بھی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے پاس یہ جرمانہ بھرنا پڑے گا۔اس سے قبل، شکایات آتی تھیں کہ ٹریفک پولیس کی کارروائی صرف عام شہریوں کی گاڑیوں پر ہوتی ہے لیکن اب ٹریفک پولیس کی جانب سے اپنے ہی پولیس محکمے پر نظم و ضبط لاگو کرنے کی یہ کوشش قابل تعریف ہے۔
ٹریفک پولیس کو امید ہے کہ یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے اسٹیشن کے علاقے کو ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات دلانے میں بڑی مدد ملے گی۔