Inquilab Logo

کریمنل ٹرائل کا سامنا کرنے والے پہلے سابق صدر ٹرمپ پیر کو عدالت میں پیش ہوئے

Updated: April 16, 2024, 12:00 PM IST | Agency | New York

اسکینڈل سے بچنے کیلئے رقم کی ادائیگی کے معاملے میں  ٹرمپ کو اگلے ڈیڑھ ماہ تک ہفتے میں چار دن عدالتی کارروائی کے دوران حاضر رہنا ہوگا۔

Donald Trump can be seen with his team during the court appearance in New York. Photo: INN
نیویارک کی کورٹ میں پیشی کے وقت ڈونالڈٹرمپ اپنی ٹیم کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پیر کو نیویارک کی کریمنل کورٹ میں  پیش ہوئے۔ جہاں  ۲۰۱۶ء کی انتخابی مہم میں کسی اسکینڈل سے بچنے کیلئے ایک پورن اسٹار کو رقم کی خفیہ طور پر ادائیگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ خیال رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں اور جرم ثابت ہونے پر اُنہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ پیر کو ٹرمپ کے وکلا، استغاثہ اور جسٹس جوآن مرچن نیویارک کی عدالت آئے۔ اس کیس سے متعلق شواہد سننے کے لئے جیوری کا انتخاب کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ :وزیراعظم رشی سونک کی عید ملن پارٹی کی مخالفت،اسرائیل کی حمایت کے سبب بائیکاٹ

دھیان رہے کہ ٹرمپ رواں سال نومبر کے انتخابات میں ممکنہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ہیں اور اگلے ڈیڑھ ماہ کے دوران ہفتے میں چار دن ہونے والی اس عدالتی کارروائی کے دوران عدالت میں موجودگی کے پابند ہوں گے۔ سابق صدر عدالتی کارروائی کے دوران اپنے دفاع کیلئے گواہی دینے کے بھی مجاز ہوں گے، تاہم اس کا انحصار استغاثہ کے دلائل اور شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔ ٹرمپ اپنے خلاف ہونے والی عدالتی کارروائی پر برہمی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’پیر کو مجھے ایک ایسے بدعنوان جج کے سامنے زبردستی بیٹھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جن کی مجھ سے نفرت کی کوئی حد نہیں ہے۔ ‘‘
 اس مقدمے کی سماعت کے دوران تقریباً ڈیڑھ ماہ تک ٹرمپ کا کمرۂ عدالت میں ہونا ضروری ہے جس سے لگتا ہے کہ۷۷؍ سالہ امیدوار اپنی انتخابی مہم سے کافی دیر تک دور رہیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK