Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈونالڈ ٹرمپ کا حیدرآباد میں سڑک کا نام ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو رکھنے پرحکومت کا شکریہ

Updated: June 27, 2026, 7:36 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جنوبی ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے سے متصل ایک سڑک کا نام ’’ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو‘‘ رکھے جانے پر تلنگانہ حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، اور کہا کہ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہیں اس طرح کا اعزاز ملا ہے۔

A photo from the ceremony to name a road after Trump. Photo: X
ٹرمپ کے نام سڑک کئے جانے کی تقریب کی ایک تصویر۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جنوبی ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے سے متصل ایک سڑک کا نام ’’ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو‘‘ رکھے جانے پر تلنگانہ حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، اور کہا کہ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہیں اس طرح کا اعزاز ملا ہے۔ٹرمپ نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر یہ تبصرہ کیا، اور تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ ملی بھٹی وکرمارکا اور ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور کی اس ہفتے کے شروع میں تقریبِ نقاب کشائی کی تصویر شیئر کی۔ٹرمپ نے کہا،’’ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں نیا ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو، اس طرح اعزاز پانے والے پہلے امریکی صدر۔ شکریہ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹرمپ کے دور اقتدار میں آئی سی ای کی حراست میں اموات میں ۱۴۰؍فیصد اضافہ

واضح رہے کہ یہ سڑک، جو فنانشل ڈسٹرکٹ میں  پہلے نانک رام گوڈا میں’’ یو ایس قونصل خانہ روڈ‘‘ کے نام سے جانی جاتی تھی، کو منگل کو باضابطہ طور پر نیا نام دیا گیا۔ یہ سڑک امریکی قونصل خانے سے متصل ہے اور مائیکروسافٹ، گوگل اور ایمیزون سمیت بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر کے قریب واقع ہے۔تقریبِ نقاب کشائی گور اور وکرمارکا نے فریڈم ۲۵۰؍پروگرام کے دوران کی، جو امریکی آزادی کی۲۵۰؍ ویں سالگرہ کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا۔
بعد ازاںامریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس خصوصی اقدام سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کا احترام ظاہر ہوتا ہے اور یہ ہند-امریکی تعلقات میں ایک سنگِ میل کے طور پر حیدرآباد کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔جبکہ سفیر گور نے دوطرفہ تعلقات میں حیدرآباد کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’ہائی ٹیک سٹی سے لے کر ایرو اسپیس اور دفاع تک، یہ خطہ ترقی کی نمائندگی کرتا ہے جو ہند-امریکی دو طرفہ رفتار کو متعین کر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے تلنگانہ حکومت کا اس اقدام پر شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا،’’میں تلنگانہ حکومت کا سڑک کا نام ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو رکھنے پر تہہ دل سے شکرگزار ہوں، یہ ایک ایسا اشارہ ہے جو مضبوط اور باوقار شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے جس کی صدر ٹرمپ نے امریکہ کے لیے وکالت کی ہے۔‘‘
مزید برآں دو طرفہ معاشی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے گور نے کہا، ’’ہمارے عبوری تجارتی معاہدے اور مشن انڈیا کے ساتھ، جو امریکہ میں۲۰؍ بلین ڈالر سے زائد کی نئی سرمایہ کاری لانے کے راستے پر ہے، ہم ثابت کر رہے ہیں کہ’’ امریکہ فرسٹ‘‘ کا مطلب امریکہ اکیلے نہیں ہے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ وکرمارکا نے امریکی عوام کو ان کی۲۵۰؍ ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی اور تلنگانہ کو ہند-امریکی تعلقات میں ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔اس کے ساتھ ہی حیدرآباد میں اپنی پہلی یومِ آزادی کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے، امریکی قونصل جنرل لورا ولیمز نے کہا کہ حیدرآباد کا ایرو اسپیس، دفاع، مصنوعی ذہانت اور بائیو فارما میں جدت کا ماحولیاتی نظام، جو تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اودیشہ تک پھیلا ہوا ہے، عالمی مستقبل کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے، اور قونصل خانہ صلاحیتوں اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بین الاقوامی عدالت کے تین ججوں کا امریکی پابندیوں کے خلاف مقدمہ

واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت میں ہند-امریکی تعلقات کو مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ واشنگٹن نے ہندوستانی اشیاء پر زیادہ محصولات عائد کیے، نئی دہلی پر روسی تیل کی خریداری پر جرمانہ عائد کیا، اور پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو مضبوط کیا۔حالانکہ ٹرمپ نے اپنے کسی بھی دورِ صدارت میں حیدرآباد کا دورہ نہیں کیا، جبکہ سابق امریکی صدور بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش دونوں اس شہر کا دورہ کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹرمپ اور وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ ہفتے فرانس میں جی۷؍ سربراہ اجلاس کے موقع پر ملے، جہاں انہوں نے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK