نائر، کے ای ایم، کوپر اور دیگر اسپتالوں کے ڈاکٹر شریک ہوئے ۔مہلو ک کو انصاف دلانے ،اہل خانہ کو ۵؍کروڑمعاوضہ اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا مطالبہ کیا
EPAPER
Updated: November 04, 2025, 12:19 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
نائر، کے ای ایم، کوپر اور دیگر اسپتالوں کے ڈاکٹر شریک ہوئے ۔مہلو ک کو انصاف دلانے ،اہل خانہ کو ۵؍کروڑمعاوضہ اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا مطالبہ کیا
                                مہاراشٹر اسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹرس( مارڈ ) سے وابستہ ڈاکٹروں نے  پیر کو ستارا کی ڈاکٹر سمپدا منڈے کی خودکشی اور مجرموں پر کارروائی کیلئے ریاست گیر سطح پر زبردست احتجاج کیا ہے ۔اس میں شہرومضافات کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ’مارڈ ‘ سے وابستہ ڈاکٹربھی شامل تھے ۔   بی ایم سی اور ریاستی حکومت کے زیر سرپرستی چلائے جانے والے اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں ، طبی اسٹاف اور زیر تعلیم ڈاکٹروں نے اس معاملہ کی تفتیش میں شفافیت برتنے کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کو مالی مدد فراہم کرنے اور گھر کے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا بھی مطالبہ کیا  ۔ 
  ایک پولیس افسر اور اس کے ساتھی ملزم کے ذریعہ جنسی استحصال کرنے ، ذہنی و جسمانی طور پر ہراساں کرنے اور جھوٹی رپورٹ تیار کرنے پر مجبور کرنے کے سبب ستارا کے پھلٹن ڈسٹرکٹ کی ڈاکٹر سمپدا کی خود کشی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی تنظیم ’مارڈ ‘سے وابستہ نائر ، کے ای ایم ، کوپر ، سائن ، سیٹھ جی ایس میڈیکل کالج  اور دیگر اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے صبح ۱۱؍ بجے اور شام ۴؍ بجے  احتجاج کیا ۔مذکورہ سارے اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی اسٹاف نے   اس معاملہ میں شفایت سے جانچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے لئے او پی ڈی کی خدمات منقطع کر دیں    لیکن  ایمرجنسی   خدمات کے سلسلہ کو جاری رکھا گیا تھا ۔ 
  احتجاج کے دوران ڈاکٹروں نے پوسٹروں ، بینروں اور پمفلٹ پر ڈاکٹر وں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور انہں تحفظ نہ ملنے کے پیغامات درج کر رکھے تھے ۔ درج کردہ پیغام میں حکومت کو متنبہ اور مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’’تحفظ نہیں تو خدمات نہیں ،خاتون کا تحفظ سماج کا تحفظ ہے ،ہم سمپدا کیلئے انصاف چاہتے ہیں ، ڈاکٹروں کی زندگی کو ہمیشہ خطرہ لاحق ہے ،ہم تشدد نہیں انصاف چاہتے ہیں، بیٹی پڑھی پر بچ نہیں پائی ، ہمیں اور سمپدا کو انصاف نہیں ملا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔‘‘اس طرح کے کئی پیغامات کے ساتھ ڈاکٹروں نے احتجاج کرتے ہوئے یک زبان ہو کر یہ بھی کہا ہے کہ’’ جب تک ڈاکٹر سمپدا کو انصاف نہیں مل جاتا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔‘‘ 
  اس موقع پر کے ای ایم اسپتال  میں مارڈ کے صدر ڈاکٹر امر آگامے ،بی ایم سی مارڈ پریسیڈنٹ ڈاکٹر روہت مینا ، کوپر اسپتال  میں مارڈ ونگ کے ڈاکٹر نتین اور ڈاکٹر اسنیہا اور سائن اسپتال میں مارڈ کے پریسیڈنٹ روی سکپال نے اسپتال اسٹاف ، جونیئر ڈاکٹرس اور زیر تعلیم   ڈاکٹروںکے ساتھ مل کر اپنا احتجاج درج کرایا ۔ اس موقع پرممبئی مارڈ کے مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے حکومت سے ملزمین کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے جہاں ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج اور آئی پی ایس افسر کی سربراہی میں ایس آئی ٹی کے ذریعہ شفافیت سے جانچ کرانے کی اپیل کی ہے  وہیں حکومت سے   ڈاکٹرسمپدا کے اہل خانہ کو بطور معاوضہ ۵؍ کروڑ روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہےساتھ ہی ان کے اہل خانہ کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا بھی مطالبہ کیا   ہے ۔یہی نہیں مذکورہ معاملہ کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے کی بھی اپیل کی گئی ہے ۔
  ڈاکٹروں نے احتجاج کے دوران کہا کہ ’’ہمار ا احتجاج ڈاکٹر سمپدا کے ساتھ ساتھ تمام ڈاکٹروں کے تحفظ کا بھی ہے جنہیں ہر وقت جان کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ ڈاکٹر سمپدا کی موت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں کے وقار کو مجروح ہونے سے روکنے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پھر ناکام ثابت ہوئی ہے ۔‘‘
  ڈاکٹر سمپدا کو انصاف دلانے کیلئے شہر کے سبھی سرکاری اسپتالو ںکے ڈاکٹروں نے اسپتال احاطہ میں  پر امن ریلی نکالی اور پوسٹرس اوربینرس پر ڈاکٹروں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور ان کے تحفظ میں ناکامی کو درج کرکے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔