ڈونالڈ ٹرمپ کا متنازع ’’ ون بگ بیوٹی فل بل‘‘ کانگریس سے منظور ہو گیا ہے، اس بل میں تقریباً ساڑھے چار کھرب ڈالر کی ٹیکس میں کمی اور میڈیکئڈ اور فوڈ اسٹیمپس جیسے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں تخفیف شامل ہے۔
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 9:05 PM IST | Washington
ڈونالڈ ٹرمپ کا متنازع ’’ ون بگ بیوٹی فل بل‘‘ کانگریس سے منظور ہو گیا ہے، اس بل میں تقریباً ساڑھے چار کھرب ڈالر کی ٹیکس میں کمی اور میڈیکئڈ اور فوڈ اسٹیمپس جیسے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں تخفیف شامل ہے۔
امریکی کانگریس نے جمعرات کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساڑھے چار کھرب ڈالر کے ٹیکس میں کمی اور اخراجات کم کرنے کے پیکیج کو منظور کر لیا، جس کا سرکاری عنوان ’’ ون بگ بیوٹی فل بل‘‘ ہے۔ ریپبلکن اکثریت والی ایوانِ نمائندگان نے اس قانون سازی کو ۲۱۴؍ کے مقابلے میں ۲۱۸؍ ووٹوں کے معمولی فرق سے منظور کیا، جس کے بعداس بل کو دستخط کے لیے ٹرمپ کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ یہ بل اس ہفتے کے اوائل میں سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہو چکا تھا اور نظرثانی شدہ ورژن پر حتمی ووٹنگ کے لیے ایوانِ زیریں (ہاؤس) میں واپس آیا تھا۔ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق، اس بل میں ٹرمپ کی پہلی مدتِ صدارت میں نافذ کردہ تقریباً ساڑھے چارکھرب ڈالر کی ٹیکس میں کمی اور اضافی ٹیکس چھوٹ شامل ہے۔ تاہم، ٹیکس آمدنی میں یہ کمی سماجی حفاظتی جال کے پروگراموں، جیسے کہ میڈیکئڈ ہیلتھ انشورنس پروگرام اور فوڈ سٹیمپس (غذائی سہولت) میں تخفیف کے ذریعے پوری کی جائے گی۔بل میں قومی سلامتی میں تقریباً۳۵۰؍ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور دستاویزات کے بغیر رہنے والے تارکین وطن کی ملک بدری کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، توقع ہے کہ یہ قانون سازی ایک عشرے کے دوران امریکہ کے خسارے میں ۳؍ اعشاریہ ۴؍ کھرب ڈالر کا اضافہ کرے گی۔فوج اور سرحدی سلامتی کے اخراجات میں اضافے کو فنڈ فراہم کرنے کے لیے، اس بل میں صاف توانائی اور برقی گاڑیوں کی وفاقی سبسڈی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ اقدام ٹرمپ اور ارب پتی تاجر ایلون مسک، جو ان کے سابق حامی تھے، کے درمیان رنجش کی ایک وجہ تھا۔بل کی منظوری کے بعد، ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ۴؍ جولائی کو امریکہ نہ صرف یومِ آزادی منائے گا بلکہ ملک کے نئے سنہری دور کا بھی جشن منائے گا۔انہوں نے کہاکہ ’’ریاستہائے متحدہ امریکہ کے عوام پہلے سے کہیں زیادہ امیر، محفوظ اور فخر محسوس کریں گے۔‘‘
ایک الگ پوسٹ میں، ٹرمپ نے ’’ ون بگ بیوٹی فل بل‘‘ کواب تک کے سب سے اہم بلوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ ’’ امریکہ اب تک کا سب سے زیادہ پرکشش ملک ہے۔‘‘ تاہم، ڈیموکریٹس نے اس بل کو ’’سرمایہ دارانہ بہاؤ کی بے رحمی‘‘ قرار دیا ہے۔ اے پی کی رپورٹ کے مطابق ان کا دعویٰ ہے کہ یہ بل امیروں کو ٹیکس مراعات دینے کے برابر ہے، جبکہ غریب امریکیوں کو زیادہ غیر محفوظ چھوڑ دے گا۔ڈیموکریٹ لیڈر حکیم جیفریز نے کہاکہ ’’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ہاؤس فلور پر کھڑے ہو کر کہوں گا کہ یہ ایک مجرمانہ منظر ہے۔ جو امریکی عوام کی صحت، سلامتی اور بہبود کو نشانہ بنا رہا ہے۔‘‘