Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آئی فون ہندوستان میں نہیں امریکہ میں بنائے جائیں‘‘

Updated: May 16, 2025, 10:54 AM IST | Agency | Doha

ایپل کے سی ای او ٹم کُک کو امریکی صدرڈونالڈٹرمپ کا مشورہ، کہا:میں نہیں چاہتا کہ ایپل کی مصنوعات وہاں بنائی جائیں۔

Trump can be seen giving a speech in Doha. Photo: INN
ٹرمپ کو دوحہ میں تقریر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایپل کے سی ای او ٹم کک سے کہا ہے کہ ہندوستان میں فیکٹریاں لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ وہاں ایپل کی مصنوعات بنیں۔ ہندوستان خود کو سنبھال سکتا ہے۔ ٹرمپ نے جمعرات کو قطرکے دارالحکومت دوحہ میں کاروباری لیڈروں کے ساتھ ایک تقریب کے دوران ایپل کے سی ای او کے ساتھ اس بات چیت کےبارے میں معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ ایپل کو اب امریکہ میں پیداوار بڑھانا ہوگی۔ 
 ساتھ ہی ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیں تجارت میں صفر ٹیرف ڈیل کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہم سے تجارت میں کوئی فیس لینے کو تیار نہیں۔ 
۵۰؍فیصدآئی فونز ہندوستان میں بنتے ہیں 
 ایپل کے سی ای او ٹم کک نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ امریکی مارکیٹ میں فروخت ہونے والے آئی فونز کا۵۰؍فیصد ہندوستان میں تیار کیا جا رہا ہے۔ کک نے کہا کہ ہندوستان اپریل - جون سہ ماہی میں امریکہ میں فروخت ہونے والے آئی فونزکا اصل ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مصنوعات جیسے ایئر پوڈز، ایپل واچ بھی زیادہ تر ویتنام میں تیار کی جا رہی ہیں۔ 
۲۰۲۶ءتک، سالانہ ۶؍کروڑ آئی فونزملک میں تیار ہونگے
 • فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ایپل ایک طویل عرصے سے اپنی سپلائی چین کو چین سے باہر منتقل کرنے پر کام کر رہا ہے تاکہ اس پر انحصار کم کیا جا سکے۔ اگر ایپل اس سال کے آخر تک اپنی اسمبلی کو ہندوستان منتقل کرتاہے، تو ۲۰۲۶ء سے ہر سال یہاں ۶؍کروڑ سے زیادہ آئی فون تیار کیے جائیں گے۔ یہ موجودہ صلاحیت سے دوگنا ہے۔ اس وقت آئی فون کی تیاری میں چین کا غلبہ ہے۔ ۲۰۲۴ءمیں کمپنی کی عالمی آئی فون کی ترسیل کاتقریباً ۲۸؍فیصد حصہ چین کا متوقع تھا۔ 
ایک سال میں آئی فون کی پیداوار میں ۶۰؍فیصد اضافہ ہوا
 مارچ۲۰۲۴ءسےمارچ ۲۰۲۵ءتک ایپل نے۲۲؍ بلین ڈالر(تقریباً۱ء۸۸؍لاکھ کروڑروپے) مالیت کے آئی فونز ہندوستان میں بنائے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ۶۰؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس مدت کے دوران، ایپل نے ہندوستان سے۱۷ء۴؍بلین ڈالر(تقریباً۱ء۴۹؍لاکھ کروڑ روپے) کے آئی فون برآمدکیےہیں۔ ساتھ ہی، دنیا میں ہر۵؍میں سے ایک آئی فون اب ہندوستان میں تیار ہو رہا ہے۔ ہندوستان میں آئی فونز تمل ناڈو اور کرناٹک کی فیکٹریوں میں بنائے جاتے ہیں۔ 
ہندوستان میں فوکس کون زیادہ پیداوار کرتا ہے
 فوکس کون ایپل کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ پارٹنر ہے۔ اس کے علاوہ ٹاٹا الیکٹرانکس اور پیگاٹرون بھی مینوفیکچرنگ کرتی ہیں۔ ہندوستان میں اس کی پیداوار کی ایک وجہ یہ بھی ہے یہاں اس کی فروخت بھی بڑھ رہی ہے۔ آئی فون اب ہندوستان کے ابھرتے ہوئے متوسط طبقے میں ایک فیشن کی چیز بن چکاہے۔ اس لیے یہاں مارکیٹ کےبڑھنے کی امید ہے۔ 
ٹرمپ نے کیا کہا؟
مجھے کل ٹم کک کے ساتھ تھوڑی پریشانی ہوئی تھی۔ میں نے ان سے کہا، ٹم، تم میرے دوست ہو، میں نےتمہارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا، تم ۵۰۰؍بلین ڈالر لے کر آ رہے ہو، لیکن اب میں نے سنا ہے کہ تم پورے ہندوستان میں پیداوار کر رہے ہو۔ میں نہیں چاہتا کہ آپ ہندوستان میں پروڈکشن کریں۔ اگر آپ ہندوستان کا خیال رکھنا چاہتے ہیں تو آپ ہندوستان میں تیار کرسکتے ہیں کیونکہ ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف والے ممالک میں سے ایک ہے۔ ہندوستان میں فروخت کرنا بہت مشکل ہے، اور انہوں نے ہمیں ایک معاہدے کی پیشکش کی ہے جہاں وہ ہم سے کوئی ٹیرف وصول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ میں نے ٹم سے کہا، ٹم، دیکھو، ہم نے آپ کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا، ہم نے آپ کے چین میں بنائے گئے تمام پلانٹس کو برسوں تک برداشت کیا، اب آپ کو امریکہ میں (آئی فون) تیار کرنا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ آپ ہندوستان میں تیار کریں۔ ہندوستان اپنا خیال خود رکھ سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK