Inquilab Logo

ڈومبیولی عمارت سانحہ:ملبہ میں پھنسے ۲؍افراد کی موت، ایک زخمی

Updated: September 17, 2023, 11:24 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

جمعہ کی شام ڈومبیولی مشرق کے آئرے روڈ پر واقع گراؤنڈ پلیس ۳؍ منزلہ آدی نارائن عمارت سانحہ میں ۲؍ افراد کی موت جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہو گئی ہے۔

NDRF and fire brigade team tried to remove the debris.
این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیم ملبہ ہٹانے کی کوشش کرتی ہوئی۔

 جمعہ کی شام  ڈومبیولی مشرق کے آئرے روڈ پر واقع گراؤنڈ پلیس ۳؍ منزلہ آدی نارائن عمارت سانحہ میں ۲؍ افراد کی موت  جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہو گئی ہے۔این ڈی آر ایف ،ٹی ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے دیر رات تک ملبہ ہٹانے کا کام کیا۔کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے مطابق مذکورہ عمارت کو مانسون سے قبل مخدوش قرار دیتے ہوئے خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا بعدازاں ایک بار اور نوٹس دیا گیا لیکن ۵؍ سے ۶؍خاندان مخدوش عمارت میں رہائش پذیر تھے۔
 کے ڈی ایم سی کے وارڈ آفیسر اور ملازمین ۴۰؍سالہ قدیم ۳؍ منزلہ آدی نارائن بلڈنگ کو جمعہ کی صبح سے خالی کروا رہے تھے کہ اچانک شام ساڑھے ۴؍ بجے کے قریب عمارت زمین بوس ہو گئی۔میونسپل انتظامیہ کے عملہ نے پہلے  بتایا کہ ملبے میں ۲؍ افراد دبے ہوئے ہیں بعدازاں ۳؍ افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کی تصدیق کی گئی۔  
 حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ ، این ڈی آر ایف اور ٹی ڈی آر ایف کی ۳؍ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور  رات ۸؍بجے سنیل  اور ان کی بیوی دپتی  کو زخمی حالت میں ملبے سے باہر نکال کر اسپتال پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے سنیل  کو مردہ قرار دے دیا۔رات ساڑھے ۱۰؍ بجے این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ملبے سے  اروند بھاٹکر کی لاش باہر نکالی۔دیر رات تک ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔
شعیب ملک حادثہ سے ۵؍منٹ قبل باہر نکلا تھا
 دوسری جانب آدی نارائن عمارت سے متصل ایک چال کو بھی نوٹس دے کر خالی کروایا گیا تھا تاہم ایک مکان میں شعیب ملک نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ رہتا تھا۔بلڈنگ گرنے سے محض ۵؍ منٹ قبل ہی وہ گھر سے باہر نکلا تھا جب وہ لوٹ کر آیا تو دیکھا کہ اس کا مکان پوری طرح ملبے کے نیچے دب گیا تھا۔عمارت منہدم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی رکن اسمبلی راجو پاٹل نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔میڈیا سے بات  چیت کرتے ہوئے راجو پاٹل نے کہا کہ کلیان اور ڈومبیولی میں اس طرح کی کئی مخدوش عمارتیں ہیں جن میں لوگ رہتے ہیں۔سرکار کو صرف کلسٹر اسکیم نہیں بلکہ الہاس نگر کی طرز پر پرانی عمارتوں کو منہدم کرکے نئی عمارت بنانے کی اجازت دینی چاہیے۔

dombivli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK