• Sun, 12 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’لیز‘‘ چپس کا تاریخی نیا روپ: پیپسی کو کا ’’صحتمند امریکہ‘‘ کی جانب بڑا قدم

Updated: October 11, 2025, 9:02 PM IST | New York

پیپسی کو نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مشہور اسنیک برانڈ ’’لیز‘‘ Lay’s کو تقریباً ۱۰۰؍ سال میں سب سے بڑی تبدیلی دی جا رہی ہے۔ نئے ڈیزائن، صحت مند اجزاء، اور قدرتی ذائقوں کے ساتھ یہ برانڈ اب جدید طرزِ زندگی اور ’’امریکہ کو دوبارہ صحت مند بنائیں‘‘ مہم سے ہم آہنگ نظر آئے گا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

پیپسی کو نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ہر عمر کے صارف میں مقبول چپس ’’لیز‘‘ Lay’s کو ایک نئی شکل، زیادہ صاف ستھرا نسخہ اور جدید شناخت دی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ لیز کی ۱۰۰؍ سالہ تاریخ کی سب سے بڑی ری برانڈنگ ہے، جس کا مقصد صارفین کو صحت مند اور قدرتی اجزاء پر مبنی اسنیک فراہم کرنا ہے۔ خیال رہے کہ یہ اقدام ڈومینوز کے اپنے برانڈ کو دوبارہ ترتیب دینے کے اعلان کے صرف ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:انڈونیشیا کا عالمی ایونٹ کیلئے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار

’’امریکہ کو دوبارہ صحت مند بنائیں‘‘ مہم کے تحت بڑا قدم
امریکی میڈیا فاکس ۱۱؍ کے مطابق ۲۰۲۵ء کے آخر تک امریکہ میں دستیاب تمام بنیادی لیز مصنوعات مصنوعی ذائقوں اور رنگوں سے پاک ہوں گی۔ یہ تبدیلی امریکی حکومت کے ’’امریکہ کو دوبارہ صحت مند بنائیں‘‘ پروگرام کا حصہ ہے، جو برانڈز کو صاف اور قدرتی اجزاء اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایک اندرونی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ ۴۲؍ فیصد صارفین کو معلوم ہی نہیں تھا کہ لیز چپس اصلی آلو سے بنتے ہیں۔ پیپسی کو کیلئے یہ ایک ’’ویک اپ کال‘‘ ثابت ہوا، جس کے بعد کمپنی نے اپنے برانڈ شناخت کو زرعی جڑوں سے جوڑنے کا فیصلہ کیا۔ پیپسی کو کے یو ایس فوڈ بزنس کی سی ای او ریچل فرڈیننڈو نے کہا کہ ’’واقعی یہ ہمارے لئے ویک اپ کال تھا۔ صارفین کی توقعات بدل رہی ہیں، اور ہمیں ان کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:فرانس: میکرون نے سیاسی بحران کے بعد سیبسٹین لیکورنو کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کیا

صحت مند اجزاء کی شمولیت
نئی پالیسی کے تحت لیز بیکڈ چپس اب زیتون کے تیل سے تیار کئے جائیں گے، جس سے ان میں چربی کی مقدار نصف رہ جائے گی۔ اسی طرح کیٹل کوکڈ ریوڈوسڈ فیٹ سی سالٹ چپس میں ایوکاڈو آئل استعمال کیا جائے گا، جس سے ان میں ۴۰؍ فیصد کم چکنائی ہوگی۔ کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ۲۰۲۶ء تک اسی معیار کی مزید مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی، جن میں مصنوعی رنگ یا ذائقے شامل نہیں ہوں گے۔

نیا لوگو، نئی پیکیجنگ، نیا انداز
لیز کے نئے لوگو کو ایک ’’گرم، واضح سورج‘‘ کے تصور سے متاثر کیا گیا ہے، جو آلو کی نشوونما کی علامت ہے۔ پیکیجنگ کو بھی ’’لیز ریز‘‘ یعنی سورج کی کرنوں کے عنصر سے تازہ کیا گیا ہے۔ اب تھیلوں میں چمکدار کے بجائے دھندلا انداز ہوگا، تاکہ قدرتی اجزاء اور آلو کی اصل ساخت کو اجاگر کیا جا سکے۔ ہر بیگ پر ’’اصلی آلو کے ساتھ تیار‘‘ کی ٹیگ لائن کے ساتھ آلو اور مسالے کی واضح تصاویردی جائیں گی۔ برانڈ ماہر لورا برکیمپر نے اس تبدیلی کو ’’تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بصری کہانی سنانے کی ایک شاندار مثال ہے۔ نئی ٹائپ فیس، دھندلی پیکیجنگ، اور اصلی اجزاء پر فوکس یہ سب برانڈ کو یادگار بنا دیتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ کا چین پر مزید ۱۰۰؍ فیصد ٹیرف، امریکی اسٹاک مارکیٹ کریش

پیپسی کو پر بڑھتا دباؤ
یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب پیپسی کو فروخت میں مسلسل کمی کا سامنا ہے۔ صارفین بلند قیمتوں کے باعث اسنیکس کے استعمال میں کمی کر رہے ہیں۔ کمپنی کا شمالی امریکی فوڈ یونٹ جس میں لیز، ڈوریٹوز اور چیٹوز شامل ہیں۔ — پیپسی کو کی کل آمدنی کا ۶۰؍ فیصد حصہ فراہم کرتا ہے، تاہم ۲۰۲۲ء سے فروخت کے حجم میں کمی دیکھی گئی ہے۔

کلینر اسنیکنگ کی طرف پیش رفت
یہ قدم براہِ راست ’’امریکہ کو دوبارہ صحت مند بنائیں‘‘ تحریک سے مطابقت رکھتا ہے، جس کی قیادت سیکریٹری ہیلتھ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کر رہے ہیں۔ یہ مہم کمپنیوں کو مصنوعی رنگ، ذائقے، اور بیجوں کے تیل کے استعمال میں کمی پر زور دیتی ہے تاکہ امریکی صارفین کو زیادہ قدرتی اور محفوظ غذائیں فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK