• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈومبیولی: ایک ہی گھرکے ۲؍نوجوان منشیات کی لت کا شکار

Updated: October 10, 2026, 12:03 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivli|

والد کا کم عمرلڑکوں کو کھلے عام نشیلی اشیاء فروخت کئے جانے کا الزام، دوسروں کے بچوںکو بچانے کی اپیل۔

Vishwas Gaikwad showing a photograph of his sons. Photo: INN
وشواس گائیکواڑ اپنے بیٹوں کی تصویر دکھاتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
ڈومبیولی،( اعجاز عبدالغنی): شہر میں نشے کے بڑھتے ہوئے مکروہ جال نے اب معصوم اور نوسال نوجوانوں کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔ ایک جانب جہاں انتظامیہ جرائم کی روک تھام کے دعوے کرتی نظر آتی ہے وہیں دوسری جانب گلی محلوں میں زہر کا یہ کاروبار بے خوف و خطر پنپ رہا ہے جس نے سیکڑوں خاندانوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ ڈومبیولی (مشرق) سے سامنے آیا ہے جہاں منشیات کے دھندے نے ایک ہی گھر کے ۲؍ بیٹوں کو اپنی گرفت میں لے کر پورے خاندان کو بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئرے روڈ سے متصل دت نگر کے علاقے میں منشیات کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔نشہ آور اشیاء کی انتہائی آسان دستیابی کے باعث ہر طبقے کے گھرانوں کے بچے اور کم سن نوجوان تیزی سے اس لت کا شکار ہو رہے ہیں۔اس سنگین صورتحال سے دل برداشتہ ہوکر مقامی رہائشی وشواس گائیکواڑ نے مقامی رام نگر پولیس اسٹیشن سے فوری اور سخت ترین اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے فریاد کی ہے کہ نئی نسل کو اس دلدل میں غرق ہونے سے بچایا جائے۔
وشواس گائیکواڑ نے درد بھرے لہجے میں بتایا کہ ان کا کم سن بیٹا تنشک نشے کا عادی ہو گیا تھا۔ منشیات کی زیادہ مقدار لینے کی وجہ سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ مسلسل ۱۸؍ گھنٹے تک بے ہوشی کی حالت میں رہا۔ڈاکٹروں کی بروقت اور انتھک طبی امداد کے باعث اس کی جان بچ سکی وہ اب بھی زیر علاج ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا بھی اسی لت کا عادی ہو چکا ہے۔اپنے دونوں بچوں کی صحت اور زندگی کو برباد ہوتے دیکھ کر انہوں نے عزم کیا کہ وہ دیگر والدین کو اس اذیت سے بچانے کے لئے منشیات مافیا کے خلاف کھل کر آواز اٹھائیں گے۔
متاثرہ بچوں کے باپ نے الزام عائد کیا ہے کہ دت نگر اور آئرے روڈ پر کم عمر لڑکوں کو کھلے عام منشیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ نشہ کہاں سے لایا جاتا ہے اور کن مقامات پر یہ مکروہ دھندا چلایا جا رہا ہے ان تمام اہم باتوں کی تفصیلی معلومات ان کے بیٹے نے پولیس کو فراہم کر دی ہیں۔گائیکواڑ نے پولیس حکام سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی گہرائی سے تفتیش کی جائے اور سپلائر و ڈیلرز کو فوری گرفتار کیا جائے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دت نگر بااثر سیاسی رہنماؤں کا مسکن ہے اور یہاں ان کی روزمرہ نقل و حرکت رہتی ہے اس کے باوجود منشیات کے کاروبار کا بلا خوف پھیلنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK